خطبہ نکاح فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 06 اپریل 2015ء بروز سوموار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاح کا اعلان فرمایا:۔
خطبہ مسنونہ کی تلاوت کےبعدحضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔
اس وقت مَیں ایک نکاح کا اعلان کروں گا جو عزیزہ نور عودہ بنت مکرم عبد القادر عودہ صاحب کا ہے، جو آج کل گھانا میں رہتے ہیں، سیریا کے حالات کی وجہ سے گھانا شفٹ ہوئےہوئےہیں۔ اوریہ نکاح عزیزم فائز نوشیروان احمد ابن مکرم مبارک احمد صاحب ظفر ایڈیشنل وکیل المال لندن کے ساتھ تین ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔
جیسا کہ تعارف سے پتا لگ گیا ہےیہ دونوں خاندان، ایک سیرین عرب ہیں، دوسرے پاکستانی اوریجن کے ہیں اور دونوں کے یقیناً رہن سہن، گھر کے طور طریقے اور طبیعتوں میں فرق ہو گا ۔ اللہ تعالیٰ نے ہم پر یہ بڑا احسان کیا ہے کہ اس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ماننے کی توفیق عطا فرمائی اور ہم ان لوگوں میں شامل ہو گئے جن کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو الہام بھی فرمایا تھا کہ اُمّتِ واحدہ بنانا ہے۔ تو یہ اُمّت واحدہ جو بنی ہے اس کا ایک رنگ اس طرح بھی پورا ہو رہا ہے کہ مختلف علاقوں کے لوگ، مختلف قوموں کے لوگ آپس میں رشتے بھی طے کر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت سے رشتے اس طرح جو بھی طے ہوئے ہیں بڑے کامیاب بھی ہیں اور آئندہ آگے نسلیں بھی ان کی احمدیت پر قائم اور کامیابی سے زندگی گزارنے والی ہیں ۔ اللہ کرے کہ یہ قائم ہونے والا رشتہ بھی ہر لحاظ سے بابرکت ہو اور دونوں خاندان ایک دوسرے کو سمجھنے والے ہوں۔ لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کی طبیعتوں کو سمجھتے ہوئے،ایک دوسرے کے جذبات ،احساسات کا خیال رکھنے والے ہوں اور حقیقی رنگ میں وہ نمونہ دکھائیں جو ایک احمدی کا ہونا چاہیے اور جس کی ایک احمدی سے توقع کی جاسکتی ہے۔ ان چند الفاظ کے بعد اب میں نکاح کا اعلان کروں گا۔ لڑکی کے وکیل مکرم مسلم الدروبی صاحب ہیں ۔
حضور انور نے مکرم مسلم الدروبی صاحب سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا:
Musallam El Droubi Sahib you don’t understand Urdu??
اس کے بعد حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور لڑکی کے وکیل سے انگریزی میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
رشتہ کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کر لیں۔
(مرتبہ:۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ۔انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن