نمازجنازہ حاضر وغائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 16فروری 2017ء بروز جمعرات نماز ظہرسے قبل حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکر مہ رضیہ جاوید صاحبہ(اہلیہ مکرم غلام مرتضیٰ صاحب مرحوم۔لندن) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
مکر مہ رضیہ جاوید صاحبہ(اہلیہ مکرم غلام مرتضیٰ صاحب مرحوم۔لندن)
14 فروری2017ء کو 71 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ بہت نیک، مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں ۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں ۔آپ مکرم چوہدری ناز احمد ناصر صاحب (وکالت تبشیر لندن) کی ہمشیرہ اور مکرم چوہدری نصیر احمد صاحب (سیکرٹری مجلس کارپرداز ربوہ) کی خالہ تھیں۔
نماز جنازہ غائب:
1۔مکرم نعمت اللہ صدیقی صاحب (آف یوایس اے )
11 جنوری 2017ء کو 97 سال کی عمر میں وفات پاگئے ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت ماسٹر فقیر اللہ صاحب رضی اللہ عنہ کے بیٹے تھے۔ بطور Ship Caption آپ کو بذریعہ Ship مولوی امام دین صاحب مبلغ سلسلہ کو انڈونیشیا پہنچانے کی خدمت بجالانے کی توفیق ملی۔ آپ مجلس انتخاب خلافت کے ممبر تھے اور خلافت خامسہ کے انتخاب میں شامل ہوئے۔ مرحوم کو خلافت سے پیار اور نظام جماعت کا انتہائی احترام تھا۔ آپ نے فلاڈلفیا جماعت میں لمبا عرصہ بطور سیکرٹری رشتہ ناطہ خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
2۔مکرم شیخ محمود احمد انور صاحب (ربوہ)
11 اکتوبر 2016ء کو 65 سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، سادہ مزاج ،مخلص اور باوفاانسان تھے۔1977ء میں خدام الاحمدیہ ربوہ میں سب سے پہلے کامرس ادارہ کی بنیاد رکھی اور لمبا عرصہ کمپیوٹر ٹریننگ کی خدمت بجالاتے رہے۔ جامعہ احمدیہ ربوہ کے طلباء کو بھی ٹائپنگ سکھاتے رہے۔ محترم محمود احمد بنگالی صاحب(سابق صدر خدام الاحمدیہ مرکزیہ ) کی عاملہ کے ممبر کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔
3۔مکرمہ فضل بی بی صاحبہ ( اہلیہ مکرم محمد صادق صاحب۔ سیالکوٹ)
29 دسمبر 2016ء کو 92 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ناخواندہ ہونے کے باوجود کافی جماعتی علم رکھتی تھیں ۔جماعت اور خلافت سے بہت پختہ تعلق تھا۔ جماعتی روایات کی بہت قدر کرتی تھیں۔ مالی قربانی میں پیش پیش رہتی تھیں۔ ان کی یہ خوبیاں ان کے بچوں میں بھی جاری ہیں۔
4۔مکرمہ عزیزہ بیگم صاحبہ(طاہر آباد۔ربوہ)
19 جون 2016ء کو 63 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ جماعت سے وابستگی آپ کی اولین ترجیح ہوتی۔ صوم وصلوۃ کی پابند ،بہت صابر ہ و شاکرہ خاتون تھیں۔اپنے بچوں کی اچھی تربیت کی۔ جماعت اور لجنہ کے ہرپروگرام میں بڑی باقاعدگی سے شامل ہوتی تھیں۔
5۔مکرم عبد اللطیف بھٹی صاحب ( گوجرانوالہ)
20 ستمبر 2016ء کو 77 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے مقامی جماعت میں لمبا عرصہ بطور صدر اور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق پائی۔ آپ بہت نرم مزاج ، ملنسار اور ہر دلعزیز انسان تھے۔چندوں میں باقاعدہ تھے۔ آپ نے مسجد کے لئے بھی جگہ پیش کرنے کی توفیق پائی ۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین۔