جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کے جلسہ سالانہ کا کامیاب و بابرکت انعقاد
(عبد الستار خان امیر جماعت احمدیہ گوئٹے مالا)
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کا 28واں جلسہ سالانہ 19-18-17 نومبر 2017ء کو مسجد بیت الاوّل گوئٹے مالا میں بخیروخوبی منعقد ہوا۔ اس جلسہ میں امریکہ، کینیڈا، کولمبیا، کوسٹاریکا، پانامہ،بلیز،ایل سالوادور، ہندوراس اور میکسیکو کُل 9 ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔ تینوں روز نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم، درس حدیث اور تحریرات مسیح پاک علیہ السلام کا درس دیا جاتا رہا۔ کُل حاضری قریباً 180 تھی جبکہ گزشتہ سال 135 تھی۔ دو افراد کو محض اللہ کے فضل سے بیعت کرنے کی توفیق نصیب ہوئی۔
مؤرخہ 17 نومبر کو محترم مولانا خلیل احمد مبشر صاحب مربی انچارج کینیڈا نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز ظہر و عصر پڑھائی۔ بعدازاں دوپہر کے کھانے سے فراغت کے بعد ساڑھے تین بجے تقریب پرچم کشائی منعقد کی گئی۔
محترم مولانا اظہر حنیف صاحب نمائندہ حضوراقدس ایدہ اللہ تعالیٰ و مبلغ انچارج امریکہ نے لوائے احمدیت لہرایا اور خاکسار نے قومی پرچم لہرانے کی سعادت حاصل کی اور اسلام کی سربلندی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔
بعدازاں جلسہ کے پہلے سیشن کا آغاز بصدارت محترم مولانا اظہر حنیف صاحب نمائندہ حضوراقدس و نائب امیر یوایس اے کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت مکرم عبدالکمال صاحب آف بیلیز کو حاصل ہوئی اور اس کا سپینش ترجمہ مکرم اسماعیل Checeve نے کیا۔
مکرم سلیمان Rodriguez صاحب نے سیّدنا حضرت مسیح پاک علیہ السلام کا منظوم کلام ’’خدا کے پاک لوگوں کو خدا سے نصرت آتی ہے‘‘ پڑھ کر سنائی۔
بعدازاں سپینش زبان میں خاکسار نے سیّدنا حضرت اقدس خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا پیغام پڑھ کر سنایا جس کے بعد محترم مولانا اظہر حنیف صاحب نے افتتاحی تقریر فرمائی۔
مکرم رانا نعمان احمد صاحب مبلغ سلسلہ میکسیکو نے ’’جہاد کی حقیقت‘‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء ادا کی گئی اور ڈنر سے احباب کی تواضع کی گئی۔
دوسرے روز 18 دسمبر کو ساڑھے نو بجے جلسہ کے دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور مکرم عمارالناصر صاحب مربی سلسلہ نے سیّدنا حضرت مسیح پاک علیہ السلام کی پاکیزہ تحریرات سپینش زبان میں پڑھ کر سنائیں۔
بعدازاں مکرم ظاہر احمد صاحب مربی سلسلہ ہندوراس نے ’’تبلیغ کی اہمیت‘‘پر تقریر کی اور مکرم David Gomzalez صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ گوئٹے مالا نے ’’موجودہ زمانہ کی برائیوں سے بچاؤ اور پاکیزگی کے طریق‘‘ پر اظہار خیال کیا۔
مکرم نعمان رانا صاحب مربی سلسلہ میکسیکو نے ’’خدمت دین‘‘ پر تقریر کی۔ بعدازاں سوال و جواب کا وقفہ تھا۔ نماز ظہروعصر کی ادائیگی کے بعد احباب کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
تیسرے اجلاس کا آغاز 3 بجے سہ پہر تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ مکرم عطاءالمنان صاحب مربی سلسلہ کینیڈا نے ’’صفاتِ الٰہیہ‘‘ پر تقریر کرنے کی سعادت حاصل کی۔
جس کے بعد مکرم فائز احمد صاحب واقف زندگی نے ’’سیرۃالنبی صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ پر تقریر کی توفیق پائی۔
محترم مولانا خلیل احمد صاحب مبشر مبلغ انچارج کینیڈا نے ’’ایک مثالی احمدی‘‘ کے موضوع پر مؤثر خطاب کیا۔ اور نماز مغرب و عشاءادا کرنے کے بعد احباب کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
19 نومبر جلسہ سالانہ کا آخری روز تھا۔ اس اجلاس میں شرکت کے لئے غیرمسلموں اور زیرتبلیغ احباب کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
محترم عمر اکبر صاحب مربی سلسلہ بلیز نے تلاوت قرآن کریم کرنے کی سعادت حاصل کی۔ جس کا سپینش ترجمہ محترم امام ابراہیم Checeve صاحب از میکسیکو نے پیش کیا۔
محترم David Gomzalez صاحب نے حاضرین کو خوش آمدید کہا جس کے بعد خاکسار نے ’’اسلام امن کا مذہب ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر کرنے کی سعادت حاصل کی۔
بعدازاں ’’خدمت انسانیت اور ہیومینٹی فرسٹ‘‘ کے عنوان سے مکرم David Gonzalez صاحب نے اظہار خیال کیا اور ویڈیو کے ذریعہ خدمت انسانیت کے مناظر دکھائے۔
جس کے بعد تین غیرمسلم حضرات نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔
= مکرم پروفیسر Edmundo Lopez
= مکرم Julio Alvarado، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز۔ نمائندہ مورمن (Mormon)
= مکرم Peter Hormanader ۔
انہوں نے جماعت اور ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات کو سراہا۔
بعدازاں محترم مولانا اظہر حنیف صاحب نے مؤثر اختتامی خطاب کیا اور احباب کو سوالات کرنے کا موقعہ دیا گیا۔ کئی افراد نے اس میں حصہ لیا اور مبلغین سلسلہ کے پینل نے جوابات دیئے۔ جس کے اختتام پر مکرم فضل قریشی صاحب آف USA نے حضرت مسیح پاک علیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا جس کے بعد دنیا میں قیام امن کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ اور جملہ حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس دوران مبلغین سلسلہ اور احمدی داعیان الی اللہ نے غیرمسلم اور زیرتبلیغ احباب کے ساتھ تبلیغی گفتگو اور تعارف بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اور مستقل رابطہ کے لئے ان کے ایڈریس حاصل کئے۔ نیز جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیا گیا۔
ظہرانہ سے فراغت کے بعد باجماعت نماز ظہر وعصر ادا کی گئی۔
دیگر کوائف
آخری روز بیرون ملک اور گوئٹے مالا کے دُوردراز علاقوں سے تشریف لانے والے مہمانان کرام کو ’’ناصر‘‘ ہسپتال اور ایک تاریخی شہر "Antiqua Guatemala” کی سیر کروائی گئی۔
ممالک کی نمائندگی
1۔ امریکہ = 2 افراد
2۔ کینیڈا = 4 افراد
3۔ میکسیکو = 30 افراد
4۔ بلیز (Beliz)= 8 افراد
5۔ ہندوراس = 5 افراد
6۔ کوسٹاریکا = 3 افراد
7۔ پانامہ = 2 افراد
8۔ کولمبیا = 1 فرد
9۔ ایل سالوادور = 1 فرد
گوئٹے مالا کا ایک دُوردراز کا علاقہ Cabon ہے وہاں سے 17 نَومبایعین دس گھنٹے کا تکلیف دِہ سفر کرکے پہنچے۔
صفائی و تزئین
جلسہ کے ایام میں صفائی و تزئین کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
جلسہ کے انتظامات
قریباً دو ماہ پہلے انتظامات شروع کردیئے گئے۔ دعوت نامے ارسال کئے گئے۔ بذریعہ فون یاددہانی کروائی گئی۔
امسال 75 افراد کو مشن ہاؤس۔ گیسٹ ہاؤس و مسجد میں ٹھہرایا گیا اور مسجد سے ملحقہ ایک بلڈنگ میں کرایہ پر 40 افراد کی رہائش کا انتظام کیا گیا۔
قریباً 120 افراد کے روزانہ ناشتہ اور دوپہر و شام کے کھانے کا انتظام پانچ روز تک کیا گیا۔
کھانے کے جملہ انتظامات محترمہ صدر صاحبہ لجنہ Marta Maria نے اپنی ٹیم کے ساتھ کئے۔
رہائش اور اشیاء کی خریداری کی ذمہ داری مکرم فائز احمد صاحب واقف زندگی نے ادا کی۔ ان کے ساتھ عمارالناصر مربی سلسلہ نے بھرپور تعاون کیا۔
مسجد و مشن ہاؤس و گیسٹ ہاؤس سفیدی و تزئین کی خدمت خدام خصوصاً سلیمان Rodriguez و یوسف صاحب کو بجالانے کی توفیق ملی۔
ٹرانسپورٹ و دیگر انتظامات مکرم David Gonzalez نے کئے۔
جلسہ سے ایک روز قبل لجنہ کا یک روزہ اجتماع منعقد کیا گیا۔
میکسیکو اور Cabon سے آنے والے نَومبایعین اور زیرتبلیغ افراد کے ساتھ مؤرخہ 16 نومبر کو تفصیلی مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ نیز کھانے کے وقفہ کے دوران بھی تبلیغی و تربیتی گفتگو ہوتی رہی۔
جلسہ کے بارہ میں مہمانوں نے عمدہ تأثرات کا اظہار کیا جو الگ پیش کئے جائیں گے ۔ انشاء اللہ۔
٭…٭…٭