نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 20؍دسمبر 2017ء بروز بدھ نماز ظہر و عصر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکرم عبدالمجید خان صاحب (ابن مکرم عبدالحمید آصف صاحب مرحوم آف فیصل آباد)حال لندن کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم عبدالمجید خان صاحب (ابن مکرم عبدالحمید آصف صاحب مرحوم آف فیصل آباد)حال لندن

11 دسمبر 2017 کو 62 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ کراچی، سرگودھا، فیصل آباد اور ربوہ میں قیام کے دوران آپ کو جماعت کے مختلف شعبوں میں خدمت کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ بہت مخلص، نیک اور دعا گو انسان تھے۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرمہ امۃ الحمید احمد صاحبہ اہلیہ مکرم الحاج شیخ نصیر الدین احمد صاحب مرحوم(مبلغ سلسلہ افریقہ و استاد جامعہ احمدیہ ربوہ)

22 نومبر 2017ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم عبد الحمیدخان صاحب کی بیٹی تھیں جو کہ مکرم ڈاکٹر حشمت اللہ خان صاحب کے بھتیجے تھے۔ 1954 ء میں اپنے میاں اور ایک بیٹی کے ساتھ نائیجیریا چلی گئیں ۔وہاں لجنہ کی تربیت اور بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق پائی۔اس کے بعد سیرالیون میں رہیں اور وہاں بھی لجنہ میں درس وتدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، کثرت سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی نیک، مخلص اوربزرگ خاتون تھیں۔ جلسہ پر آنے والے مہمانوں کی بہت شوق۱ ور اخلاص کے ساتھ خدمت کیاکرتی تھیں۔اپنے بچو ں کی بہت اچھے رنگ میں تربیت کی۔ آپ کے میاں اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے جب دوبارہ نائیجیریا اور پھر زیمبیا روانہ ہوئےتواس دوران آپ نے اکیلے ہی اپنے بچوں کی پرورش کی ۔پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے چار بچے مختلف رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

2۔مکرمہ نفیسہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم سعید احمد صاحب مرحوم (کراچی)

طویل علالت کے بعد بقضا ئے الٰہی 91سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ محترم غلام احمد صاحب بدوملہی (مربی سلسلہ) کی بڑی بہو تھیں۔ تحریک جدید کے دفتر اوّل کی مجاہدہ تھیں۔ اپنے حلقہ میں سیکرٹری مال اور سیکرٹری تحریک جدید کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔نیز شاہ فیصل کالونی میں بطور صدر لجنہ بھی خدمت بجالاتی رہیں۔ بچوں کو قرآن کریم پڑھایا کرتی تھیں اور علاقے کے غیر احمدی بچے بھی آپ کے پاس قرآن پڑھنے کے لئے آتے تھے۔ خدمت خلق کا جذبہ کُوٹ کُوٹ کر بھرا ہوا تھا۔دوسروں کے کام کرکے خوشی محسوس کرتی تھیں۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بچے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کا ایک پوتا جامعہ احمدیہ میں تعلیم حاصل کررہا ہے۔

3۔مکر م ڈاکٹر منیر احمد صاحب ابن مکرم ڈاکٹر محمد شفیع صاحب مرحوم (فیصل آباد)

4نومبر 2017 ء کو ہارٹ اٹیک سے 48سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند، بہت نیک اور باوفا انسان تھے۔ اپنی جماعت میں ناظم اطفال، قائد خدام الاحمدیہ اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ جماعت اور خلافت کے لئے بہت غیرت رکھتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔

Mrs Xui Zhay Ying-4(آف صوبہ Anhui چین)

19نومبر2017ء کو ہارٹ اٹیک کی وجہ سے 75/76 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے 2003ء میں بیعت کی تھی اور جماعت کے ساتھ بہت اخلاص کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔آپ محترم محمد عثمان چو صاحب (انچار ج مرکزی چینی ڈیسک ) کی اہلیہ کی سب سے بڑی بہن تھیں۔

5۔مکر م لطیف احمد کھوسہ صاحب(بحریہ ٹاؤن حب۔ کراچی)

16جون 2017 ء کو 52سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نماز کے پابند، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے، چندہ جات میں باقاعدہ،بہت دیندار، ہنس مکھ، مہمان نواز اورہمدرد انسان تھے ۔ جماعتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ نوافل اور صدقات کی عادت تھی۔ ایم ٹی اے سے بڑا لگاؤ تھا اور حضورانور کا خطبہ بڑی باقاعدگی سے سنتے تھے ۔ اپنی اولاد کی بہت اچھی تربیت کی ۔

6۔مکر م محمد احمد خورشید صاحب ابن مکرم خورشید احمد صاحب (57 گھیالہ ضلع فیصل آباد)

27 اکتوبر 2017 ء کو 49سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق قادیان کے قریبی گاؤں بھینی بھانگرسے تھا۔ بطور صدرجماعت خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، بہت سادہ، منکسرالمزاج، بےنفس، بے ریا، سچائی کا ساتھ دینے والے غریب پرور انسان تھے ۔ خلافت کے ساتھ اچھا تعلق تھا۔ چندوں میں باقاعدہ تھے اور ہر جماعتی کام کو ذمہ داری سے سرانجام دیتے تھے۔آپ محکمہ پولیس میں ہیڈکانسٹیبل تھے۔

7۔مکر م ملک محمد سلیم صاحب ابن مکرم محمد ابراہیم صاحب۔ سابق صدر جماعت (بھڑتانوالہ ضلع سیالکوٹ)

10 اکتوبر2017 ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو چھ سال بطور صدر جماعت خدمت کی توفیق ملی۔ مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے ۔ مختلف جماعتی وتنظیمی خدمات کی توفیق پائی ۔

8۔مکر م خضر حیات چیمہ صاحب ابن مکرم غلام قادر صاحب۔ (چک نمبر84/Fتحصیل حاصل پور ضلع بہاولپور)

4 اکتوبر 2017 ء کو 85سال کی عمر میں وفات پاگئے ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو تین سال بطور صدر جماعت اور دوسال بطور زعیم انصار اللہ خدمت کی توفیق ملی ۔ واقفین زندگی کے ساتھ بڑا محبت وپیار کا تعلق تھا۔ مہمان نواز ، غریب پرور، بکثرت صدقہ و خیرات کرنے والے، پانچ وقت کے نمازی، تہجدگزار ، دعا گو اور بزرگ انسان تھے۔

9۔مکر م بشیر احمد شاہد صاحب ابن مکرم حشمت علی صاحب (دارالرحمت شرقی ۔ربوہ)

23 اگست 2017 ء کو 64سال کی عمر میں وفات پاگئے ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ کافی عرصہ سے بیمار چلے آرہے تھے۔ آپ کے دو بیٹے واقف زندگی ہیں ۔بہت مخلص، باوفا اور خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق رکھتے تھے۔ بچوں کی بہت اچھی تربیت کی۔ ساری اولاد فرمانبردار اور خلافت کی شیدائی ہے ۔آپ ربوہ میں لمبا عرصہ کراچی ہئیر ڈریسر کےنام سے کام کرتے رہے۔

10۔مکرمہ جمیلہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکر م مشتاق احمد شائق صاحب (ٹورانٹو ۔کینیڈا)

4 نومبر 2017 ء کوبقضا ئے الٰہی وفات پاگئیں ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم چوہدری محمد عبداللہ صاحب مرحوم کی نواسی اور محترم چوہدری محمد عبدا لرزاق صاحب کی بیٹی تھیں۔ سادہ مزاج خاتون تھیں۔ گزشتہ پانچ چھ سال سے صاحبِ فراش تھیں۔چندہ جات میں باقاعدہ ، بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button