بینن کے پوبے شہر میں ریجنل جلسہ کا کامیاب اور بابرکت انعقاد
رپورٹ مبارک احمد نعیم مبلغ سلسلہ بینن
پوبے ریجن میں محض خدا تعالیٰ کے فضل سے تین دہائیاں پہلے کچھ افراد کو احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔اور خدا کے فضل سے آج ان چند افرادکے قافلے کو خدا نے سینکڑوں اور پھر ہزاروں میں تبدیل کر کے احمدیت کو پوبے ریجن کے بیشتر دیہات میں قائم کر دیا ہے۔
پوبے شہر بینن کے جنوب میں واقع ہے اور ساتھ ہی قریباََ 10 کلو میٹر دور نائیجیریا کا بارڈر شروع ہو جاتا ہے۔ اس علاقے میںفرنچ کے علاوہ کثرت کے ساتھ لوکل زبانیں یوروبا (youruba)اور ناگو) (nagoبولی جاتی ہیں۔احمدیت کی آغوش میں آنے والے اکثر لوگ Youruba اورHauri دو قوموں سے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے پوبے ریجن کو مورخہ 24اور25 فروری 2018 کو اپنا جلسہ منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوئی ۔ جلسہ سالانہ پوبے کا آغاز خاکسار کی زیرِ صدارت بروز ہفتہ صبح 9:45 بجے تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا ۔ تلاوت کے بعد قصیدہ حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام (یا عین فیض اللہ )کے چند اشعاردو اطفال نے خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔
بعد ازاں پہلی تقریر مکرم رزاق اول صاحب لوکل مشنری نے ــ. پیشگوئی مصلح موعود اور آپ کی تحریکات پر کی۔ اس کے بعد دوسری تقریر (جماعتِ احمدیہ کا قیام Ketou میں) کے موضوع پر مکرم ابراہیم صاحب عرف بابا عیشولا ( کیتو کے پہلے احمدی) نے کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اپنے احمدیت قبول کرنے کے واقعات بتائےکہ تمام تر مخالفت کے باوجود، مخالفین کے آپ کو قتل کرنے کی ناکام کوشش اور زہر دینے کے باوجود خدا تعالیٰ نے کس طرح مسیحِ موعود علیہ السلام کے خادم کی حفاظت فرمائی۔بعد ازاں تیسری تقریر مالی قربانی کا نظام اور نظامِ خلافت کے موضوع پر خاکسار نے کی۔اس کے بعد دعا کے ساتھ پہلے سیشن کا اختتام ہوا۔
دوپہر کے کھانے اور نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد جلسہ کے دوسرے سیشن کا آ غاز ہوا جو کہ مکرم Aruni Rafiuo صاحب کی زیرِ صدارت تھا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد دو خدام نے قصیدہ حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے چند اشعار پڑھ کر سنائے۔
دوسرے سیشن کی پہلی تقریر احمدی کے اخلاق اور ہمسایوں کے حقوق کے موضوع پر مکرم لقمان آشینی صاحب نے کی۔ دوسری تقریر مکرم ابراہیم عبدالعزیز صاحب لوکل مشنری نے دس شرائطِ بیعت اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر کی۔دوسرے سیشن کی آخری تقریر مکرم Aruni Rafiou صاحب نے احمدیت کا قیام آجاورے میں کے موضوع پر کی۔
اس کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔نمازوں کے بعد پروگرام سوال و جواب کی ایک نشست منعقد کی گئی۔یہ پروگرام قریباََ 10:00 بجے ختم ہوا۔اس کے بعد رات کا کھانا پیش کیا گیا۔
25 فروری بروز اتواردن کا آغاز باجماعت نمازِ تہجد کے ساتھ کیا گیا۔اور نمازِ فجر کے بعد( احمدی والدین کی ذمہ داریاں )کے موضوع پر درس پیش کیا گیا۔
9:30 بجے تیسرے اور اختتامی سیشن کا آغاز مکرم رانا فاروق احمد صاحب امیرجماعت بینن کی زیرِ صدارت ہوا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد ایک مقامی احمدی خادم نے حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کی نظم( حمدو ثنا اُسی کو جو ذات جاودانی )کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب بینن نے اختتامی تقریر میں نظامِ خلافت اور حقیقی احمدی کی ذمہ داریوں پر نصائح سے نوازا۔اوراختتامی دعا کروائی۔الحمدللہ۔جلسہ میں پوبے ریجن کی29 جماعتوں سے 226 افراد نے شرکت کی۔خداتعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلسہ میں شامل ہونے والے تمام افراد کے ایمانوں کو بڑھائے۔اور خلافتِ احمدیہ سے ہمیشہ ہم سب کا پختہ تعلق قائم رہے۔ آمین۔