جماعت احمدیہ کریباتی (پیسفک) کے قیام کے تیس سال بعدپہلے دو روزہ تاریخی جلسہ سالانہ 2017ء کا بابرکت انعقاد
کے تاریخی سال میں جزائرکریباتی کی پہلی مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر بھی مکمل ہوئی۔
جلسہ سالانہ میں کریباتی کے صدر کے نمائندہ سمیت کُل 242 افراد کی شمولیت۔
علماء کرام کی تقاریر اور دروس کے ذریعہ تربیتی مساعی۔ نمائش کے ذریعہ اسلامی تعلیمات کی تبلیغ۔
(رپورٹ خواجہ فہد احمد مبلغ سلسلہ۔ انگریزی سے ترجمہ محمود احمد ملک)
خط استوا پر واقع پیسفک کے 33 جزائر پر مشتمل ایک چھوٹا سی مملکت ’’ریپبلک کریباتی‘‘ واقع ہے۔ اس کا دارالحکومت جنوبی تراوا (South Tarawa) ہے جو کہ نیم دائرہ کی شکل کا ایک جزیرہ ہے۔ اس جزیرے کی لمبائی قریباً 60 کلومیٹر ہے جبکہ اوسط چوڑائی صرف 450 میٹر ہے۔ کریباتی کی آبادی ایک لاکھ دس ہزار سے زیادہ ہے جس کی اکثریت دارالحکومت میں ہی مقیم ہے۔ آبادی کی اکثریت عیسائی ہے جن میں 56 فیصد کا تعلق رومن کیتھولک چرچ اور 46فیصد کا تعلق کریباتی پروٹسٹنٹ چرچ سے ہے جبکہ پانچ فیصد Mormonsہیں۔
قریباً تیس سال قبل 1987ء میں حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ کی ہدایت پر محترم مولانا حافظ جبریل سعید صاحب کو بطور مبلغ سلسلہ اس علاقہ میں بھجوایا گیا تاکہ وہ کریباتی کے علاوہ دیگر قریبی جزیرہ نُما ریاستوں (طوالو اور مارشل آئی لینڈز وغیرہ) میں تبلیغ و تربیت کے امور سرانجام دے سکیں۔ بعدازاں 2017ء کے تاریخی سال میں پہلے تو سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جماعت احمدیہ امریکہ نے کریباتی کے دارالحکومت ’ساؤتھ تراوا‘ میں پہلی مسجد تعمیر کرنے کی توفیق پائی جس میں ڈیڑھ سو سے دو سو افراد کے نماز اداکرنے کی سہولت موجود ہے۔ مسجد کے ساتھ مشن ہاؤس کی عمارت اورمبلغ کی رہائشگاہ بھی تعمیر کی گئی ہے۔
2017ء اس پہلو سے بھی کریباتی میں جماعت احمدیہ کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کیونکہ اس سال پہلی مرتبہ جماعت احمدیہ کریباتی نے اپنے نمائندہ کو برطانیہ میں منعقد ہونے والے مرکزی جلسہ سالانہ میں شرکت کے لئے بھجوانے کی توفیق پائی۔ اسی طرح یہاں کے دو دیگر احمدیوں نے ذاتی حیثیت میں بھی جلسہ سالانہ میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ جلسہ سالانہ برطانیہ کے روحانی ماحول میں چند روز گزارنے اور حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ سے شرفِ ملاقات حاصل کرنے کے نتیجہ میں ان احباب میں ایسے پاکیزہ اثرات پیدا ہوئے کہ واپس اپنے وطن آنے کے بعد ان تینوں احمدیوں نے کریباتی میں بھی پہلے جلسہ سالانہ کے انعقاد کے لئے اپنی مخلصانہ کوششوں کا آغاز کردیا۔ اور اس طرح جماعت احمدیہ کریباتی کے قیام کے قریباً تیس سال بعد یہاں پر جماعت احمدیہ کو اپنا پہلا بابرکت جلسہ سالانہ 3 اور 4نومبر2017ء (بروز جمعۃالمبارک اور ہفتہ) کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
یہ جلسہ سالانہ دارالحکومت تراوا کے سپورٹس کمپلکس (Betio Village)میں منعقد ہوا۔ اس پہلے تاریخی جلسہ کا مرکزی خیال خداتعالیٰ کے پاکیزہ نام ’’السلام‘‘ کے حوالہ سے رکھا گیا تھا۔ چنانچہ ’’God – the Source of Peace‘‘ کے عنوان سے کریباتی زبان میں بینر تیار کرکے نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بھی مقامی زبان میں متعدد بینرز تیار کرکے جلسہ گاہ کی زینت بنائے گئے تھے۔
اس جلسہ سالانہ میں مارشل آئی لینڈز سے 8 اور مائیکرونیسیا کے مختلف جزائر سے 3 احباب شامل ہوئے۔ مائیکرونیسیا (Micronesia) مغربی پیسفک کے چند جزائر پر مشتمل چار ریاستوں کے اتحاد کا نام ہے۔ ان معزز مہمانوں نے مقامی جماعت کے احباب کو لنگرخانہ مسیح موعود کے نظام اور مہمان نوازی کے آداب سے بھی عملی طور پر آگاہ کیا۔ جلسہ گاہ کی تیاری نیز اختتام پر وائنڈاَپ کے لئے ایک شعبہ قائم کیا گیا تھا جنہوں نے مقامِ جلسہ کی صفائی اور اس کو ناریل اور پام (Palm) کے درختوں کے پتوں سے سجانے کے لئے بھی خوب محنت کی۔
جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل عوام الناس اور احباب جماعت کو مطلع کرنے کے لئے اور شرکت کی دعوت دینے کے لئے بھی ایک شعبہ قائم کیا گیا تھا۔ اس شعبہ کے تحت جو مختلف ذرائع اس مقصد کے لئے اختیار کئے گئے اُن میں ریڈیو پر مختلف اوقات میں اعلانات کروائے گئے، اخبارات میں اشتہارات شائع کروائے گئے، مختلف دکانوں پر پوسٹرز آویزاں کئے گئے، کریباتی کی واحد شاہراہ پر 15بینرز مختلف مقامات پر لگائے گئے۔ 50مہمانوں کے نام دعوت نامے جاری کئے گئے۔ ایک ہزار سے زیادہ اشتہارات تقسیم کئے گئے۔ کریباتی کے گھروں پر باقاعدہ جاکر بھی عوام النّاس کو جلسہ سالانہ میں شمولیت کی دعوت دی گئی نیز کریباتی کے قریبی جزائر سے بھی مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔
شعبہ رجسٹریشن نے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والوں کے لئے رجسٹریشن کارڈز تیار کرنے کے علاوہ ڈیوٹی دینے والوں کے لئے بیجز بھی تیار کئے۔ شعبہ پروگرام نے جلسہ گاہ میں پیش کئے جانے والے پروگرام کو ترتیب دیا اور دیگر زبانوں سے کریباتی میں تراجم کا اہتمام کیا۔ شعبہ رہائش نے دیگر جزائر اور غیرممالک سے کریباتی آنے والے مہمانوں کی رہائش کا انتظام مسجد اور کمیونٹی سنٹرز میں کیا۔ شعبہ ضیافت کے تحت ایک لنگرخانہ بھی جاری کیا گیا اور مہمان نوازی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جلسہ سالانہ سےقبل، مہمانوں کی آمد کے ساتھ مہمان نوازی کا اہتمام شروع کردیا گیا تھا اور تینوں وقت کھانا تیار کرکے مہیا کیا جا تا رہا۔ اس مقصد کے لئے جلسہ گاہ، مبلغ سلسلہ کی رہائشگاہ اور مشن ہاؤس میں کھانا پکانے کا انتظام عمدگی کے ساتھ کیا گیا تھا۔
جلسہ سالانہ کے دوران ایک خصوصی نمائش بھی لگائی گئی۔ اس نمائش کے ذریعہ سیّدنا حضرت اقدس محمدمصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ حیات اور آپؐ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا گیا تھا۔ بنیادی طور پر نمائش میں پیش کئے جانے والے پوسٹرز جامعہ احمدیہ کینیڈا کے تعاون سے مہیا کئے گئے تھے تاہم سارے مواد کا کریباتی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا اور کریباتی زبان میں بہت سا مواد تیار کرکے پرنٹ کرکے مہمانوں کے لئے پیش بھی کیا گیا۔ اسلام کی حقیقی تعلیم اور قرآن کریم کے تعارف پر مبنی بہت سا مواد بھی کریباتی زبان میں تیار کرکے پوسٹرز کے ذریعہ پیش کیا گیا تھا۔
روزانہ نماز فجر اور نماز مغرب کے بعد دروس کا اہتمام کیا گیا جن کا بڑا مقصد نومبایعین کی تربیت کرنا تھا۔ یہ کُل 11 دروس تھے جو بیرونی ممالک اور دیگر جزائر سے آنے والے مہمان سکالرز نے دیئے۔
جلسہ سالانہ پر کی جانے والی اکثر تقاریر کریباتی زبان میں تھیں جبکہ انگریزی زبان میں کی جانے والی بعض تقاریر اور اردو میں پڑھی جانے والی نظموں کا ترجمہ بھی کریباتی زبان میں پیش کیا جاتا رہا۔ تقاریر کا کریباتی زبان میں ترجمہ پیش کرنے کا فریضہ مکرم Tiaon Rota صاحب نے سرانجام دیا۔ کریباتی کے اطفال اور ناصرات نے اردو زبان میں چند نظمیں پیش کیں جس کے لئے تیاری وہ کئی مہینوں سے کررہے تھے۔
جلسہ کا پہلا دن
مؤرخہ 3 نومبر2017ء (بروز جمعۃالمبارک) کو دوپہر ایک بجے سپورٹس کمپلکس میں نماز جمعہ کے لئے احباب جمع ہوئے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احباب نے کھانا تناول کیا اور رجسٹریشن کی گئی۔
جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز سہ پہر 3بجے ہوا جس کی صدارت مکرم احتشام الحق محمود کوثر صاحب مبلغ و صدر جماعت مائیکرونیسیا نے کی۔ جبکہ صدر اجلاس کے ہمراہ جماعت احمدیہ کریباتی کے صدر محترم Angabeia Tataua Tereneipopei صاحب بھی تشریف فرما ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم مکرم فاران Boiring صاحب نے کی۔ آیات کریمہ کا انگریزی ترجمہ مکرم Tabuaka Tekinene صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد بچوں نے اردو نظم پڑھی جس کا ترجمہ مکرمہ Maria Boiring صاحبہ نے سنایا۔
پہلی تقریر مکرم فیروز احمد Hundal صاحب مبلغ سلسلہ مارشل آئی لینڈز کی ’’جلسہ سالانہ کے مقاصد‘‘ کے موضوع پر تھی۔
اس کے بعد تین نوجوانوں نے اسلام کی مختلف تعلیمات کے حوالوں سے مختصر تقاریر کیں۔ مکرم Noa Nimarota صاحب کی تقریر ارکانِ ایمان کے حوالہ سے تھی۔ مکرم Teekea Tataua صاحب نے پانچ ارکان اسلام کے بارہ میں معلومات بہم پہنچائیں جبکہ مکرم Tiaon Rota صاحب نے حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارہ میں تقریر کی۔
اس کے بعد خلافتِ احمدیہ کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی اور آخر میں صدراجلاس نے مختصر کلمات کہے اور کریباتی کے پہلے تاریخی جلسہ سالانہ میں شمولیت کی سعادت پانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے روز کے پروگرام کا اختتام ہوا۔
جلسہ کا دوسرا روز
مؤرخہ 4 نومبر2017ء (بروز ہفتہ) کو نماز تہجد کے ساتھ جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد درس کا اہتمام تھا۔
مؤرخہ 4 نومبر2017ء (بروز ہفتہ) جلسہ سالانہ کے دوسرے اور اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم خواجہ فہداحمد صاحب مبلغ سلسلہ کریباتی نے کی۔ اُن کے ہمراہ صدر مملکت کریباتی کے نمائندہ اور MWYSA کی وزارت کے سیکرٹری Mr. Natario Kiati بھی تشریف فرما ہوئے۔ اس درجہ کے سرکاری نمائندہ کے جماعت احمدیہ کے کسی پروگرام میں شمولیت کا یہ پہلا موقع تھا۔ انہوں نے جلسہ سالانہ میں اپنے خطاب میں اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ جلسہ میں شمولیت سے اُنہیں اسلام کی امن کی تعلیم جاننے کا موقع ملا ہے اور یہ کہ جماعت احمدیہ کی طرف سے امن کے قیام کے لئے عالمی سطح پر جاری کوششیں دوسروں کے لئے مثال ہیں۔ موصوف نے صدر مملکت کریباتی کی طرف سے جماعت احمدیہ کریباتی کو تحفہ بھی پیش کیا اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
اس اجلاس میں شامل ہونے والے دیگر مہمانوں میں Betio Village سے رُکنِ پارلیمنٹ، بعض NGOs کے نمائندگان، پروفیسرز اور جرنلسٹس بھی تھے۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس کے ذریعہ ان مساعی کو اُجاگر کیا گیا تھا جو سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ دنیابھر میں امن کے قیام کے لئے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور آیات کریمہ کے کریباتی زبان میں ترجمہ سے ہوا جو مکرم Noa Nimarota صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد اطفال نے ’’کلام محمود‘‘ سے ایک اردو نظم
ہے دست قبلہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّااللہ
خوش الحانی سے پیش کی۔ اس نظم کے ترجمہ کے بعد مکرم ساجد اقبال صاحب مبلغ سلسلہ مارشل آئی لینڈز نے پہلی تقریر کی۔
دوسری تقریر مکرم احتشام الحق محمود کوثر صاحب مبلغ و صدر جماعت مائیکرونیسیا نے ’’اسلام کیا ہے؟‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ کی دنیابھر میں مختلف تبلیغی، تعلیمی اور رفاہی خدمات کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی۔
پھر ’’توحیدِ الٰہی‘‘ کے عنوان سے ایک تقریر ہوئی جو مکرم Angabeia Tataua Tereneipopei صدر جماعت احمدیہ کریباتی نے کی۔ اس کے بعد بچوں نے ایک اردو نظم پڑھی جس کا کریباتی میں ترجمہ Syedah Temabure نے پیش کیا۔
اگلی تقریر مکرم Teiraoi Tetabea صاحب نے کی جس کا عنوان تھا World Crisis and Pathway to Peace۔
اس کے بعد مکرم خواجہ فہد احمد صاحب مبلغ کریباتی نے اختتامی تقریر کی جس کا موضوع تھا ’’اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے‘‘۔ مکرم خواجہ صاحب نے جلسہ سالانہ کے اختتامی کلمات بھی ادا کئے اور دعا کروائی۔
احباب دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ کریباتی کے اس پہلے تاریخی جلسہ سالانہ کا انعقاد ہر پہلو سے بابرکت فرمائے۔ احباب جماعت کے ایمان اور خلوص میں مزید اضافہ فرمائے اور ان جزائر میں اسلام احمدیت کے جلد فروغ کے سامان پیدا فرمائے۔آمین