رسالہ ’ریویو آف ریلیجنز‘ کے ہسپانوی(Spanish) ایڈیشن کا اجرا
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دَورسے جاری شدہ
انگریزی، جرمن اور فرنچ کے بعد یہ رسالہ اب ہسپانوی زبان بولنے والوں کی روحانی طراوت کا باعث بنے گا۔انشاء اللہ
مورخہ 23 ؍اکتوبر2018 ء کو اللہ تعالیٰ کےبے انتہا فضلوں کے ساتھ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز نے ریویو آف ریلیجنز کے سپینش ایڈیشن کا اجرا فرمایا۔
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے حالیہ دورہ گوئٹے مالا کے دوران گوئٹے مالا کے شہر Sacatepéquez میں ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کے تحت تعمیر ہونے والے ’ناصر ہسپتال‘ کے افتتاح کے بابرکت موقع پر ریویو آف ریلیجنز کے سپینش ایڈیشن کا بھی باقاعدہ اجرا فرمایا۔ اس رسالہ کے انٹرنیٹ ایڈیشن کے ساتھ ساتھ اس کا پرنٹ ایڈیشن بھی دستیاب ہوگا۔ اس طرح انشاء اللہ اس رسالہ کے ذریعہ ہسپانوی زبان بولنے والے کروڑوں لوگ سلطان حرف و حکمت مسیح الزماں کے پیغام سے فائدہ اٹھائیں گے اوراسلام، قرآنِ کریم اور حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ ﷺ کی حقیقی تعلیمات سے اپنی روحانی پیاس بجھا سکیں گے۔
ریویو آف ریلیجنز وہ بابرکت رسالہ ہے جو حضرت مسیح مو عود علیہ السلام نے 1902ء میں مغربی دنیا کو اسلام کی خوبصورت اور حقیقی تعلیم سے روشناس کروانے کے لئے جاری فرمایا ۔ حضور علیہ السلام نے اس رسالہ کے ذریعہ اپنی تحریرات ، کتب، اور الہامات کی اشاعت فرمائی۔ حضور علیہ السلام کے دور میں اس رسالہ کی شہرت اس قدر زیادہ ہوئی کہ مغربی اخبارات ، رسائل اور علمی طبقہ نے اس کے مختلف حوالہ جات دیے۔ حضرت مفتی محمد صادق صاحب ؓ اور دیگر صحابہ کرام ؓ ریویو آف ریلیجنز کو تبلیغ ِ اسلام کا ایک بہت بڑا اور اہم ذریعہ سمجھتے تھے۔
کاؤنٹ لیو ٹالسٹائی(Count Leo Tolstoy) کو جو ایک مشہور مصنف ہیں اسلام احمدیت کا پیغام بھی رسالہ ریویو آف ریلیجنز کےذریعہ سے ہی پہنچا۔ اسی طرح جماعت احمدیہ ماریشس کے پہلے احمدی اسی رسالہ کے ذریعہ احمدیت سے متعارف ہوئے۔ یاد رہے کہ بیرونی ممالک میں سب سے پہلے برطانیہ اور پھر اس کے بعد ماریشس میں احمدیت کا نفوذ ہوا تھا۔
ریویو آف ریلیجنز کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ دو ہفتہ قبل جب حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز نے فلاڈیفیا میں جماعت احمدیہ کی طرف سے تعمیر کی جانے والی مسجد ’بیت العافیت‘ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطبہ جمعہ میں فلاڈیفیا کے ابتدائی احمدی ڈاکٹر بیکر (Baker)کے اسلام قبول کرنے کے ضمن میں فرمایا کہ انہوں نے اسلام کی خوبصورت تعلیمات سے ریویو آف ریلیجنز کو پڑھ کر تعارف حاصل کیا اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام کو قبول کیا۔ حال ہی میں ڈاکٹر بیکر صاحب کی قبر کو تلاش کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی جو کہ مسجد سے چند منٹ کے فاصلہ پر ہے۔ چنانچہ حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ نے ڈاکٹر بیکر صاحب کی قبر پر تشریف لے گئے اور دعا کی۔ خاکسار کو بھی اس تاریخی موقع پر موجود ہونے کی سعادت حاصل ہوئی ۔
اس وقت تک رسالہ ریویو آف ریلیجنز تین زبانوں انگریزی (ماہانہ)، جرمن (سہ ماہی) اور فرنچ(سہ ماہی) میں شائع کیا جارہا تھا۔
ریویو آف ریلیجنز کے سپینش ایڈیشن کے اجراکی ابتداء دراصل 10؍جون 2018ء کو حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ہونے والی ایک دفتری ملاقات کے دوران ہوئی۔ اس ملاقات میں ریویو آف ریلیجنز سے متعلقہ مختلف ٹیمز کے ممبرز موجود تھے اور دیگر زبانوں کے ریویو آف ریلیجنز کی ٹیم بھی شامل تھی۔ اس موقع پر حضور انور نے فرمایا :
آپ کو عنقریب سپنیش ایڈیشن کی ضرورت پڑے گی، کیونکہ سپین کی آبادی 40ملین ہے اور اسی طرح امریکہ اور لاطینی امریکہ میں 400 ملین سے زائد کی آبادی سپینش زبان بولتی ہے۔
اس اجتماعی ملاقات کے بعد بھی خاکسار کو حضور انور سے دفتری ملاقات کا موقع ملا جس میں حضورِ انور سے مزید راہنمائی حاصل کی گئی۔ حضور انور نے از راہ ِ شفقت قرطبہ، سپین میں مقیم مکرم عطاءالمنعم طارق صاحب کو سپنیش ایڈیشن کا چیف ایڈیٹر مقرر فرمایا اور سپین ہی سے تعلّق رکھنے والی محترمہ مریسہ آئزابیل لوسا سرنا صاحبہ (Marisa Isabel Losa Serna)کو ڈپٹی ایڈیٹر مقرر فرمایا۔ نیز مکرم فائز احمد صاحب (گوئٹے مالا ) کو لاطینی امریکہ کے ممالک کے لئے کوآرڈینیٹر مقرّر فرمایا۔نیز اس کے باقاعدہ افتتاح کے لئے گوئٹے مالا کے دورہ کے دوران ’ناصر ہسپتال‘ کی افتتا حی تقریب کے ساتھ ہی تقریب کرنے کی منظوری عطا فرمائی۔
حضور انور نے فرمایا کہ سپینش ایڈیشن کا پہلا شمارہ ’خدمتِ خلق‘ پر مبنی اسلامی تعلیمات پرہونا چاہئے۔ اس حکم کی تعمیل میںتمام ٹیم ممبرز نے کام شروع کر دیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضورِ انور کی دعا کی بدولت کئی ہفتوں کی دن رات محنت کے بعد اس سپینش ایڈیشن کے پہلے شمارہ کی تیاری میں کامیاب ہو گئی۔ بعد ازاں خاکسار کو سپینش ایڈیشن کے ایڈیٹر اور ڈپٹی ایڈیٹر صاحبہ کے ہمراہ حضور انور سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اس ملاقات میں حضور انور سے سپینش ایڈیشن کا افتتاح گوئٹے مالا سے کرنے کی بابت اجازت طلب کی گئی جس پرحضورِ انورنے فرمایا:
مَیں ریویو آف ریلیجنز کے سپینش آن لائین ایڈیشن کا اجرا گوئٹے مالا میں ناصر ہسپتال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کروں گا۔ آن لائین ایڈیشن کےاجراکے بعد پرنٹ شدہ رسالے کی تقسیم کی جاسکتی ہے۔نیز فرمایا کہ لوگوں کو سپینش ایڈیشن کی نئی ویب سائٹ سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے چھوٹا سااشتہارتقسیم کیا جائے تاکہ جنہیں پڑنٹ شدہ کاپی مل رہی ہے وہ بوقتِ ضرورت آن لائین ایڈیشن تک رسائی حاصل کر سکیں۔
عطاءالمنعم طارق صاحب (چیف ایڈیٹر سپینش ایڈیشن) نے خاکسار کو بتایاکہ بلا شبہ حضور انور کے وسطی امریکہ کے پہلے دورے کے دوران ریویو آف ریلیجنز کے سپینش ایڈیشن کا اجرا تمام ہسپانوی دنیا کے لئے نعمت ہے۔ انشاءاللہ یہ ایک مہم کا آغاز ہو گا جو ہسپانوی دنیا کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے متعارف کر وائے گی۔ اور جیسا کے حضور نےاجرا سے قبل ہمیں ارشاد فرمایا تھا ہماری پوری کوشش ہو گی کہ اس ایڈیشن کے ذریعہ ریویو آف ریلیجنز سے متعلق حضرت مسیح موعود ؑ کے نظریہ کی تکمیل کریں۔
مریسہ لوسا صاحبہ (ڈپٹی اڈیٹر) نے کہا کہ بطور ہسپانوی نو مبائع یہ ہمارے لئے ایک بہت خوشی کی خبر ہے کہ وہ رسالہ جس کا اجرا مسیح موعود اور مہدی موعودؑ نے فرمایا اب ہسپانوی زبان میں ہمارے لئے موجود ہے۔ بلا شبہ یہ دنیا کے بہت سے لوگوں تک اسلام کی حقیقی تعلیمات کا تعارف حاصل پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کرے گا اوربہت سے ممالک میں جہاں ہسپانوی زبان بولی جاتی ہے اسلامی تعلیمات کے متعلق پائے جانے والے غلط نظریات کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ میں ہسپانوی دنیا کے لئے اس غیر معمولی پراجیکٹ کا حصہ بننے اور اس پر کام کرنے نیز خلیفہ وقت اور دینِ اسلام کی خدمت اور اس نیک کام میں مدد کرنے پر اپنے آپ کو خوش قسمت محسوس کرتی ہوں۔
ناصر ہسپتال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر تاریخی صدارتی خطاب کے بعد حضور انور ازراہِ شفقت پریس مارکی میں تشریف لائے اور ’لانچ‘(launch) کا بٹن دبا کر سپینش ریویو آف ریلیجنز کے آن لائن ایڈیشن کا باقاعدہ اجرا فرمایا۔ اللہ تعالیٰ اس کا اجراہر لحاظ سے مبارک فرمائے۔
خاکسار وہ لمحات کبھی فراموش نہیں کر سکتا جب اس رسالہ کے اجراسے قبل حضور انور ایّدہ اللہ آئی پیڈ کے قریب تشریف لے جا رہے تھے تو خاکسار حضورِ انور کو دھیمی آواز میں دعا کرتے سن سکتا تھا ۔ یہ اپنی ذات میں ایک بہت متأثر کن تجربہ تھا۔
بلاشبہ ریویو آف ریلیجنز کی تاریخ میں یہ دن ایک خاص سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے کہ ہمیں حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے منشائے مبارک کے ماتحت حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کے مقاصد اور آپؑ کی تعلیمات کو ہسپانوی لوگوں تک پہنچانے میں کچھ کردار ادا کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور انور کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭۔۔۔٭۔۔۔٭