امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات مورخہ 18 تا 24 جنوری 2019ء
مورخہ18تا 24 جنوری 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
٭…18؍ جنوری بروز جمعۃ المبارک :(مسجد بیت الفتوح) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر ، بدری صحابی حضرت عامر بن فھیرۃ رضی اللہ عنہ کی سیرتِ مبارکہ کا دلنشین تذکرہ فرمایا۔
دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
٭…20؍ جنوری بروز اتوار: آج بعد نمازِ ظہر و عصر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے طاہر ہال مسجد بیت الفتوح میں دارالقضاء کے انٹرنیشنل ریفریشر کورس کے اختتامی اجلاس سے نہایت بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ حضورِ انور نے اپنے خطاب میں قاضی کی ذمہ داریوں اور اس کے بلند اخلاقی اور روحانی معیار بیان فرمائے۔ یہ ریفریشر کورس دارالقضاء کی صدسالہ جوبلی کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔ (اس ریفریشر کورس کی تفصیلی رپورٹ اسی شمارہ میں ملاحظہ فرمائیں)
٭حضور انور نے نماز مغرب کے بعد اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ فریحہ سوسن بنت مکرم عبد الحمید قمر صاحب مرحوم (قادیان) کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم فراز خان صاحب ابن مکرم اعجاز ایوب خان صاحب (پٹنی، لندن)کے ساتھ طَے پائی تھی۔
٭…23؍ جنوری بروز بدھ:حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں نمازِ ظہر و عصر پڑھانے کے بعد درج ذیل2 نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔ نیز تمام فریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔
1۔ عزیزہ خدیجہ حمیرا بنت مکرم منور حسین صاحب (فیصل آباد) ہمراہ مکرم ھبۃ الرحیم عمر صاحب (مربی سلسلہ۔ استاد جامعہ احمدیہ جونیئر سیکشن ربوہ) ابن مکرم منیر احمد زاہد صاحب ۔
2۔ عزیزہ ثمن راز بنت مکرم فرحت راز صاحب (نارتھ لندن) ہمراہ مکرم حمزہ شاہد صاحب ابن مکرم شاہد لطیف صاحب (نارتھ لندن)۔
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے چار روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں کے صدور اور نیشنل عاملہ کے ممبران اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس ہفتہ کے دوران80 ؍فیملیز اور90؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 18؍ ممالک سے تھا جن میں امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، انڈونیشیا، جرمنی، ناروے، ڈنمارک، بیلجیئم، ماریشس، سپین، نائیجیریا، انڈیا، بنگلادیش، پاکستان، غانا، آئرلینڈ،یوکے اور ایک عرب ملک شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا