حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کی مصروفیات مورخہ 18تا28 فروری 2019ء
مورخہ 18تا28 فروری 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
18؍فروری بروز سوموار: حضور انور نے نمازِ ظہر سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم محمد نعیم خان صاحب۔لندن یوکے کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 8مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔
٭… آج حضور انور نے نماز مغرب کے بعد اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ قدسیہ داؤد بنت مکرم مبشر احمد صاحب مرحوم کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم عمار احمد صاحب لندن کے ساتھ طے پائی ہے۔
20؍فروری بروزبدھ: حضور انور نے نمازِ ظہر سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم شیخ عبد الحمید صاحب ٹوٹنگ یوکے کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔
22؍فروری بروزجمعۃ المبارک:حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی صداقت کے ایک زبردست نشان، ایک عظیم الشان فرزند ، مصلح موعودکی پیدائش کی پیشگوئی کا تذکرہ فرمایا اور اس پیشگوئی کے مصداق حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سیرت و سوانح سے دلنشین واقعات بیان فرمائے۔(اس خطبہ جمعہ کا خلاصہ اسی شمارہ میں ملاحظہ کیجیے )
دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
٭…نمازجمعہ کے بعد Wandsworth اور Wimbledon کے علاقہ کی پولیس کمانڈر Ms Sally Benatar نے ایک وفد کے ہمراہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ انہیں مسجد بیت الفتوح کا وزٹ بھی کروایا گیا۔
٭…نماز عصر کے بعد انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے مکرم راناخالد احمد صاحب (انچارج کرکٹ، مجلس صحت یو کے) کے ہمراہ اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا اعزاز پایا۔ یہ کرکٹ ٹیم 2018ء میں شارجہ میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح قرار پائی تھی۔
٭…حضور انور نے نمازِ مغرب سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرمہ بشریٰ شہادت مانگٹ صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری شہادت خان صاحب (سابق امیر ضلع حافظ آباد) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 4مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔
23؍فروری بروز ہفتہ :آج نماز عصر کے بعد آئرلینڈ سے آنے والے واقفینِ نَو کے ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات کرنے کا شرف حاصل کیا۔
24؍فروری بروزاتوار :آج نمازعصر کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے لوکل اور ریجنل عاملہ ممبران نے حضور انور سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔
٭…آج شام فیملی ملاقاتوں کے بعد حضور انورمکرم احسن مقصود اٹھوال صاحب (مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل لندن)اور عزیزہ ماہم صادق بنت مکرم رانا صادق حسین صاحب کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے مسجد ’بیت الفتوح ‘ تشریف لے گئے۔ حضور انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی اور پھر دعوتِ ولیمہ کو رونق بخشی۔
25؍فروری بروزسوموار :آج صبح مجلس انصار سلطان القلم لجنہ اماء اللہ جرمنی کی 5؍ ممبرات کو حضورِ انور سےدفتری ملاقات کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
26؍فروری بروزمنگل: حضور انور نے نمازِ ظہر سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرمہ مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الغفور صاحب مرحوم یوکے کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 2مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے آٹھ روز دفتری جبکہ نو روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں کے صدور اور نیشنل عاملہ کے ممبران، جماعت کے بعض مرکزی رسائل و جرائد کے مدیران اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس عرصہ کے دوران114؍فیملیز اور59؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق16؍ ممالک سے تھا جن میںپاکستان، شارجہ، مسقط عمان، آسٹریا، امریکہ، کینیڈا آسٹریلیا، آئرلینڈ، سویڈن، ناروے، ڈنمارک، جرمنی، فرانس، بیلجیئم، ہالینڈاور یوکے شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
٭…٭…٭