یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فرانس کے 26 ویں جلسہ سالانہ، سالانہ اجتماعات مجلس انصار اللہ و لجنہ اماء اللہ کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کو 26تا28؍اکتوبر 2018ء اپنا 26واں جلسہ سالانہ اور سالانہ اجتماعات مجلس انصار اللہ و لجنہ اماء اللہ بمقام بیت العطاء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔مقامی سرکاری انتظامیہ کی طرف سے جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی اجازت دیر سے ملنے کی وجہ سے جلسہ کا انعقاد اکتوبر میں کرنا پڑا۔لیکن مقررہ تاریخوں کے قریب قریب مجلس انصار اللہ فرانس اور لجنہ اماء اللہ فرانس کے اجتماعات بھی تھے۔اس ضمن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں سارا معاملہ پیش کیا گیا۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت جلسہ سالانہ کے ایام میں ہی اجتماعات کو منعقد کرنے کی منظوری عنایت فرمادی۔یوں سہ روزہ جلسہ کے پروگرام میں ایک سیشن کم کر کے ذیلی تنظیموں کے پروگرامز کے لئے وقت دیا گیا۔الحمد للہ باہمی تعاون سے تینوں پروگرامزیعنی جلسہ سالانہ فرانس،اجتماع انصاراللہ اور اجتماع لجنہ اماء اللہ بخیر و خوبی انجام پذیر ہوئے۔

لہٰذا اِمسال جلسہ سالانہ کی تیاری کے ساتھ انصار اللہ فرانس اور لجنہ اماء اللہ فرانس اپنے اپنے اجتماعات کی تیاری بھی کرتے رہے۔متعدد میٹنگز ہوئیں اور خدام نے بالخصوص جلسہ گاہ کی تیاری کے سلسلہ میںمتعدد وقار عمل کئے۔

پہلا دن۔26 ؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک

26 ؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک دوپہر کے کھانے کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مبلغ انچارج فرانس نے لوائے احمدیت لہرایا اور فرانس کاقومی پرچم مکرم اشفاق ربانی صاحب امیر جماعت احمدیہ فرانس نے لہرایا۔ مکرم طیّب احمد شاہ صاحب صدر مجلس انصار اللہ فرانس نے لوائے انصار اللہ لہرایا۔ڈیڑھ بجے مقامی جمعہ ادا کیا گیا۔خطبہ جمعہ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے پڑھایا۔ نماز جمعہ و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔

افتتاحی اجلاس

مکرم امیرصاحب فرانس کی صدارت میں دو بجے افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہؤا۔ مکرم بشیر احمد صاحب نے تلاوت مع اردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔اس کے بعد مکرم نعمان خالد صاحب نےحضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام میں سے چند منتخب اشعار ترنّم کے ساتھ پڑھے۔ مکرم امیر صاحب فرانس نے افتتاحی تقریر ’’خلافت خامسہ کے 15 سالہ بابرکت دور کی ایک جھلک‘‘ کے موضوع پر کی۔ مکرم امیر صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خلافت کے ساتھ وابستہ تائیدات الٰہیہ اور قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات بیان فرمائے۔اس اجلاس کی دوسری تقریر’’ وصیت کی برکات اور ایک موصی کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے مکرم اسامہ احمد صاحب مربی سلسلہ فرانس نے کی۔اس اجلاس کی تیسری اور آخری تقریر مکرم بلال اکبر صاحب مربی سلسلہ فرانس نے ’’مغربی ماحول میں تربیت اولاد کے بہترین ذرائع‘‘ کے موضوع پر کی۔

حاضرین جلسہ کی ایک تصویر

پروگرام مجالس

افتتاحی اجلاس کے بعد مجلس انصار اللہ اور لجنہ اماء اللہ نے اپنے اپنے پروگرامز کیے۔یاد رہے کہ یہ لجنہ اماء اللہ فرانس کا 32واں جبکہ مجلس انصار اللہ فرانس کا24واں سالانہ اجتماع تھا۔ رات کے کھانے اور مغرب و عشاء کی نمازوں کی ادائیگی کے بعدبذریعہ ایم ٹی اے خطبہ جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز براہ راست امریکہ سے سنا گیا۔

پروگرام اجتماع لجنہ اماء اللہ

جمعۃ المبارک کے روز صبح 9:30بجے اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید کے ساتھ ہوا۔ اردو اورفرنچ ترجمہ پیش کئے جانے کے بعد محترمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ فرانس نے عہد دہرایا۔ اس کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام میں سے چند منتخب اشعار پڑھے گئے۔اس کے بعد محترمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے افتتاحی تقریر کی۔ اس تقریر کا فرنچ ترجمہ ساتھ ساتھ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن کے لئے لجنہ ممبرات کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ان مقابلہ جات میں حسن قرأت اور حفظ قرآن کے مقابلے شامل تھے۔

جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کے بعد لجنہ اماء اللہ کے اجتماع کا دوسرا سیشن شروع ہوا۔اس میں بھی اردو تقریرکا مقابلہ ہوا۔اس کے لئے سات عناوین دیے گئے تھے۔اور لجنہ ممبرات کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔بعد ازاں محترمہ صدر صاحبہ نے شعبہ تربیت کے تحت چار روزہ تربیتی کلاس میں شامل ہونے والی ممبرات کوا سناد دیں اور شعبہ تعلیم کے تحت تحریری امتحان میں اعزاز حاصل کرنے والی ممبرات کوانعامات دیے۔

جلسہ گاہ۔ بیت العطاء کا ایک خوبصورت منظر

پروگرام اجتماع انصاراللہ

اِس اجتماع کا باقاعدہ آغاز مربی سلسلہ مکرم نصیر احمد شاہد صاحب کی زیر ِ صدارت تلاوتِ قرآن ِکریم سے ہوا۔ عہد انصار اللہ اور نظم کے بعد مکرم طیّب احمد شاہ صاحب صدر انصار اللہ فرانس نے افتتاحی تقریر کی۔افتتاحی سیشن کے آخر میں مکرم مربی صاحب نے مختصر نصائح کے بعد دعا کروائی۔اس طرح شام سات بجے اجتماع انصار اللہ کے پہلے سیشن کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن۔27 اکتوبر بروز ہفتہ

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس القرآن ہوا۔8 بجے حاضرین جلسہ کو ناشتہ پیش کیا گیا۔

پروگرام مجالس

صبح 9 سےایک بجے تک ذیلی تنظیموں کے پروگرامز ہوئے۔ وقفہ برائے طعام کے بعد دو بجے نماز ظہر و عصر با جماعت ادا کی گئیں۔

پروگرام اجتماع لجنہ اماء اللہ

ہفتہ کے دن پروگرام صبح 10 بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔بعد ازاں مسز منیرہ دوبوری صاحبہ جنرل سیکرٹری نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔اور تمام شعبہ جات کی کار کردگی کا مختصراً ذکر کیا۔اس کے بعدمقابلہ نظم ہوا۔اس مقابلہ کے لئے ممبرات کے دو گروپ بنائے گئےتھے۔ایک گروپ اردو بولنے والی ممبرا ت کااور دوسرا گروپ فرنچ اور عربی بولنے والی ممبرات کاتھا۔نظم کے مقابلہ کے بعد فرنچ میں تقریری مقابلہ ہوا۔ اس میں عمر کے لحاظ سے دو گروپس بنائے گئے تھے۔

پروگرام اجتماع انصاراللہ

پروگرام کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے اجتماع کے عِلمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیاجس میں تمام انصار نے حصہ لیا۔ نائب صدر مجلس انصار اللہ بیلجیئم کی زیر ِقیادت ایک چار رکنی وفد نے بھی مجلس انصار اللہ فرانس کے اِس تاریخ ساز اجتماع میں شرکت کی۔

اجتماع انصاراللہ 2018 ءکے نصاب کے مطابق درج ذیل مقابلہ جات کروائے گئے۔

مقابلہ تلاوت قرآن کریم، مقابلہ حفظ ِ قر آ ن ، مقابلہ ترجمۃالقرآن، مقابلہ تقاریر ،مقابلہ نظم خوانی ، مقابلہ اذان، مقابلہ تقاریر فی البدیہہ اورامتحان دینی معلومات۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا اِجلاس

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مکرم فیصل جمائی صاحب صدر جماعت سٹراس برگ کی صدارت میںجلسے کا دوسرا اجلاس شروع ہوا۔ مکرم نصرالرحمٰن صاحب نے تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ پیش کیا ۔بعد ازاں مکرم فہیم افضل صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام میں سے چند منتخب اشعار ترنّم کے ساتھ پڑھ کر سنائے ۔اس اجلاس کی تمام تقاریر فرنچ زبان میں تھیں۔ پہلی تقریرمکرم سعید ھدوی صاحب نے’’اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات‘‘ کے عنوان پر کی۔

بعد ازاں نیشنل سیکرٹری امور خارجہ مکرم آصف عارف صاحب نے ’’عصر حاضر کے مسائل اور ان کا اسلامی حل‘‘کے عنوان پر کی۔تیسری تقریر مکرم عبد الغنی صاحب صدر جماعت ایولین نے’’نبی کریم ﷺ کے اصحابؓ کی خدمت اسلام‘‘ کے عنوان پر کی۔اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم عمر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے ’’صداقت مسیح موعود علیہ السلام از روئے حدیث و بزرگان سلف‘‘ کے موضوع پر کی۔

پروگرام مجالس

ساڑھے چار سے ساڑھے چھ بجے تک ذیلی تنظیموں کے پروگرامز ہوئے۔ وقفہ کے بعد پونے آٹھ بجے نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔نمازوں کی ادائیگی کے بعد ذیلی تنظیموں کے پروگرامز ہوئے۔

پروگرام اجتماع لجنہ اماء اللہ

جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کے بعد شام کو لجنہ اماء اللہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد ہوا۔

پروگرام اجتماع انصاراللہ

پروگرام کے مطابق ساڑھے چار بجے اجتماع انصار اللہ کے ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا ۔اِن مقابلہ جات میں والی بال ، بیڈ منٹن ، رسہ کشی ، گولا پھینکنا وغیرہ شامل ہیں۔ تمام اراکین ِ انصار اللہ نے سخت سردی کے باوجود بڑھ چڑھ کر اِن مقابلہ جات میں حصہ لیا خاص طور پر نومبائعین دوستوں نے بھر پور شرکت کی ۔پروگرام کے آخر پر خدام و انصار کے مابین ایک نمائشی والی بال میچ بھی کھیلا گیا جس میں خدام کی ٹیم ایک سخت مقابلے کے بعد فاتح قرار پائی۔

تیسرا دن۔28 اکتوبر بروز اتوار

تیسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس القرآن ہوا۔8 بجے ناشتہ پیش کیا گیا۔

پروگرام مجالس

9 سے 11 بجے تک ذیلی تنظیموں کے پروگرامز ہوئے۔ وقفہ کے بعد دو بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

سالانہ اجتماع ناصرات الاحمدیہ فرانس

یاد رہے کہ انہی ایّام میں ایک ہال میں ناصرات الاحمدیہ فرانس کا اجتماع بھی ہوا ۔ حسن قرأت ،نظم،فرنچ اور اردو تقاریر،دینی اور جنرل نالج کے علاوہ اشاروں سے کہانی تیار کرنے اور مختلف موضوعات پرچارٹس تیار کرنے کے مقابلے ہوئے۔ان مقابلہ جات کے آخر پر اعزاز حاصل کرنے والی ناصرات کو انعامات دیے گئے۔

پروگرام اجتماع لجنہ اماء اللہ

28؍اکتوبر بروز اتوار جلسہ سالانہ اور اجتماع کا آخری دن تھا۔اس روز صبح نو بجے اختتامی سیشن شراع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مختلف مقابلہ جات میں اعزاز حاصل کرنے والی ممبرات کو انعامات اور امتیازی اسناد دی گئیں۔نیز سالانہ کارکردگی کے لحاظ سے مختلف حلقہ جات میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ تقسیم انعامات کے بعد محترمہ صدر صاحبہ نے تقریر کی۔آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے ارشادات کے حوالے سے تعلیم و تربیت، پردہ و حیاء،تعلق باللہ اوراپنی حالتوں کو تبدیل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔آخر پر دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ الحمد للہ۔

خواتین کی سہولت کے لئے کتبِ سلسلہ اور اشیاء خوردونوش کے سٹالز لگائے گئے۔سالانہ صنعتی نمائش بھی لگائی گئی۔اس اجتماع کی کل حاضری 452 رہی۔ جن میں288 ممبرات لجنہ، 8مہمان ، 86ناصرات اور 70بچے شامل تھے ۔

پروگرام اجتماع انصاراللہ

پروگرام کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے مکرم اشفاق ربانی صاحب امیر جماعت احمدیہ فرانس کی زیر ِ صدارت اجتماع انصار اللہ کا اختتامی اجلاس تلاوت ِ قرآن ِ کریم سے شروع ہوا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے انصار کا عہد دہرایا۔مکرم ظفر اقبال صاحب ناظم ِ اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد نائب صدر مجلس انصار اللہ بیلجیئم کو اپنے تأثرات پیش کرنے کی دعوت دی گئی ۔

تقریب تقسیم ِ انعامات کے بعد مکرم طیبّ احمد شاہ صاحب صدر مجلس انصار اللہ فرانس نے تمام شاملین ِ اجتماع کا شکریہ ادا کیا۔آخر پر مکرم امیر صاحب فرانس نے اراکین ِ انصار اللہ کو نماز کے التزام ،مالی قربانی اور تبلیغ کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب فرانس نے دعاکروائی اور یوں اجتماع انصار اللہ فرانس اختتام پذیر ہوا۔

اختتامی اِجلاس

جلسہ سالانہ کا اختتامی اجلاس بصدارت مکرم امیر صاحب ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جو مکرم حافظ بابرمنصور صاحب نے مع اردو ترجمہ کرنے کی سعادت پائی۔ مکرم مطلوب احمدصاحب نےحضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام میں سے منتخب اشعار پیش کئے۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم ڈاکٹر کونے ادریسہ صاحب نے ’’خلافت امن کا حصار‘‘ پر فرنچ زبان میں کی۔ بعد ازاں مکرم مقصودالرحمٰن صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے ’’قیام صلوٰۃ کی اہمیت اور برکات‘‘ پر کی۔

جلسہ سالانہ کے اختتام پر ترانہ کے دوران کی ایک تصویر

اس اجلاس کی آخری تقریر’’عالمگیر غلبہ اسلام اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مشنری انچارج فرانس نے کی۔آپ نے قرآن و حدیث کے حوالوں کے ساتھ ساتھ حضرت مسیح موعود ؑکے منظوم و منثور کلام کے اقتباسات پیش کر کے احباب جماعت کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور خلفائے احمدیت کے ارشادات بھی پیش کئے۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی ۔ بعد ازاں ترانے پیش کئے گئے۔نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد سب احباب کی خدمت میں طعامپیش کیا گیا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام شاملین جلسہ کے حق میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں قبول ہوں جو حضور علیہ السلام نے شاملین جلسہ کے لئے کی ہیں۔ آمین۔

نمائش اور سٹالز

شاملین جلسہ کی دلچسپی اور ضروتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی سٹال اورفوڈ سٹال لگائے گئے۔یہ سٹالز مستورات کی طرف بھی لگائے گئے تھے۔ مکرم اسامہ احمد صاحب مربی سلسلہ نے مختلف تصاویر اور تحریرات کی نمائش بھی لگائی۔

امسال جلسہ کی حاضری924رہی۔اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ فرانس کو ترقیات سے نوازے ۔ آمین

(رپورٹ مرسلہ: منصور احمد مبشر ناظم پروگرام جلسہ سالانہ فرانس)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button