امریکہ (رپورٹس)

جنوبی امریکہ کے ملک سورینام کے مقامی ٹی وی پر ایم ٹی اے کی نشریات کا آغاز

سورینام (جنوبی امریکہ) کے افراد جماعت کو پہلی دفعہ خلیفہ وقت کی آواز اپنے کانوں سے سننے کی سعادت تب نصیب ہوئی جب جون 1983ء میں حضرت خلیفہ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے فروری، مارچ 1983ء کے بیان فرمودہ خطبات جمعہ کی آڈیو کیسٹس امریکہ سے موصول ہوئیں ۔ پھر یہ سلسلہ مستقل جاری رہا اور 1988ء کے بعد ہالینڈ سے حضور رحمہ اللہ تعالیٰ کی کچھ تقاریر کا ڈچ ترجمہ بھی تیار کر کے بھجوایا جاتا رہا اور یہ طریق آسمانی مائدہ یعنی مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ کے اجراتک جاری رہا۔

مورخہ 30جون 1994ء کو سورینام میں مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ کی نشریات کا آغاز ہوا۔ اور خلیفۃ المسیح نظارہ و آواز کے ساتھ افراد جماعت کے گھروں میں پہنچے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے اس موقعہ پر اپنے خط میں تحریر فرمایا: ‘‘یہ جان کر خوشی ہوئی کہ سورینام میں سیٹلائٹ ڈش کے ذریعہ ایم ٹی اے کے پروگرام سننے اوردیکھنے کا انتظام ہو گیا ہے۔ الحمد للہ بارک اللہ لکم۔ اللہ تعالیٰ سب کام کرنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے’’۔(مکتوب محررہ 25جولائی 1994ء۔)

سورینام کا محل وقوع ایسا ہے کہ سیٹلائٹ کے ذریعہ مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ کی نشریات سے پوری طرح استفادے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ چنانچہ متبادل ذرائع کی تلاش شروع کی گئی ۔ اسی سلسلہ میں نومبر 2018ء میں محترم سید نصیر احمد صاحب ڈائریکٹر سیٹلائٹ جنوبی امریکہ کے دورے پر آئے تاکہ ان ممالک کی کیبل کمپنیز سے رابطے کر کے ان کے ذریعہ ایم ٹی اے کی نشریات افراد جماعت تک پہنچائی جائیں۔ بعد ازاں حضورانور نے ‘‘راپار براڈ کاسٹنگ نیٹ ورک’’(RBN – Rapar Broadcasting Network)سے معاہدہ کرنے کی منظوری عطا فرمائی اور ‘‘البلاغ ’’ کے نام سے ایک فلاحی تنظیم (Charity)قائم کرنے کی منظوری بھی عطا فرمائی۔ ملکی قانون کے مطابق صدر مملکت چیرٹی فائونڈیشن کے نام اور قیام کی منظوری دیتا ہے اور نوٹری اس کام کے لیے عام طورپر 200سے 250؍امریکی ڈالر فیس وصول کرتے ہیں۔مگر جب ہم نے دیو نارائن کالی سنگھ نامی معروف نوٹری سے رابطہ کیا اور اُسے فائونڈیشن کے قیام کا مقصد بتایا تو باوجود غیر مسلم ہونے کے انہوں نے کہا ہے کہ وہ بغیر فیس کے جماعت کے لیے یہ کام کریں گے۔ چنانچہ 22؍دسمبر کو صدر نے اس پر دستخط کر دیے۔اور جنوری کے شروع میں چیمبر آف کا مرس کی طرف سے بھی منظوری مل گئی۔ اور خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 13؍جنوری کو ‘‘البلاغ فائونڈیشن’’ اور RBNکے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا یا۔

اس موقع پر میڈیا ہائوس کے مالک محترم محمد افضل فرید پیر خان صاحب نے بتایا کہ اس عرصہ میں مَیںنے کئی بار ایم ٹی اے کی نشریات دیکھی ہیں، اور انہیں ہرلحاظ سے معیاری اور بہترین پایا ہے ۔ ہم مسلمانوں کو اس طرح کے چینل کی اشد ضرورت تھی جو اعلیٰ کوالٹی کے بہترین پروگرام نشر کرے۔ اور ساتھ ہی یہ کہا کہ اب آپ مختلف ذرائع سے اپنے چینل کی تشہیر شروع کریں ، اور اس کام میں ہم بھی آپ کی مدد کریں گے۔

ٹیلی کام اتھارٹی سے لائسنس حاصل کرنے کے بعد 18؍فروری کو RBNچینل5.3پر مسلم ٹیلی ویثرن احمدیہ کی آزمائشی نشریات کا آغاز ہو ا۔ اور سمارٹ ٹی وی رکھنے والے ہر گھر میں یہ چینل خود کار نظام کے تحت چینلز لسٹ میں شامل ہو گیا۔ مورخہ 15؍مارچ2019ء کو باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ مورخہ14؍اور 15؍مارچ کو ملکی اخبارات میں اشتہار شائع کروائے گئے۔ ایم ٹی اے کے تعارف کے حوالے سے ایک مضمون میڈیا کو بجھوایا گیا ،جسے سب سے پہلے ملک کی معروف نیوز ویب سائٹ (GFC Niuews)نے اس سرخی کے ساتھ شائع کیا کہ‘‘مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ انٹرنیشنل اسلام کا حقیقی چہرہ عوام کے سامنے پیش کرے گا’’۔ اس آرٹیکل کو دو اور نیوز ویب سائٹس نے اپنے مرکزی صفحے پر شیئر کیا۔ ملک کے سب سےقدیم اور کثیر الاشاعت روزنامہ De Ware Tijd نے مسجد ناصر کی تصویر کے ساتھ ایک تفصیلی مضمون مورخہ 13؍مارچ کو اس روز نامہ کے صفحہ A5پر شائع کیا، اور لکھا کہ ‘‘مسلم ٹیلی ویژن احمد یہ اسلام کی حقیقی تعلیم اورٹھوس معلومات پیش کرے گا’’۔اسی روز (Dagblad SURINAME) روزنامہ داخ بلاد سورینام نے چینل کے افتتاح کی خبر کو صفحہ 6پرتفصیل کے ساتھ شائع کیا۔

چینل کے ڈائریکٹرمحترم فرید پیر خان صاحب نے بتایا کہ بیسیوں مسلم اور غیر مسلم افراد نے ایم ٹی اے کے آغاز کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئےاسے مثبت قدم قرار دیا،اور ایم ٹی اے کو باوقار لوگوں ،مہذب گفتگو کرنے والوں اور شستہ انگریزی اور اردو زبان بولنے والوں کا چینل قرار دیا ہے۔
مورخہ 15؍مارچ کی صبح ملک کی سب سے معروف نیوز ویب سائٹ سٹار نیوز(Starnieuws)نے ایم ٹی اے کے تعارف اور سورینام میں اس کے اجراکے حوالے سے محترم صدر صاحب کا تفصیلی انٹرویو شائع کیا ،اور لکھا کہ‘‘یہ ٹی وی چینل اسلام کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کرے گا، اور اسلام کی حقیقی تعلیم کے ذریعہ مذہبی روادری کو فروغ دے گا’’۔ اس نیوز ویب سائٹ کو دولاکھ سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں۔

جماعت کی موجودہ ترقیات اور ایم ٹی اے کے تعارف پر مشتمل دیدہ زیب فولڈر تیار کیا گیا اورافتتاحی تقریب سے قبل تقسیم کیا گیا۔نیز اِس تاریخی دن کے موقعہ پر البلاغ فائونڈیشن اور ایم ٹی اے کے لوگو (logo)سے مزین ایک دیدہ زیب سوونیئرتیار کر وایا گیا۔

مورخہ 15؍مارچ2019ء کو لالہ رخ نامی ہال میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میںRBN Ch. 5.3پرایم ٹی اے کی نشریات کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا ۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی،مکرم سید نصیر احمد صاحب (ڈائریکٹر سیٹلائٹ ایم ٹی اے انٹرنیشنل)، ڈائریکٹر مذہبی امور،ممبرپارلیمنٹ،مساجد کے ائمہ، مختلف مذاہب اور سماجی تنظیموںکے نمائندگان اور دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی ۔ تلاوت قرآن مجید اور ترجمے کے بعد جماعت اور ایم ٹی اے کا مختصر تعارف حاضرین کی خدمت میں پیش کیا گیا اور مختصر دورانیے کی ایک ویڈیو دکھائی گئی۔

ٹیلی کا م اتھارٹی سورینام کی ڈائریکٹر مس وینڈی کلس(Mrs Wendy Klass Jap-A-Joe)نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:‘‘میں عام طور پر اس طرح کی تقریبات میں شرکت نہیں کرتی،لیکن ہمارے پاس پہلی دفعہ ایک چینل کے لائسنس کی درخواست ایسی آئی جو ہر لحاظ سے مکمل تھی اور اس میں کوئی سقم نہ تھا۔ اور تین دن کے اندر اس چینل کو لائسنس جاری کر دیا گیا۔میں آپ کے کام کے انداز سے بہت متأثر تھی،اور جب مجھے افتتاحی تقریب میں شمولیت کی دعوت ملی تو میں نے اس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تا کہ آپ جیسے لوگوں سے ملاقات کا موقع ملے’’۔

پروگرام کے آخرپرچند معزز مہمانوں کی خدمت میں جماعتی لٹریچر اور یادگاری سوونیئر پیش کیا گیا۔مختلف سفارتخانوں اور تنظیموں کی طرف سے مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغامات موصول ہوئے،اور بہت سارے افراد نے پھولوں کا تحفہ بھجوایا۔ خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ تین اخبارات، سات ملکی اورغیر ملکی نیوز ویب سائٹس،دو ٹی وی اور دو ریڈیو چینلز نے مسلم ٹیلی ویثرن احمدیہ کے آغاز کی خبر کو شائع کیاجن کی کل تعداد 26 ہے،یوں سورینام کے لاکھوں افراد کے ساتھ ساتھ ہالینڈ کے لوگوں تک بھی یہ خبر پہنچی۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے سورینام جنوبی امریکہ کا پہلا ملک ہے جسے یہ سعادت نصیب ہوئی ہے کہ امام ہمام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توجہ، دعائوں اور خصوصی شفقت کے طفیل لوکل ٹی وی چینل کے ذریعہ ملک کے طول و عرض میںآسمانی مائدہ ایم ٹی اے کی نشریات لوگوں کے گھروں تک ،اور مسیح محمدی کی آمد کا اعلان عوام الناس کے کانوں تک پہنچائے ۔

قارئین الفضل انٹرنیشنل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ لوکل ٹی وی پر ایم ٹی اے کی نشریات کا آغاز ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اسے افرادِ جماعت سورینام کی تربیت اور عوام الناس کی ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: لئیق احمد مشتاق ۔مبلغ انچارج سورینام)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button