خطبہ نکاح

خطبہ نکاح فرمودہ 26؍ مارچ 2017ء

(امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بںصرہ العزیز)

سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمورخہ 26مارچ 2017ءبروز اتوار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

اس وقت میں چند نکاحوں کے اعلان کروں گا۔ پہلا نکاح عزیزہ ندرت مبشرہ احمد بنت سید ہاشم اکبر احمد صاحب کا ہے اور عزیزم مرزا شریف احمد(واقف نو)جو مرزا محمود احمد امریکہ کے بیٹے ہیں کے ساتھ بیس ہزار امریکن ڈالر حق مہر پر طے پایا ہے۔

عزیزہ سیدہ ندرت مبشرہ حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحب کی پڑپوتی ہے اور مرزا شریف احمد حضرت مرزا بشیر احمد صاحب کے پڑ پوتے ہیں ۔ اس لحاظ سے ان دونوں کا تعلق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے خاندان سے ہے۔ اور اس بات کوہمیشہ ان کو یادرکھنا چاہیے کہ خاندان کا ہوکر اس کے جو تقاضےہیں انہیں بھی پورا کرنا چاہیے۔ اور نیکی اور تقویٰ اور جماعت کی خدمت اور خلافت سے تعلق اس میں ان لوگوں کو دوسروں سے آگے ہونا چاہیے۔ نہیں تو صرف خاندان کاہونا کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ اللہ کرے کہ یہ دونوں، لڑکا اور لڑکی اس بات کو سمجھنے والے ہوں اوراس لحاظ سےآئندہ اپنی نسلوں کی تربیت بھی کرنے والے ہوں۔لڑکا چونکہ یہاں موجود نہیں تو اس کے وکیل مرزا سفیر احمد ہیں۔
حضور انور نے فریقین کے مابین ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:

اگلا نکاح عزیزہ فرزانہ فہیم کا ہے جو ہمارے واقف زندگی مبلغ فہیم احمد خادم صاحب، جواس وقت جامعۃ المبشرین گھانا کے پرنسپل ہیں ان کی بیٹی ہیں اور یہ نکاح شمیم جمال احمدجو جامعہ احمدیہ گھانا کے طالب علم ہیں ابن مکرم محمود جمال احمد صاحب کے ساتھ چھ ہزار گھانین سی ڈی حق مہرپر طے پایا ہے۔

یہ دونوں،ایک واقف زندگی ہے، مربی بن رہےہیں، دوسری مربی کی بیٹی ہےاس لحاظ سے ان لوگوں کو بھی اپنے بڑوں کی جماعتی خدمات کو سامنے رکھنا چاہیے اور جو مربی بن رہا ہے اس کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اس پہ ذمہ داریاں صرف باہر کی نہیں بلکہ گھر کے اندر نمونےقائم کرنا بھی اس کی ذمہ داری ہے اور ہر لحاظ سے ان کی عائلی زندگی خوشگوار ہونی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ان دونوں کو اس کی توفیق دے۔ دونوں، دلہا اور دلہن کے یہاں وکیل ہیں۔

اس نکاح کے فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعدحضور انور نے فرمایا:

اگلا نکاح عزیزہ عافیہ احمد خورشید کا ہے جو احمد خورشید صاحب کی بیٹی ہیں، یہ عزیزم عصام احمد (واقف نو)ابن مکرم ناصر احمد( واقف نو)کے ساتھ چھ ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔

فریقین کے مابین ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور نے فرمایا:

اگلا نکاح عزیزہ حنا لطیف کا ہےجو مکرم محمد لطیف صاحب امریکہ کی بیٹی ہیں۔ یہ نکاح عزیزم عطاء السلام بھٹی ابن مکرم نوید بھٹی صاحب امریکہ کےساتھ بیس ہزار امریکن ڈالر حق مہر پر طے پایا ہے۔

عزیزم عطاء السلام جو ہیں یہ قاضی ضیا ء الدین صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نسل میں سے ہیں اور عزیزہ حنا کی والدہ صاحبہ حضرت میاں سلطان احمد صاحب درویش قادیان اور صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی ہیں۔ اور دونوں اس وقت طوعی طور پر خدام الاحمدیہ میں بھی اور میڈیا ٹیم میں بھی جماعتی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

حضور انور نے فریقین کے مابین ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔

اگلا نکاح عزیزہ ماریہ بھٹی کا ہے جو مکرم مجید احمد بھٹی صاحب( صدر جماعت وانڈز ورتھ)کی بیٹی ہیں۔یہ نکاح عزیزم اعزاز احمد ابن مکرم آصف احمد جو MTA میں رضا کار کے طور پر کام کر رہے ہیں،کے ساتھ آٹھ ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔

عزیزہ ماریہ بھی MTA Production Team میں کام کر رہی ہیں اور عزیزم اعزاز، حاجی گلاب دین صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نسل میں سے ہیں۔

حضور نے اس نکاح کے فریقین کے درمیان ایجا ب و قبول کروایا اور پھر تمام نکاحوں کے اعلان کے بعد حضور انور نے دعا کروائی اوران نکاحوں کے فریقین کو شرف مصافحہ بخشا۔

(مرتبہ :۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ ۔ انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button