یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جرمنی کا نیشنل اجتماع وقفِ نَو2019ء

مؤرخہ یکم مئی 2019ء بروز بدھ جماعت احمدیہ جرمنی کے 15سال سے زائد عمر کے خدام واقفین نو کایک روزہ اجتماع بمقام Kelkheim منعقد ہوا۔ تقریباً سوادس بجے افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو و جرمن ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد مکرم لقمان کشور صاحب انچارج شعبہ وقفِ نو مرکزیہ نے واقفین نو جرمنی کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام سنایا۔ اس پیغام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 7؍اپریل 2019ء کو واقفین نَو یوکے سے اپنےانگریزی زبان میں بیان فرمودہ خطاب کو ترجمہ کروا کر سننے اور اس پر عمل کرنے کا ارشاد فرمایا تھا۔ اس ارشاد کی تعمیل میں حضور انور کے اس خطاب کی ریکارڈنگ ہال میں سنوائی گئی جبکہ جرمن زبان میں ترجمہ سننے کےلیے ایف ایم ریڈیو سیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

افتتاحی تقریب کے بعد ہال میں واقفین نَو کی مختلف شعبہ جات میں خدمات کی ضروریات کے حوالہ سےگفتگو کا پروگرام رکھا گیا۔ اس پروگرام میں مکرم انچارج صاحب شعبہ وقف نو مرکزیہ ، مکرم مولانا صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی،مکرم احمد کمال صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی،مکرم مولانامبارک احمد تنویر صاحب مبلغ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی۔حماد ہیرٹر صاحب ہیومینٹی فرسٹ اور مکرم محمود احمد خان صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نو جرمنی نے شرکت کی۔ اس گفتگو میں واقفین نو کو مختلف شعبہ جات میں درکار خدمات کے حوالہ سے جماعتی ضروریات سے آگاہ کیا گیا۔اس پروگرام کے آخر میں واقفین نو کومعزز مہمانان کرام سے سوالات کرنے کا موقعہ بھی دیا گیا۔ اس پروگرام کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد تلقین عمل کا پروگرام رکھا گیا جس میں مکرم مولانا ڈاکٹر عبدالغفار صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز کی اہمیت وبرکات کے موضوع پربہت پر اثرخطاب فرمایا۔

اس پروگرام کے اختتام پرواقفین نو کو ہال میں قائم کیے گئے مختلف معلوماتی سٹالز سےا ٓگاہ کیا گیا اور انہیں اپنی دلچسپی کے مختلف شعبہ ہائے خدمت کے سٹالزپر جاکر معلومات اور گفتگو میں حصہ لینے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ جن شعبہ و ادارہ جات نے سٹالز لگائے ان میں شعبہ وقف نو، وصایا، وقف عارضی، اشاعت، سمعی وبصری،ایم ٹی اےجرمنی سٹوڈیوز، ہیومینیٹی فرسٹ جرمنی، IAAAEجرمنی، النصرت کے علاوہ جامعہ احمدیہ جرمنی کا معلوماتی سٹال بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ تعلیم کے مختلف موضوعات کے حوالہ سے مختلف سٹالز بھی لگائے گئے اور اس کے علاوہ پاکستان سے نئے آنے والے واقفین نوکی راہنمائی کے لیے سٹال بھی لگایا گیا۔

اس دوران مختلف مضامین میں تعلیم حاصل کرنے والے یا فارغ ہونے والے طلباء کی گروپس میٹنگ بھی ہوئیں۔ جن میں انہیں مزید معلومات بھی دی گئیں نیز انہیں آپس میں رابطہ قائم کرنے کا سنہری موقع میسر آیا۔
15 سے 19 سال کے طلباء کے لیے پورا دن کیریئر پلاننگ کے حوالہ سے پروفیشنل لوگوں کے ساتھ انفرادی میٹنگز کا سلسلہ جاری رہا اور ان کی مختلف مضامین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی طرف رہنمائی کی گئی۔ اس میں تقریباً 220 سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔

تقریباً سوا چھ بجے شام اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم (اردو و جرمن ترجمہ)سے ہوا۔ بعد ازاں ایک ترانہ پیش کیا گیا۔ مکرم حسنات احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے انگلینڈ سے تشریف لانے والے معزز مہمان مکرم انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعدمکرم ڈاکٹر عمیر احمد باجوہ صاحب ایڈیشنل سیکریٹری وقف نو جرمنی نے اجتماع میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے مختصر رپورٹ پیش کی۔ جبکہ خاکسار نے ایک واقفِ نَو کی خصوصیات کے حوالہ سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے 28؍اکتوبر 2016ء کے خطبہ جمعہ سے مختلف نکات پیش کیے اور اس اجتماع کے کامیاب انعقاد پر مجلس خدام الاحمدیہ اور دیگر ممبران انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب نے خلفائے احمدیت کی واقفین نو سے توقعات اورجرمنی میں جماعتی ضروریات کے حوالہ سے خطاب کیا۔اجتماع کا اختتام دعا سے ہوا جو مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے کروائی۔ اس اجتماع میں 502 خدام واقفین نو نے شرکت کی جبکہ 202 مہمانوں نے بھی اس اجتماع میں شریک ہو کر اس اجتماع کو رونق بخشی۔ اس مہمانان میں والد صاحبان کے علاوہ نیشنل عاملہ ممبران اور مربیان کرام بھی شامل ہوئے۔

(رپورٹ: محمود احمد خان۔ نیشنل سیکرٹری وقفِ نَو جرمنی)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button