مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مورخہ06؍تا 12؍ مئی 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

٭…07؍ مئی بروزمنگل، یکم رمضان المبارک:ا حضور انور نے آج 12 بجے دفتر سے باہر تشریف لا کر مکرم احمد دانیال نورویا صاحب (سلاؤ۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیزاس جنازے کے ساتھ 6 نماز جنازہ غائب بھی پڑھائے۔
٭…آج حضور انور نے رمضان المبارک کے چاند کو دیکھ کر دعا فرمائی ۔

٭…10؍ مئی بروزجمعۃ المبارک: حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں رمضان المبارک کی مناسبت سے آیاتِ قرآنیہ، احادیثِ نبویہؐ اور ارشادات حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰہ والسلام کی روشنی میں روزوں کی فرضیت، ان کی اہمیت، اس ماہ میں مومنوں کی ذمہ داریوں اور دعا کی قبولیت کے طریق کا پُر حکمت اور بصیرت افروز بیان فرمایا۔نیز ڈاکٹر طاہر عزیز احمد صاحب شہید اور ڈاکٹر افتخار احمد صاحب شہیدکی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔

٭…12؍ مئی بروزاتوار : حضور انور نے آج نمازِ ظہر سے قبل مسجد مبارک اسلام آباد کے باہر تشریف لا کر مکرم خالد محمود ملک صاحب (اپر مچم جماعت)کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز7 نماز جنازہ غائب بھی پڑھائے۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، جماعتی اخبارات و جرائد کے مدیران، ذیلی تنظیموں کے صدور، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

٭… اس عرصہ کے دوران112؍ فیملیز اور63؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق16؍ ممالک سے تھا جن میںامریکہ،کینیڈا، جاپان، جرمنی، ہالینڈ، سویڈن، ناروے، فن لینڈ، سوئٹزر لینڈ، بیلجیم، آئرلینڈ، انڈونیشیا، انڈیا، پاکستان، یوکے اور عرب کا ایک ملک شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button