‘شعبہ خبرنامہ’، ایم ٹی اے انٹرنیشنل کی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے ملاقات
مسلم ٹیلی وژن احمدیہ انٹرنیشنل کے شعبہ خبرنامہ (NEWS) کے ٹیم ممبران نے مورخہ 27؍ مئی 2019ء بروز سوموار حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ اس ملاقات کا مقصد مسلم ٹیلیویژن احمدیہ کی خبروں کو بہتر بنانے کے لیے حضورِ انور ایدہ اللہ سے ہدایات و رہنمائی حاصل کرنا تھا۔
حضورِ انور نے ممبرانِ ٹیم کو خبریں دلچسپ اور بہتر بنانے کے لیے مفید ہدایات سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ ہماری خبریں صرف مغربی ممالک کے حالات پر مشتمل نہیں ہونی چاہئیں بلکہ حقیقی طَور پر تمام دنیا کے حالات کی عکاسی کرنے والی ہوں جیسے کہ ہماری جماعت ایک بین الاقوامی جماعت ہے اور دنیا کے ہر خطے میں اس کا نفوذ ہو چکا ہے۔
حضورِ انور نے فرمایا کہ ایم ٹی اے کو ایسے دستاویزی پروگرام تیار کرنے چاہئیں جن سے جماعت کی تاریخ محفوظ ہو اور نوجوان نسل کو بھی تاریخ کے بارے میں آگاہی حاصل ہو۔ یہ پروگرام اس قدر اچھے انداز میں تیار ہونے چاہئیںکہ نوجوان انہیں دلچسپی کے ساتھ دیکھیں اور اپنے علم میں اضافہ کریں۔
(رپورٹ: عابد وحیدخان۔ ڈائریکٹر ایم ٹی اےنیوز)