سیرالیون کے مشاکا (MASIAKA) ریجن میں دو مساجد کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے 2مئی 2019ء کو جماعتِ احمدیہ سیرالیون کومشاکا (MASIAKA) ریجن میں دو نئی مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔ان دونوں مساجد کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی حضور انور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالی کی شفقت سے مرکز کی طرف سے کی گئی۔ ان تقریبات اور مساجد کا مختصر تعارف پیش خدمت ہے۔
……………………………………………………
MOMOLAI TOWN MOSQUE
(احمدیہ مسجد مومولائی)
یہ مسجد مشاکا ریجن کی کویا (KOYA) چیفڈم میں تعمیر کی گئی ہے۔ مسجد کے افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن دس بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد معزز مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم و محترم افتخار احمد گوندل صاحب، ریجنل مشنری WATERLOO ، نے حاضرین سے خطاب فرمایا اور دعا کے ساتھ مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مکرم ولید احمد صاحب، ریجنل مشنری مشاکا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس بابرکت تقریب میں احمدی و غیر احمدی احباب سمیت کل 350 افراد نے شرکت کی۔مسجد کا کل مسقف احاطہ 40×30فٹ ہے اور اس میں 200نمازیوں کی گنجائش ہے۔
پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع ایک پر تکلف کھانے سے کی گئی۔
MASIAKA TOWN MOSQUE
(احمدیہ مسجد مشاکا ٹاون)
یہ مسجدبھی مشاکا ریجن کی کویا (KOYA) چیفڈم میں تعمیر کی گئی ہے۔ مسجد کے افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز بعد نماز ظہر و عصر،تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد معزز مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں مکرم و محترم مولانا سعیدا لرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون، مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب، مکرم افتخار احمد گوندل صاحب، ریجنل مشنری WATERLOO، مکرم ولید احمد صاحب، ریجنل مشنری مشاکا، مکرم چیف کمرا بائی کاربو صاحب (CHIEF QUMRABAI KARGBO)، صدر مشاکا جماعت، احمدی و غیر احمدی احباب سمیت کل 200 افراد نے شرکت کی۔ مکرم و محترم امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا اور دعا کے ساتھ اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔
اس مسجد کےتعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم چیف کمرا بائی کاربو صاحب (CHIEF QUMRABAI KARGBO) کو حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔
مسجد کا کل مسقف احاطہ 40×30فٹ ہے اور اس میں 200نمازیوں کی گنجائش ہے۔پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع ایک پر تکلف کھانے سے کی گئی۔
(رپورٹ عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭