مقدونیا میں رمضان المبارک کے دوران غیر از جماعت افراد کے ساتھ افطار کے پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مقدونیا کو رمضان المبارک میںمعمول کی مصروفیات کے علاوہ متعدد تربیتی، تبلیغی اور خدمت خلق کے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مذکورہ بالا پروگراموں کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔
٭… جلسہ یوم خلافت اور اجتماعی افطاری
مقدونیا کی دونوں جماعتوں کا ایک اجتماعی جلسہ یوم خلافت 26مئی 2019ء کو Pehcevo غمازیئر میں منعقد ہوا جس میں اجتماعی افطاری کا بھی انتظام تھا۔تلاوت قرآن کریم کے بعد خاکسار نے مسلمانوں کی موجودہ بد امنی کی حالت کے حوالہ سے بات کی اور پھر بتایا کہ اللہ تعالیٰ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی پیشگوئیوں کے مطابق امام مہدی اور مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی آمد ہوئی اور اس کے بعد اسلام کے پُر امن پیغام کو پھیلانے کے لیے خلافت قائم ہے۔ اس کے بعد خلافت کی برکات بیان کیں۔ اس پروگرام میں 57 افراد شامل ہوئے۔
٭… اجتماعی افطاری و تربیتی اجلاس جماعت Berevo
28مئی کو Berovo (بیرووو)غازیئر میں اجتماعی افطاری کا انتظام کیا گیا جس میں 20 غیراحمدی مسلمان بھی شامل ہوئے۔ نماز مغرب سے قبل تربیتی اجلاس منعقد ہوا
٭… Kumanovo میں تبلیغی میٹنگ اورافطاری
Kumanovo میں جہاں حال ہی میں بیعتیں ہوئی ہیں 31 جولائی کو ایک تبلیغی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے غیر از جماعت افراد کی ایک کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ شاملین کی کُل تعداد 72 تھی جن میں 50 غیر از جماعت مسلمان تھے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر مہمانوں کی خدمت میں جماعتی لٹریچ بھی پیش کیا گیا۔آخر پر اجتماعی افطاری کروائی گئی۔
ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تحت پروگرامز
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مقدونیا میں ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تحت 4شہروں اور 5 دیہات میں میڈیکل کیمپ اور تقسیم ِفوڈ کے پروگرام منعقد ہوئےجس سے بے شمار لوگوں کو فائدہ پہنچا۔ مقامی میڈیا میں وسیع پیمانے پران پروگرامز کی کوریج بھی ہوئی۔ اس کی تفصیل نہایت اختصار کے ساتھ پیش ہے۔
1۔30مئی 2019ء کو Berovo میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا اورخشک خوراک پر مشتمل پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ مقامی کونسل اور میئر نے اس پروگرام کے لیے اپنا ہال دیا۔ داکٹروں نے رضاکارانہ طور پر130 فیملیوں کے طبّی معائنے کیے اور 500 لوگوں نے پیکٹس حاصل کیے۔ دو ٹی وی چینلز نے بھی اس کی خبر نشر کی۔ اس کے علاوہ دوقریبی دیہات میں گھروں میں جا کر پیکٹ اور ادویات دی گئیں۔
2۔ 31مئی 2019ء کوKumanovoمیں ایک گونگے بہروں کے ادارے میں 50پیکٹ دیے گئے جس کی خبر ٹی وی میں بھی نشر ہوئی۔
3۔ Geugelje میں ایک مہاجر کیمپ میں 100 افراد کے لیے ایک ماہ کی خوراک خرید کر دی گئی۔ مقامی میڈیا نے اس کا ذکر خبروں میں بھی کیا۔
4۔ Pehcevo میں دو جون 2019ء کو میڈیکل کیمپ لگایا گیا نیز کھانے کے پیکٹ دیے گئے۔ مقامی ڈاکٹروں اور نرسوں کی ٹیم نے رضاکارانہ طور پر پروگرام میں شرکت کی۔ قریبی تین دیہات میں گھروں میں جا کر دوائیاں تقسیم کی گئیں۔ 500؍افراد اس سے مستفید ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کی وسیع پیمانے پر میڈیا کوریج بھی ہوئی اور جماعت کا مثبت تعارف لوگوں تک پہنچا۔
خدا تعالیٰ ان پروگراموں کی برکت سے جماعت احمدیہ مقدونیاکی ترقی کے سامان کرے۔ آمین۔
(رپورٹ: وسیم احمد سروعہ۔ مبلغ سلسلہ)
٭…٭…٭