کیپ ٹاؤن کے نواحی علاقہ Vrygrond میں امن کانفرنس کا انعقاد
علاقہ کے عمائدین چرچ کے نمائندوں اور دیگر سماجی تنظیموں کے ممبران کی شرکت
جماعت احمدیہ کیپ ٹاؤن (ساؤتھ افریقہ)گزشتہ کئی سالوں سے کیپ ٹاؤن اور اس کے نواحی علاقوں میں Peace Symposiumکا انعقاد کررہی ہے جس سے عوام کے اندر آگاہی پیداہور ہی ہے کہ ہم سب پُرامن ہوں اور دوسروں کے ساتھ بھی امن، محبت اور بھائی چارہ کے ساتھ رہیں۔ ان پروگراموں کی وجہ سے جماعت کا تعارف کئی مذہبی، سیاسی اور سماجی لیڈروں سے ہوا ان میں ایک Lady Pastor Lorraine Mokoبھی تھیں اور وہ ایک عرصہ سے ہمارے پروگراموں میں شامل ہورہی ہیں جس کی وجہ سے وہ بہت متأثر تھیں۔ حال ہی میں انہیں اُن کے علاقہ کے مختلف مذاہب کے نمائندوں نے اپنی یونین کا چیئرمین بنایا جس پر Lorraine صاحبہ نے اپنی کمیٹی کو بتایا کہ کیسے اُن کا جماعت احمدیہ سے تعارف ہوا اور یہ کہ وہ جماعت کے کئی پروگراموں میں تقریر کرچکی ہیں اور یہ کہ کس طرح جماعت احمدیہ زندگی کے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کو اکٹھا کرلیتی ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ ہم جماعت احمدیہ کے ساتھ مل کر امن کانفرنس کا انعقاد کریں۔ چنانچہ اُن کی تجویز کو کمیٹی نے سراہا اور پھر انہوں نے جماعت سے رابطہ کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ جماعت کے سالانہ کیلنڈر میں 29؍جون کو امن کانفرنس کا پروگرام ہے جو اُن کے ساتھ طے پاگیا۔
اس پروگرام کے انعقاد کے لیے مقامی سکول کا ہال عاریتاً لیا گیا جس کے ایک کونہ میں جماعتی لٹریچر کا سٹال لگایا گیا اور بینرز آویزاں کیے گئے۔ پروگرام الحمدللہ کامیاب رہا۔ 70 سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ مختلف چرچوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور لوگوں سے امن کے موضوع پر بات کی۔ جماعت کی طرف سے مکرم ریّان ایلم صاحب نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تقریر کی اور جماعت کی بین الاقوامی کاوشوں کا ذکر کیا۔
حاضرین کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا اور پروگرام کے بعد کھانا بھی پیش کیا گیا۔ مقررین کو جماعتی کتب جن میں اسلامی اصول کی فلاسفی اور حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی عالمی امن پر تقاریر کا مجموعہ بھی بطور تحفہ دیا گیا۔
پروگرام کے اختتام سے پہلے لوگوں کو مقامی کمیٹی سے سوال و جواب کا موقع دیا گیا۔ حاضرین نے پروگرام کو بہت سراہا۔ خاکسار نے اختتامی دعا کروائی۔ قارئین الفضل سے ساؤتھ افریقہ میں جماعت احمدیہ کی ترقی کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
(رپورٹ: منصور احمد زاہد ،صدر جماعت و مبلغ سلسلہ)
٭…٭…٭