نمازِ جنازہ حاضرو غائب مورخہ 07؍ مئی 2019ء
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ 07؍مئی 2019ء کو نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک (اسلام آباد۔ٹلفورڈ)کے باہر تشریف لا کر مکرم احمد دانیال نورویاصاحب(سلاؤ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم احمد دانیال نورویا صاحب(سلاؤ۔یوکے)
4؍ مئی 2019ء کو82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ماریشس کے پہلے احمدی مکرم نور محمد نورویا صاحب کے پوتے تھے ۔ مرحوم بہت نیک، اصول پسند اور باوفا انسان تھے۔ماریشس جماعت کے فعال ممبر تھےاور2005ء سے اپنے بچوں کے پاس یہاں سلاؤ میں مقیم تھے ۔آپ کو 1993ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے دورہ ماریشس کے دوران قافلہ کو اسکارٹ کرنے کی سعادت ملی ۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
-1مکرم سید فضل احمد صاحب (فلاڈیلفیا۔امریکہ)
25؍فروری 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم کو بچپن سے خدمت دین کی توفیق ملتی رہی ۔ 1971ء میں آپ نے بطور سائق ناظم آباد کراچی سے خدمت کا باقاعدہ آغاز کیا۔ بعدازاں صدر احمدیہ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کراچی، زعیم مجلس ، زعیم انصاراللہ دبئی، صدر جماعت دبئی، زعیم انصار اللہ فلاڈیلفیا، جنرل سیکرٹری، قائد تعلیم القرآن مجلس انصار اللہ امریکہ اور نائب نیشنل سیکرٹری وقف نو کے طور پر خدمت کی توفیق پائی اوراپنی آخری شدید علالت کے باوجود تادم آخر یہ سلسلہ جاری رکھا۔ مسجد فلاڈیلفیا کے لیے چندہ اکٹھا کرنے اور گزشتہ سال حفظ القرآن کیمپ میں بھی خدمت کی توفیق پائی ۔ آپ کی خدمت کا عرصہ 48 سال پر محیط ہے ۔ آپ نہایت خلیق، مخلص، باوفا، جماعت کے اطاعت گزار اور شفیق انسان تھے۔خدمت قرآن کریم کا آپ کوخاص شغف تھا ۔ مرحوم موصی تھے ۔آپ مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب (انچارج انصار سیکشن مرکزیہ)کے بہنوئی تھے۔
-2مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم میجر شمیم احمد صاحب مرحوم (ہیوسٹن ۔امریکہ )
19؍مارچ 2019ء کو 95سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کےمیاںنے نائب امیر کراچی کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑےہیں۔
-3 مکرمہ خولہ مجید صاحبہ اہلیہ مکرم عبد المجید صاحب مرحوم (کراچی)
28؍فروری 2019ءکو 88سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود ؑکے صحابی حضرت مولوی عبد الماجد صاحبؓ کی سب سے بڑی پوتی تھیں۔ حضرت سارہ بیگم صاحبہ (حرم حضرت مصلح موعود ؓ)ان کی سگی پھوپھی تھیں۔مرحومہ نے پنجاب یونیورسٹی سے فارسی لٹریچر میں منشی فاضل کی ڈگری حاصل کی۔ گہرا دینی علم رکھتی تھیں۔حضرت مسیح موعودؑ کی کتب اور جماعت کے لٹریچر اور دیگر کتب کا گہرا مطالعہ تھا۔اردو اور فارسی ادب اور شاعری سے بھی بہت شغف تھا۔سینکڑوں اردو اور فارسی اشعار زبانی یاد تھے جو برمحل پڑھا کرتی تھیں۔صوم وصلوٰۃکی پابند ، باقاعدہ تلاوت قرآن کریم کرنے والی ، منکسرالمزاج، غریبوں کی ہمدرد، صدقہ وخیرات کرنے والی ایک نیک فطرت اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت ، نظام جماعت اور خاندان حضرت مسیح موعودؑ کے ساتھ گہر اعقیدت کا تعلق تھا۔اپنے حلقہ میں صدر لجنہ کے علاوہ بھی مختلف حیثیتوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ رمضان میں اپنے گھر پر درس القرآن ، افطاری اور نماز تراویح کا اہتمام کروایا کرتی تھیں۔لجنہ کے اجلاس بھی لمبا عرصہ آپ کے گھر پر ہی ہوتے رہے ۔ میاں کی وفات کے بعد گھر کی ذمہ داریاں بھی خوش اسلوبی اور صبر واستقامت کے ساتھ ادا کرتی رہیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں پانچ بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔
-4 مکرمہ انجم افشاں صاحبہ اہلیہ مکرم ارشد اقبال بھٹی صاحب (نیگومبو۔سری لنکا)
6؍مارچ 2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود ؑکے صحابی حضرت چوہدری امین اللہ صاحب کی پوتی اور مکرم چوہدری محمد یوسف صاحب (بیڈن روڈ لاہور )کی بیٹی تھیں ۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، تہجدگزار ، قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کرنے والی ، خوش اخلاق، سادہ طبیعت کی مالک ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت اور نظام جماعت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا ۔اپنی اولاد نہیں تھی لیکن جہاں بھی رہیں سب بچوں کے ساتھ بے انتہا پیار کا تعلق تھااور بچوں کی تربیت بہت عمدہ رنگ میں کرتی تھیں۔لاہور ، تربیلا ڈیم ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد اور سری لنکا میں مختلف حیثیتوں میں لجنہ کی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔
-5 مکرمہ مسرت بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم گلزار احمد صاحب اٹھوال(نصرت آباد ۔ضلع میر پور خاص)
10؍مارچ 2019ءکو 77سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نے نصرت آباد میں سیکرٹری مال کے علاوہ صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ لجنہ کے جملہ امور میں صدر لجنہ ضلع کے ساتھ بھر پور تعاون کرتی رہیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز، ایک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے سے خاص شغف تھا۔ بیسیوں احمدی اور غیر احمدی بچوں کو قرآن کریم پڑھایا ۔ خلافت کے ساتھ بہت عشق اور محبت کا تعلق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم چوہدری تنویر احمد صاحب (امیر ضلع میر پور خاص )کی والدہ تھیں۔
-6 مکرمہ ارشاد بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری اللہ دتہ صاحب مرحوم (ویمبلڈن پارک۔لندن)
یکم مارچ 2019ءکو 90سال کی عمر میں پاکستان میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ایک نیک، مخلص ، باوفا ، دعا گو بزرگ خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ مکر م وسیم احمد صاحب سروعہ (مبلغ سلسلہ مقدونیہ)کی تائی تھیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭