یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کے 32ویں سالانہ اجتماع کا انعقاد

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کو اپنا 32 واں سالانہ اجتماع مورخہ 26؍تا 28؍ جولائی 2019ءکو بمقام ‘‘بیت العطاء’’ (جلسہ گاہ جماعت احمدیہ فرانس ) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذلک۔
خدام الاحمدیہ کی نیشنل مجلس عاملہ نے دوران سال متعدد میٹنگز کر کے اجتماع کی پلاننگ کی اور تمام ناظمین و نائب ناظمین کو ان کے کام بتائے اور ساتھ ساتھ رہ نمائی بھی کرتے رہے۔ اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں اجتماع کمیٹی سے مسلسل رابطہ رکھا گیا اور اجتماع سے پہلے کے دو دو مرتبہ ہفتہ اور اتوار کے روز وقار عمل کیا گیا اور اجتماع گاہ کے علاوہ کھیلوں کی تیاری کے سلسلہ میں میدانوں کو بھی تیار کیا گیا۔

26؍ جولائی بروز جمعہ تمام حاضرین نے جمعہ بیت العطاء میں ادا کیا جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ اردو اور فرنچ میں سنا گیا۔ دوپہر 3بج کر 30 منٹ پر مکرم نصیر احمد شاہد صاحب (مشنری انچارج فرانس)اور مکرم جمیل الرحمٰن صاحب (صدر مجلس خدام الاحمدیہ فرانس )نے تمام تیاریوں کا معائنہ کیا۔ اجتماع کا باقاعدہ افتتاح پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں تلاوت، عہد خدام الاحمدیہ اورنظم کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام و اطفال کو نصائح کیں۔آخر پر مکرم مشنری انچارج صاحب نے تمام حاضرین کو عموماً اورانتظامیہ کو خصوصاً اجتماع کی حاضری بڑھانے کی طرف توجہ دلائی۔جس کے بعد دعا ہوئی۔

دعا کے بعد ورزشی مقابلے کروائے گئے جن میں ثابت قدمی اور والی بال کے میچز کروائے گئے ۔ والی بال کے ایک دلچسپ میچ کے بعد مجلس ایپر نے (Epernay)نے جیت لیا۔ اسی روز نماز مغرب و عشاءسے پہلے خدام کا تحریری ٹیسٹ ہوا،جس میں 50 سے زائد خدام نے حصہ لیا۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جس میں خدام و اطفال کی حاضری84 رہی۔ نماز فجر کے بعد درس ہوا۔ جس کے بعد تمام حاضرین نے تلاوت کی۔

ناشتہ کے بعد دوسرے روز ورزشی مقابلہ جات میں کرکٹ ، فٹ بال، کلائی پکڑنا، دوڑسو میٹر اور امسال ایک نیا مقابلہ نشانہ بازی کروایا گیا۔

اسی طرح بعد نماز ظہر و عصر علمی مقابلہ جات ہوئے، جن میں تلاوت ،نظم اور مشاہدہ معائنہ و پیغام رسانی شامل ہیں۔ تمام مجالس نے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ نما زمغرب و عشاءکے بعد ‘‘خدام کارنر ’’ کے نام سے ایک دلچسپ پروگرام کروایا گیا، جس میں تمام خدام و اطفال نے بھرپور شمولیت کی۔اس پروگرام میں خدام و اطفال لطائف سنا کر یا اپنی لکھی ہوئی کوئی نظم سنا کر یا اپنی زندگی کا کوئی دلچسپ واقعہ وغیرہ سنا کر شامل ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ دوسرے روز کے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تیسرے روز کا آغاز بھی تہجد اور نماز فجر سے ہوا جس میں حاضری 119رہی۔ تیسرے روز ورزشی مقابلہ جات میں کرکٹ اور فٹ بال کے فائنلز ہوئے،نیز رسہ کشی کا دلچسپ مقابلہ بھی ہوا۔ کرکٹ کا فائنل draw ہوگیا تھا۔دونوں ٹیموں نے8 oversمیں 78رنز بنائے۔ دلچسپی کی بات یہ تھی کہ boundariesبھی 8،8تھیں۔ لہٰذا صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فرانس نے فیصلہ کیا کہ دونوں ٹیمیں ٹرافی کی حق دار ہیں۔ اسی روز نماز ظہر و عصر سے قبل مقابلہ جات میں تقریر اردو اور فی البدیہہ تقریر فرنچ کے مقابلہ جات ہوئے ۔

نماز ظہر و عصر کے بعد اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت،عہد اور قصیدہ کے بعد تقسیم انعامات ہوئی۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مشنری انچارج فرانس اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے،آپ نے اختتامی تقریر میں خدام و اطفال کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

مجلس اطفال الاحمدیہ فرانس کے بھی علمی و ورزشی مقابلہ جات ساتھ ساتھ جاری رہے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، حفظ القرآن، تحریری ٹیسٹ اور اردو ؍فرنچ تقاریر کے مقابلہ جات کروائے گئے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، کرکٹ، دوڑ سو میٹر،دوڑ چار سو میٹر اور رسہ کشی کے مقابالہ جات شامل تھے۔

اس سال 170 خدام اور 61 اطفال نیشنل اجتماع میں شامل ہوئے جبکہ 57 مہمان بھی تھے۔ اس طرح کُل حاضری 288رہی۔

آخر پرقارئین الفضل سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اجتماع کے تمام کارکنان اور اجتماع میں شامل ہونے والے احباب کو دین و دنیا کی حسنات سے نوازے اور انہیں آئندہ بڑھ چڑھ کر خدمت دین کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے، ہماری تمام کمزوریو ں اور کوتاہیوں کو دور فرمائے اور ہمیں خلافت احمدیہ سے ہمیشہ وابستہ رہنے والا بنائے۔ آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button