نمازِ جنازہ حاضر و غائب مورخہ 29؍ مئی 2019ء
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 29؍مئی 2019ءکونماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک(اسلام آباد۔ٹلفورڈ)کے باہر تشریف لا کر مکرمہ ضیاء السلام صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری مقصود احمد بھلی صاحب ایڈووکیٹ مرحوم (آف سیالکوٹ ۔حال مانچسٹر ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ ضیاء السلام صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری مقصود احمد بھلی صاحب ایڈووکیٹ مرحوم (آف سیالکوٹ ۔حال مانچسٹر ۔یوکے)
25مئی 2019ءکو80سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔2018ءمیں اپنے میاں کے ساتھ یوکے آئی تھیں ۔پسرور میں 28 سال تک اپنی مجلس میں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔اپنا گھر نماز جمعہ اور عید ین کے لیے وقف کیا ہواتھانیز مربیان کی رہائش کے لیے بھی ایک کمرہ دیا ہوا تھا ۔ آپ بے شمار خوبیوں کی مالک تھیں۔نمازوں کی پابند ،انتہائی مہمان نواز، ملنسار، غریب پرور ،خدا ترس اور منفرد شخصیت کی مالک ایک باوفا خاتون تھیں۔
نماز جنازہ غائب:
-1مکرم بشیر احمد شاہد صاحب(شاہد کلاتھ ہاؤس ربوہ)
6اپریل 2019ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ پیدائشی احمدی تھے۔ آپ کے خاندان میں احمدیت ان کے چھوٹے چچا کے ذریعہ آئی ۔بعد میں ان کے والد اور دادا نے احمدیت قبول کی ۔ قادیان میں آپ کے چچا کا کاروبار ‘‘لاہوریاں دی ہٹی ’’کے نام سے مشہور تھا ۔ مرحوم خلافت سے بہت پیار کرنے والے فدائی احمدی تھے ۔خلافت کی ہر تحریک پر خود بھی اور بچوں سے بھی عمل کرواتے۔خاندان حضرت مسیح موعودؑ سے بھی بہت لگاؤ تھا۔ کاروبارکے اختتام پر اپنی زندگی کو جماعت کی خدمت کے لیے وقف کردیاتھا اور 20سال تک دفتر نمائش ربوہ کے انچارج کے طور پر خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم موصی تھے ۔
-2مکرمہ بشیراں بیگم صاحبہ(ربوہ)
4مئی 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ صوم وصلوۃ کی پابند ، خلافت سے بے انتہا محبت رکھنے والی ایک نیک اور شفیق خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
-3مکرم عبد القیوم کھوکھر صاحب (جرمنی)
11اپریل 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ مکرم عبدالعزیزکھوکھرصاحب مرحوم (کارکن وکالت مال ثانی )کے بڑے بیٹے تھے ۔جماعت جرمنی میں مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی ۔گروس گیراؤ اور ایشرز ہائم کے صدر جماعت رہے ۔وفات سے قبل انسپکٹر بیت المال کے طورپر خدمت بجالارہے تھے ۔صوم وصلوٰۃ کےپابند،ایک مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ مکرم صفدر حسین عباسی صاحب (کارکن رقیم پریس یوکے)کے بہنوئی تھے ۔
-4مکرمہ سعیدہ احسن صاحبہ بنت مکرم محمد احسن قریشی صاحب(ربوہ)
24؍فروری 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ایم اے عربی کا امتحان پاس کرنے کے بعد آپ نے جامعہ نصرت ربوہ میں درس وتدریس کا سلسلہ شروع کیا۔ اسی دوران آپ کو لجنہ اماء اللہ مرکزیہ میں نائب سیکرٹری اصلاح و ارشاد، سیکرٹری تعلیم ، سیکرٹری تربیت واصلاح وارشادکے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔نیز صد سالہ جشن کی تقریبات کی نگران رہیں۔اس تمام عرصۂ خدمت کے دوران آپ کو حضرت مریم صدیقہ صاحبہ کا خصوصی اعتماد اور شفقت ومحبت حاصل رہی ۔ مختلف دورہ جات میں ان کی ہمرکابی کا شر ف بھی حاصل رہا ۔ 1993ء سے 2003ء تک عائشہ دینیات اکیڈمی ومدرسۃ الحفظ طالبات کی پرنسپل رہیں ۔ مرحومہ خوش اخلاق، خوش گفتار، خوش لباس اور اعلیٰ ادبی ذوق کی حامل تھیں۔ آپ کے بھائی مکرم محمد اسلم قریشی صاحب(مربی سلسلہ)کو ٹرینیڈاڈ میں شہادت نصیب ہوئی جس کو آپ کے خاندان نے بڑی ہمت وحوصلہ سے برداشت کرتے ہوئے اپنے لیے ایک اعزاز سمجھا۔
-5مکرمہ مختاراں بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم غلام محمد صاحب (دارالنصر شرقی نور۔ربوہ)
24فروری 2019ءکو 72سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ایک مخلص اور محنتی خاتون تھیں۔ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرتی تھیں۔چندہ جات کی ادائیگی میں باقاعدہ اوردیگر مالی تحریکات میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیتی تھیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم خالد محمودصاحب واقف زندگی ہیں اور آج کل صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔
-6مکرم شیخ اسلام احمد صاحب ابن مکرم شیخ سبحان علی صاحب(گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ)
23مارچ 2019ء کو 81سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے دادا مکرم شیخ برکت علی صاحب نے رؤ یا ئےصادقہ کے ذریعہ احمدیت قبول کی اور آپ کے نانا مکرم شیخ علی گوہر صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کی نشانیاں دیکھ کر خود تحقیق کرکے احمدی ہوئے۔مرحوم نے بیس سال آرمی میں سروس کی اور کئی اعزازات حاصل کیے۔ بہت ملنسار اور منکسر المزاج انسان تھے۔ نماز باجماعت کا باقاعدگی سے اہتمام کرتے اور ہرایک کے کام آتے تھے۔خلافت سے بے پناہ محبت اور عقیدت تھی۔ نظام جماعت کے ساتھ اخلاص کا تعلق تھا اور جماعتی عہدیدارن کا بہت احترام کرتے تھے۔چندہ جات کی ادائیگی بڑی باقاعدگی سے کرتے تھے۔
-7مکرمہ امۃالشکور فرزانہ صاحبہ اہلیہ مکرم سید منیر احمد شاہ صاحب(اسلام آباد)
9مئی 2019ءکو 54سال کی عمرمیں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے پڑدادا حضرت سید سعد محمدصاحب نے خط کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کی ۔جبکہ آپ کے نانا مکرم سید سعید احمد صاحب واقف زندگی تھے ۔انہوں نے فرقان فورس میں خدمت کی توفیق پائی اور جب وہ ختم ہوئی تو حضرت مصلح موعود ؓنے انہیں سندھ میں کاٹن فیکٹری میں بھیج دیا ۔مرحومہ نے اپنے میاں کے ساتھ مل کر مختلف جماعتی خدمتوں میں معاونت کی توفیق پائی ۔وقف نو کی کلاسوں میں ریفریشمنٹ کا اہتمام بڑے شوق سے کیا کرتی تھیں۔ صدقہ وخیرات کرنے والی ،مہمان نواز، خلافت کی شیدائی، نیک مخلص اور ایک ہر دلعزیز خاتون تھیں۔خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔بچوں کی بہت عمدہ رنگ میں تربیت کی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم سید سلمان حیدر صاحب(مربی سلسلہ جہلم شہر)کی والدہ تھیں۔
-8مکرم رانا افضال احمد خان صاحب نمبر دار(549EBضلع وہاڑی )
26مارچ2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے والدحضرت احمدعلی خان صاحب اور دادا حضرت چوہدری نجابت علی خان صاحب دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے ۔مرحوم بہت دین دار، امانت دار، مہمان نواز اوربہت اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور لٹریچر کا کثرت سے مطالعہ کرتے تھے۔ لمبا عرصہ مقامی جماعت کے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔نیز 62 سال اپنے گاؤں کے نمبر دار بھی ر ہے ۔ آپ کو سخت مخالفت کا بھی سامنا رہا لیکن ہمیشہ بڑی بہادری اور جوانمردی کے ساتھ حالا ت کا مقابلہ کرتے رہے ۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭