ارشادِ نبوی
ارشاد ِنبوی ﷺ
حضرت ربیعہؓ جو آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کے خادم اور اہل الصفّہ میں سے ہیں وہ بیان کرتے ہیں کہ رات کو میں آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت کے لیے آپؐ کے گھر سویا کرتا تھا۔ رات کو اُٹھ کر آپؐ کے وضو کا پانی لاتا اور دوسرے کام کاج کرتا۔ ایک دن آپؐ نے فرمایا: مجھ سے کچھ مانگنا ہے تو مانگ لو۔ میں نے کہا: میں اس دعا کے لیے آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ جنت میں بھی آپؐ کا ساتھ میسّر ہو۔ حضورؐ نے فرمایا: اس کے علاوہ بھی کچھ اَور چاہیے؟ میں نے کہا بس یہی کافی ہے۔ اس پر آپؐ نے فرمایا: میں دعا کروں گا۔ لیکن کثرتِ سجود و صلوٰۃ سے تم بھی اس بارہ میں میری مدد کرو۔
(مسلم باب فضل السجود و الحث علیہ)