حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (تیسرا روز، 27؍ستمبر2019ءبروز جمعۃ المبارک)
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
جلسہ سالانہ ہالینڈ کا افتتاح، معرکہ آرا خطبۂ جمعہ، تقریبِ پرچم کشائی، 27؍ خوش نصیب بچوں کی تقریبِ آمین
آج 27؍ ستمبر 2019ء بروز جمعۃ المبارک سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا تیسرا جبکہ جلسہ سالانہ ہالینڈ کا پہلا روز تھا۔ حضورِانور نے نمازِ فجر صبح ساڑھے چھے بجے بیت النور میں تشریف لا کر پڑھائی جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔ مسجد کا ہال بھر گیا اوراحباب نے مسجد سے باہر بھی صفیں بنا کر نماز ادا کی۔
دوپہر کو نماز جمعہ پر جانے سے قبل حضورِ انور نے پرچم کشائی کی تقریب کو برکت بخشی اور لوائے احمدیت لہرانے کے بعد دعا کروائی۔ یہاں سے حضورِ انور پیدل چل کر جلسہ گاہ تشریف لے گئے۔ مردانہ جلسہ گاہ میں داخلے کے مرکزی گیٹ کے سامنے سے گزرے تو مہمانان جلسہ نے جو تقریبِ پرچم کشائی میں شمولیت کے بعد جلسہ گاہ میں داخل ہو رہے تھے اپنے پیارے آقا کو سلام کا تحفہ پیش کیا۔ حضور پُر نور دوستوں کے سلام کا جواب دیتے ہوے سٹیج کی طرف بنائے جانے والے بغلی دروازے سے جلسہ گاہ میں جلوہ افروز ہوئے۔ مکرم حمّاد عبّاسی صاحب نے اذان دی جس کے بعد حضورِ انور نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ خطبہ جمعہ کا خلاصہ دوپہر کے بلیٹن میں پیش کیا جا چکا ہے۔
حضورِ انور نمازِ جمعہ اور عصر کی (قصر) ادائیگی کے بعد اپنی قیام گاہ واپس تشریف لے گئے۔
تقریبِ آمین(اطفال): حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شام اٹھ بج کر دس منٹ پر قرآنِ کریم کا پہلا دَور ختم کرنے والے خوش نصیب بچوں کی تقریبِ آمین کو سرفراز فرمانے کی غرض سے جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے۔ حضورِ انور نے اس تقریب میں 27؍ بچوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سنا اور آخر پر دعا کروائی۔ ان ستائیس بچوں کے کوائف حسب ذیل ہیں:
حضورِ انور نے ساڑھے آٹھ بجے کے قریب نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور پھر اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔
اللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
جلسہ سالانہ ہالینڈ: آج جلسہ سالانہ ہالینڈ کا پہلا روز تھا۔ صبح نو بجے رجسٹریشن کا آغاز ہوا جس کے بعد محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ ہالینڈ نے انتظامات کا معائنہ کیا۔ پونے بارہ بجے کے قریب مہمانوں کے لیے طعام کا انتظام تھا۔ پونے دو بجے کے بعد پرچم کشائی کی بابرکت تقریب ہوئی اور پھر جمعۃ المبارک کا بابرکت اجتماع۔ شام ساڑھے چار بجے جلسے کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا اور پھر نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ محترم ھبۃ النور فرحاخن صاحب نے حاضرینِ جلسہ سے خطاب کیا۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ ہالینڈ کے مبلّغ انچارج محترم نعیم احمد وڑائچ صاحب نے’سیرت النبیﷺ‘ کے موضوع پر اردو میں تقریر کی اور اجلاس اوّل برخاست ہوا۔
حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ سے فی الوقت بس اتنا ہی۔ ان شاء اللہ مزید تفصیلات پر مشتمل اگلا بلیٹن لے کر جلد حاضر ہوں گے۔
(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)