حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (چھٹا روز، سوموار 30؍ستمبر2019ء)
نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ ہالینڈ، مجلس انصاراللہ، مجلس خدام الاحمدیہ اور لجنہ اماء اللہ کی حضورِ انور ایّدہ اللہ سے ملاقات، واقفاتِ نَو اور واقفینِ نَو کی الگ الگ کلاسز کا انعقاد
(نن سپیت، 30؍ستمبر 2019ء ہالینڈ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا چھٹا روز تھا۔ آج صبح حضورِ انور نے نماز فجر ساڑھے چھے بجے بیت النور میں پڑھائی اور نماز کی ادائیگی کے بعد قیام گاہ پر واپس تشریف لے گئے۔ نمازِ فجر کے وقت ہلکی ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی لیکن دن نکلنے کے ساتھ ساتھ موسم بہتر ہوتا چلا گیا اوردن گیارہ بجے جب حضورِ انور جماعت احمدیہ ہالینڈ کی ملکی مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ کے لیے بیت النور تشریف لائے تو موسم پوری طرح کھل چکا تھا۔ ایک ہفتے سے جاری ابر آلود موسم اور بارش کی آنکھ مچولی کے بعد موسم میں خوش گوار تبدیلی سے سب ہی کے چہرے کِھل اٹھے تھے۔
نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ ہالینڈ: حضورِ انور نے کرسی پر تشریف فرما ہونے کے بعد محترم امیرصاحب ہالینڈ سے استسفار فرمایا کہ میٹنگ کا ایجنڈا کیا ہے؟ مکرم امیر صاحب نے عرض کیا کہ جیسے حضور ارشاد فرمائیں۔ حضورِ انور نے فرمایا پھر دعا سے شروع کرتے ہیں۔ دعا کے بعد حضور پُر نور نے ممبرانِ عاملہ سے شعبہ وار کام کا جائزہ لیا اور ساتھ ساتھ ہدایات عطا فرمائیں۔ نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ کے ساتھ ہونے والی یہ میٹنگ دوپہر بارہ بجے تک جاری رہی۔ اس میٹنگ میں ممبران نیشنل عاملہ کے علاوہ ہالینڈ کے ریجنل امراء بھی حاضر تھے۔ جماعت احمدیہ ہالینڈ 17 جماعتوں اور 4 ریجنز پر مشتمل ہے۔
مجلس انصاراللہ ہالینڈ: بارہ بجے مجلس انصار اللہ کی نیشنل عاملہ کی میٹنگ شروع ہوئی۔ ہالینڈ میں انصاراللہ کی تعداد 266 ہے۔ جبکہ یہ 14 مجالس اور تین ریجنز پر مشتمل ہے۔ میٹنگ میں اراکین عاملہ کے علاوہ زعماء اور ریجنل ناظمین بھی حاضر تھے۔ مجلس انصاراللہ کے ساتھ حضورِ انور کی میٹنگ ایک بجے تک جاری رہی۔
مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ: مجلس انصاراللہ کے بعد مجلس خدام الا احمدیہ کی مجلس عاملہ، قائدین اور ریجنل قائدین کی حضورِ انور کے ساتھ میٹنگ طَے تھی۔ ھالینڈ میں خدام الاحمدیہ کی مجالس کی تعداد دس، خدام کی تعداد 368 اور اطفال کی تعداد121 ہے جبکہ خدام الاحمدیہ چار ریجنزمیں تقسیم ہے۔حضورِ انور دو بجے تک خدام کے درمیان تشریف فرما رہے۔
میٹنگ کے ختم ہونے پر نماز کی تیاری کے لیے حضور پُر نور قیام گاہ تشریف لے گئے اور دو بج کر بیس منٹ پر بیت النور میں دوبارہ تشریف لا کر نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔
لجنہ اماء اللہ ہالینڈ: آج سہ پہر پانچ بجے لجنہ ماءاللہ کی نیشنل مجلس عاملہ کی ممبرات اور صدر حلقہ جات کی حضورِ انور سے ملاقات تھی جو شام چھے بجے تک جاری رہی۔ ہالینڈ میں لجنہ کے سترہ حلقے ہیں جبکہ ممبرات 548 اور ناصرات کی تعداد 110 ہے۔
کلاس واقفاتِ نَو: شام چھے بجے سے سات بجے تک حضورِ انور نے واقفاتِ نو کی کلاس کو رونق بخشی۔ ھالینڈ میں 83 بچیوں کو وَقفِ نَو کی بابرکت تحریک میں شمولیت کی سعادت حا صل ہے۔
کلاس واقفینِ نَو: شام سات سے آٹھ بجے تک حضور پُر نور کی بابرکت موجودگی میں واقفینِ نَو کی کلاس ہوئی جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور حدیث پیش کیے جانے کے بعد ہستی باری تعالیٰ کے عنوان پر تقریر ہوئی۔ اس محفل میں ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ واقفینِ نَو نے اپنے آقا سے مختلف سوالات کرنے کی سعادت پائی جن کے جوابات حضور پُر نور نے انتہائی شفقت بھرے انداز میں انہیں سمجھائے۔ھالینڈ میں واقفین نَو بچوں کی تعداد 123 ہے جن میں سے 92؍ بچوں کی عمر چھے سال سے زائد ہے۔ ان میں سے 68 بچوں نے پروگرام میں شرکت کی سعادت پائی۔ یہ انتہائی دلچسپ اور سبق آموز بابرکت مجلس رات آٹھ بجے تک جاری رہی۔
واقفینِ نَو کی کلاس کے بعد حضورِ اقدس نماز کی تیاری کے لیے اندرونِ خانہ شریف لے گئے اور پھرتشریف لا کر آٹھ بج کربیس منٹ پرنمازِمغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ رات پونے نو سے قبل حضور پُر نور اپنی قیام گاہ کی طرف تشریف لے گئے۔
کل مورخہ یکم اکتوبر بروز منگل حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہالینڈ کے شہر المیرے (Almere) میں نَو تعمیر شدہ جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد ’بیت العافیت‘ کا افتتاح فرمائیں گے۔ افتتاح کی تقریب مسلم ٹیلیویژن احمدیہ پر لندن وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے شام نشر کی جائے گی۔ ان شاءاللہ
[حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کی تفصیلی رپورٹس کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے۔](رپورٹ: عرفان احمد خان ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)
خدا تعالی کے عجیب کام ہوتے ہیں دنیادار الہی جماعت کی جائیدادوں مالوں اور جانوں کے ضائع کرنے کی سوچ میں رہتے ہیں اور اللہ تعالی ان کے توکل کی قدر کو بڑھاتا ہے اور رزق وہاں سے عطا کرتا ہے جہاں سے بندہ سوچتا بھی نہیں اور ان کے اموال جو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے پر فرشتے بھی عش عش کر اٹھتے ہیں
اللہ کے گھر کو عبادت کے لئے بنانے پر بہت بہت مبارک ہو