مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مصروفیات حضور انور کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

مورخہ26؍ تا 29؍ستمبر2019ء حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میں سے چند امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭… 26؍ستمبربروزجمعرات:حضورانور ایّدہ اللہ کا آج نن سپیت (Nunspeet) ہالینڈ میں قیام کا دوسرا روز تھا۔

٭…حضورِ انور نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھے بجے مسجد بیت النورمیں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی جس میں احباب و خواتین اور بچوں کی ایک کثیر تعداد شامل ہوئی۔ مسجد خدا تعالیٰ کے فضل سے نمازیوں سے پُر تھی۔

٭…حضورِ انور نے نمازِ ظہر و عصر دو بجے مسجد بیت النور میںپڑھائیں۔نمازوں کے اوقات میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آتے ۔ نمازی جن کو زندگی میں پہلی بار حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں ادا کرنے کا یادگارموقع میسّر آ یااپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے اور ہر تھوڑی دیر کے بعد مسجد کے کسی نہ کسی حصے سے رقت آمیز سسکیوں کی آوازیں سنائی دینے لگتیں ۔

ہالینڈ میں نو وارد احمدی حکومتی نظام کے تحت دُور دراز کے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ حضور ایّدہ اللہ کے دیداراور نمازوں کی ادائیگی کے لیے ہالینڈ کی جماعت ان کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کر رہی ہے۔ بعض دوستوں کو دو دو گھنٹے کی مسافت سے بیت النور لانے کا بھی انتظام کیا جاتا رہا۔

٭…شام کو حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ نماز مغرب و عشاء پڑھانے کے لیے 8؍ بج کر20 منٹ پر تشریف لائے اور پونے نو بجے کے قریب اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔

٭…27؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک: آج سیّدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا تیسرا روزتھا۔

حضورِانور نے نمازِ فجر صبح ساڑھے چھے بجے بیت النور میں تشریف لا کر پڑھائی جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔ مسجد کا ہال بھر گیا اوراحباب نے مسجد سے باہر بھی صفیں بنا کر نماز ادا کی۔

٭… دوپہر کو نماز جمعہ پر جانے سے قبل حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے پرچم کشائی کی تقریب کو برکت بخشی اور لوائے احمدیت لہرانے کے بعد دعا کروائی۔ یہاں سے حضورِ انور پیدل چل کر جلسہ گاہ تشریف لے گئے۔ مردانہ جلسہ گاہ میں داخلے کے مرکزی گیٹ کے سامنے سے گزرے تو مہمانان جلسہ نے جو تقریبِ پرچم کشائی میں شمولیت کے بعد جلسہ گاہ میں داخل ہو رہے تھے اپنے پیارے آقا کو سلام کا تحفہ پیش کیا۔

حضور پُر نور دوستوں کے سلام کا جواب دیتے ہوئے سٹیج کی طرف بنائے جانے والے بغلی دروازے سے جلسہ گاہ میں جلوہ افروز ہوئے۔ مکرم حمّاد عبّاسی صاحب نے اذان دی جس کے بعد حضورِ انور نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ (خطبہ جمعہ کا خلاصہ اس شمارے کے صفحہ نمبر 5 پر ملاحظہ فرمائیں۔)

حضورِ انور نے نمازِ جمعہ اور عصر جمع کر کےپڑھائیں۔بعد ازاںحضور انور اپنی قیام گاہ تشریف لے گئے۔

٭…آج شام آٹھ بج کر دس منٹ پر جلسہ گاہ میں قرآنِ کریم کا پہلا دَور ختم کرنے والے خوش نصیب بچوں کی حضور انور کی موجودگی میں تقریبِ آمین کا انعقاد ہوا۔ حضورِ انور نے اس تقریب میں 27؍ بچوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سنا اور آخر پر دعا کروائی۔

٭…حضورِ انور نے ساڑھے آٹھ بجے کے قریب نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور پھر اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔

٭…28؍ستمبر2019ء بروز ہفتہ:آج دورۂ یورپ کا چوتھا روزتھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ساڑھے چھے بجے جلسہ گاہ میں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی ۔

٭…دوپہرساڑھے بارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز لجنہ اماء اللہ کے جلسہ گاہ میں تشریف لائے۔

٭…بارہ بج کر 54؍ منٹ پر حضورِ انور منبر پر رونق افروز ہوئے اوراپنے پُر معارف خطاب کا آغاز فرمایا۔(اس خطاب کا خلاصہ اسی شمارے کی زینت ہے۔)

٭…حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج ساڑھے چار بجے جلسہ گاہ میں تشریف لا کر غیر از جماعت مہمانوں سے انگریزی میں خطاب فرمایا۔

٭…شام آٹھ بجے نماز مغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں اور اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔

٭…29؍ستمبر2019ءبروز اتوار:آج حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کے دورۂ یورپ کا پانچواں دن تھا۔
حضورِ انور نے صبح ساڑھے چھے بجے نماز فجر پڑھائی۔

٭…نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے لیے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ جلسہ گاہ میںتشریف لائے۔ جس کے فوری بعد 3بجکر 21منٹ پر حضور انور سٹیج پر رونق افروز ہوئے اور جلسہ سالانہ ہالینڈ کے اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز فرمایا۔ 3بجکر 40منٹ پر حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے اختتامی خطاب کا آغاز فرمایا۔اور خطاب کے بعد دعا سے جلسہ سالانہ کا اختتام فرمایا۔

٭…نماز مغرب و عشاءسے قبل حضور انور کی موجودگی میں 30؍بچیوں کی تقریب آمین کا انعقاد ہوا۔ بعد ازاں حضور انور نے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔9 بج کر 10 منٹ پر حضور انور اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

ملاقات حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

مورخہ26؍تا29؍ستمبر 2019ء کے دوران حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے دو روز(26؍اور29؍ستمبر)فیملی ملاقاتیں فرمائیں۔

اس دوران ایک دن40؍فیملیز جبکہ دوسرے روز 30؍فیملیز نے اپنے پیارے آقا سے شرف ملاقات حاصل کیا۔
ملاقات کرنے والی اکثرفیملیز یا فیملی کے بعض افراد ایسے تھے جن کی خلیفۂ وقت سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ یہ وہ احمدی فیملیزہیں جو گذشتہ کچھ عرصے میں ہجرت کرکے ہالینڈ آباد ہوئیں۔ اس موقعے پر بہت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے ۔

حضورِ انور کی خدمت میں ملاقات کی سعادت حاصل کرنے والی فیملیز بھی لمبا سفر طے کر کے مسجد بیت النور پہنچیں۔ چنانچہ ان دو دنوں میں درج ذیل شہروں میں رہائش پذیر فیملیز نے اپنے آقا سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔

راٹرڈیم(Rotterdam)،المیرے(Almere)،نن سپیت(Nunspeet)، آئندہوون (Eindhoven)، ڈین بش(Den Bosch) ، ڈین ہاگ(Den Haag) ،زوالے(Zwolle)۔Utrecht۔Leiden۔Amstfellen۔ Schiedam۔ Arnhen۔ Masteicht۔ Amsterdam۔ Malmo(سویڈن)،اسی طرح جرمنی سے بھی ایک خوش قسمت فیملی کو ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

(رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ، ستمبر، اکتوبر 2019ء)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button