رپورٹ دورہ حضور انور

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا فرانس میں ورودِ مسعود

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (آٹھواں روز، بدھ 02؍اکتوبر2019ء)

نن سپیت ہالینڈ سے روانگی اور فرانس کے شہرTrie Château میں ورود مسعود

’بیت العطاء‘ کی تقریبِ نقاب کشائی، سینکڑوں عشاق کی طرف سے اپنے پیارے امام کا والہانہ استقبال

(02؍ اکتوبر 2019ء، Trie Château فرانس، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا آٹھواں روزہے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح ساڑھے چھے بجے بیت النور نن سپیت میں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی اور پھر اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔

حضور پُر نور ہالینڈ کے کامیاب دورے کے بعد آج صبح ساڑھے گیارہ بجے فرانس کے لیے روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل حضورِ انور نے محترم امیر صاحب ہالینڈ اور محترم حامد کریم صاحب مبلّغ سلسلہ نن سپیت کو بعض امور سے متعلق ہدایات سے نوازا۔ حضور کی روانگی کے وقت ہلکی ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی۔

حضورِ انور نے دعا کروائی اور اپنے پیارے امام کو الوداع کہنے کی غرض سے بیت النور میں جمع ایک سو کے قریب احباب و خواتین اور بچوں کو ہاتھ ہلا کراورالسلام علیکم کی دعا دے کر موٹر میں سوار ہوئے۔

جماعتِ احمدیہ ہالینڈ سے مکرم ھبۃ النور فرحاخن صاحب (امیر صاحب)، مکرم عبدالحمید فرحان صاحب (نائب امیر)، مکرم مبشر احمد چودھری صاحب (افسر جلسہ سالانہ)، مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب (مبلّغ انچارج)، مکرم زبیر اکمل صاحب (سیکرٹری تعلیم القرآن)، مکرم نبیل احمد ثمر صاحب (سیکرٹری جائیداد) اور بعض دیگر ممبران پر مشتمل ایک وفد دو کاروں پر بیلجیم تک حضورِ انور کے قافلے کے ساتھ رہا۔

حضورِ انور کا قافلہ مقامی وقت کے مطابق قریباً اڑھائی بجے بیلجیم کے شہر Kortrijk کے ایک ریستوران میں پہنچا جہاں پر نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں اورممبرانِ قافلہ نے کھانا کھایا۔ قریب ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد قافلہ ایک مرتبہ پھر عازمِ فرانس ہوا۔ اس مرحلے پر ہالینڈ سے قافلے کے ساتھ آنے والے وفد نے قافلے کو الوداع کہا جبکہ امیر جماعت احمدیہ فرانس محترم اشفاق ربّانی صاحب کی سرکردگی میں فرانس سے یہاں پہنچنے والے وفد نے باقی ماندہ سفر کے لیے قافلے کو ایسکارٹ (escort) کرنا شروع کیا۔

فرانس میں ورودِ مسعود

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ فرانس کے شہر Trie Château میں ایک ٹیلے پرواقع 55000 مربع میٹررقبے پر محیط جماعت احمدیہ فرانس کی جلسہ گاہ ‘بیت العطاء’ میں شام چھے بج کر 34 منٹ پر پہنچا۔ یہ جلسہ گاہ 2014ء میں خریدی گئی تھی۔ اور آج حضورِ انور پہلی مرتبہ وہاں رونق افروز ہو رہے تھے۔

حضورِ انور کا استقبال

حضورِ انور کے استقبال کے لیے تین سو سے زائد احباب و خواتین یہاں موجود تھے جبکہ Trie Château کے میئر Mr. David Didier بھی تشریف لائے ہوئے تھے۔ اس پُر مسرّت موقعے پرتیس سے زائد احمدی بچیوں اور بیس سے زائد احمدی بچوں کے دو الگ الگ گروپس اپنے پیارے امام کو خوش آمدید کہتے ہوئے دینی گیت گا رہے تھے۔ حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں مالی سے تعلق رکھنے والے احمدی بچے عزیزم الحسن کونتے (Al-Hasan Konté) نے جبکہ حضرت آپا جان مدّ ظلہا العالی کی خدمت میں سینیگالی احمدی بچی عزیزہ آمنہ سومارے (Amina soumaré) نے پھولوں کے گلدستے پیش کرنے کی سعادت پائی۔ اس کے بعد حضورِ انور نے شہر کے میئر کے ساتھ کچھ دیر گفتگو فرمائی۔ بعد ازاں حضورِ انور نے جلسہ گاہ ‘بیت العطاء’کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور دعا کروانے کے بعد اپنی قیام گاہ تشریف لے گئے۔

بعد ازاں حضور انور نے رات آٹھ بجے نماز مغرب و عشا پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورا نور اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

(رپورٹ عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء اور منصور احمد مبشر، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

تبصرے 2

  1. اللہ تعالیٰ پیارے آ قا کی ہمیشہ مدد اور رستگاری فرماتا رہے ۔ اورپیارے آ قا کو پوری دنیا میں صحت وتندرستی کے ساتھ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کو پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے آمین

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button