حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (نواں روز، جمعرات 03 اکتوبر2019ء)
فرانس میں قیام کا دوسرا روز
فیملی ملاقات، جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ فرانس کا تعارف
(بیت العطاء، 03؍ اکتوبر 2019ء بروز جمعرات، نمائندگان الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت امیر المومینن خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا نواں اور فرانس میں قیام کا دوسرا روز تھا۔ حضور انورآج صبح پونے سات بجے اپنی قیام گاہ سے باہر تشریف لائے اور نمازِ فجر پڑھائی۔
دوپہر دو بجے کے قریب حضورِ انور نے تشریف لا کر نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔
فیملی ملاقاتیں
آج شام چھے بجے کے قریب فیملی ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا جو سوا آٹھ بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضور پُر نور نے نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔
جلسہ سالانہ فرانس 2019ء
کل سے جماعت احمدیہ فرانس کا ستائیسواں جلسہ سالانہ شروع ہو رہا ہے جس کو برکت بخشنے کے لیے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنفسِ نفیس جماعت احمدیہ فرانس کی جلسہ گاہ ’بیت العطاء‘ میں رونق افروز ہیں۔ اس سے قبل حضورِ انور نے 2004ء میں فرانس کے جلسہ سالانہ میں شرکت فرمائی تھی۔ موجودہ جلسہ گاہ میں جو Trie Château کی کونسل کے علاقے میں ہے 2015ء میں جلسہ سالانہ کا انعقاد شروع ہوا۔ مکرم منصور احمد وینس صاحب (افسر جلسہ سالانہ) نے بتایا کہ جلسے کی تیاری کا کام رمضان المبارک کے بعد شروع کر دیا گیا تھا اور گذشتہ دو ماہ سے ہر ویک اینڈ (weekend) پر 80 سے زائد احمدی دوست وقارعمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ انتظامی طور پر افسرصاحب جلسہ سالانہ کے ساتھ تین نائب افسران، 20 ناظمین اور150 کارکنان مصروفِ خدمت ہیں جبکہ افسرصاحب جلسہ گاہ کی سرکردگی میں تین نائب افسران، 12 ناظمین اور متعدد کارکنان خدمت پر مامورہیں۔ افسرصاحب خدمتِ خلق کے سپرد عمومی، پارکنگ اور لوائے احمدیت کی حفاظت کی ڈیوٹی ہے۔
امسال جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر لوائے احمدیت اور فرانس کے قومی پرچم کے علاوہ 56 ممالک کے جھنڈے لہرائے جا ئیں گے۔ پارکنگ میں 450 گاڑیوں کو پارک کرنے کی جگہ بنادی گئ ہے۔ زمین نرم ہونے کی وجہ سے خراب موسم میں گاڑیوں کے پھنسنے کے احتمال کے پیش نظر پارکنگ کو تیار کرنے پر خدام کو بہت محنت کرنا پڑی- جلسہ گاہ کW جانے والے راستوں پر ایک سو دس مربع میڑ ہارڈ پلاسٹک کی عارضی شاہراہ بنا گئی ہے جو انتظامیہ کے مطابق 80 ٹن وزن برداشت کرنے کی سکت رکھتی ہے۔
بیعت العطاء شہر Saint Prix میں موجود جماعت احمدیہ فرانس کے مرکزی مشن ہاؤس سے 60 کلو میٹر اور پیرس سے شمال مغرب کی جانب 80 کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے جس کو جماعت احمدیہ فرانس اپنی مرکزی تقریبات کے لیے استعمال میں لاتی ہے۔ ایسے مواقع پر نہ صرف بیرونی مہمان بلکہ پورے فرانس سے آنے والے احمدی بھی بیت العطاء میں موجود 28 کمروں اور متعدد ایوانوں میں رہائش رکھتے ہیں۔ حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ الودود بنصرہ العزیز کی آمد کی برکت سے ان جگہوں پر رہائش کی تمام تر گنجائش جلسے کے ایّام شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو چکی ہے اورباقی مہمانوں کو قریبی ہوٹلوں میں ٹھہرانا پڑا ہے۔ لنگر خانہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام اورضیافت کے کارکنان پوری طرح فعّال ہو چکے ہیں۔
وقار عزیز صاحب اور مبارک احمد صاحب افسر و نائب افسر لنگر خانہ نے بتایا کہ جلسے پر عارضی لنگر خانہ بنانے کے لیے 40 مربع میٹر کا خیمہ نصب کیا گیا ہے جہاں ایک وقت میں تین ہزارمہمانوں کا کھانا پکانے کی تیاری مکمل ہے۔
مردانہ جلسہ گاہ کی مارکی 50×20 میٹر، سٹیج 8×10 میٹرجبکہ جلسہ گاہ برائے مستورات کے لیے 30x 20 کی مارکی نصب کی گئی ہے اور خواتین کا سٹیج 4×8 میٹرکا ہے۔ آج 200 کے قریب خدام جلسہ گاہ کی تیاری میں مصروف رہے۔
[تفصیلی رپورٹ کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے](رپورٹ عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء اور منصور احمد مبشر، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)