حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (دسواں روز، جمعۃ المبارک 04 اکتوبر2019ء)
پرچم کشائی، جلسہ سالانہ فرانس کا افتتاح
(تغی شاتو، 04؍اکتوبر2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا دسواں روز تھا۔ آج صبح کی نماز حضورِ انور نے پونے سات بجے بیت العطاء کے ہال میں تشریف لا کر پڑھائی اور قیام گاہ پر واپس تشریف لے گئے۔ نماز جمعہ سے قبل حضور نے لوائے احمدیت فضا میں لہرایا اور خطبہ جمعہ سے جلسہ سالانہ فرانس کا افتتاح فرمایا۔ اس پر تفصیلی بلیٹن الگ سے شائع کیا جا چکا ہے۔
خطبہ جمعہ اور نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد قیام گاہ میں تشریف لے جانے سے قبل حضورِ انور نے مکرم امیر صاحب فرانس کو ارشاد فرمایا کہ سٹیج پر جو بڑا بینر لگا ہے نمازوں کی ادائیگی کے وقت اس کو پردے سے ڈھکا ہوا ہونا چاہیے۔
حضورِ انور نے نمازِ مغرب و عشاء اٹھ بجکر دس منٹ پر جلسہ گاہ میں تشریف لا کر پڑھائیں اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد واپس قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔
آج جمعے کے روز عام طور پر ملاقات کا دن نہیں ہوتا۔ جمعرات کی شام کی جو ملاقاتیں ہوئیں ان میں مقامی انتظامیہ نے پیرس ریجن کی سات جماعتوں سے تعلق رکھنے والی فیملیوں کو ملاقات کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔ چنانچہ جمعرات کی شام کو 45 فیملیوں کے 150 افراد حضور کی ملاقات سے فیضاب ہوئے۔
جلسہ سالانہ فرانس
نمازِ فجر کے بعد مکرم بلال اکبر صاحب مربّی سلسلہ نے ’عباد الرحمان‘ کے حوالے سے درس القرآن دیا ۔
ناشتے کے بعد تیاری جلسہ گاہ کا جو کام کل رات رہ گیا تھا وہ مکمل کیا گیا ۔ در اصل موسم کی خرابی اور وقفہ وقفہ سے شروع ہو جانے والی بارش نے تیاری جلسہ سالانہ کے کام کو بہت متاثرکیا ۔ دونوں جلسہ گاہوں کی تیاری ،پنڈال اورسٹیج کی سجاوٹ کا کام آدھی رات کے بعد تک جاری رہا۔ احاطہ جلسہ سالانہ کی زمین کے بھی15 میٹرز اونچائی کے تین لیول ہیں جن پر سامان کی نقل و حرکت اتنا آسان نہیں لیکن مسیح پاک کے ’جنّوں‘ اور خلافت کے پروانوں نے ہر مشکل کو پس پشت ڈالتے ہوئے گیارہ بجے دوپہر سے قبل تیاری جلسہ گاہ کے تمام کام مکمل کر لیے اور رجسٹریشن آفس نے لوگوں کے جلسہ گاہ میں داخلے کارڈ جاری کرنا شروع کر دیے ۔ جمعے سے قبل اور بعد از جمعہ مہمانوں کی ضیافت کا کام جاری رہا۔
سٹیج کا بینر(back drop) بہت خوبصورت ہے جس کے دونوں اطراف میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے جلسہ خلافت احمدیہ صد سالہ جوبلی کے موقع پر لیے جانے والے تاریخی عہد کو اردو اور فرنچ میں لکھ کر لگایا گیا ہے اور درمیان میں گزشتہ سال کے جلسہ سالانہ کے موقع پر فضا سے لی جانے والی ایک تصویر بڑی کر کے لگائی گئی ہے جس میں جلسہ گاہ میں لگائے جانے ولے پنڈال اور بیعت العطاء کا پورا کمپلیکس ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں ۔ اورساتھ لکھا ہے:
سب کچھ تیری عطا ہے
گھر سے تو کچھ نہ لائے
بیت العطاء
جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس: پرو گرام کے عین مطابق اجلاس اوّل کی کاروائی پانچ بجے محترم امیر صاحب فرانس کی صدارت میں شروع ہو گئی ۔ تلاوتِ قرآن کریم مع اردو ترجمہ مکرم حافظ منصور بابر نے پیش کی۔ مکرم نعمان خالد نے ترنم میں سے نظم پیش کی۔ پہلی تقریرمکرم اشفاق احمد ربّانی صاحب امیرجماعت احمدیہ فرانس نے جماعت احمدیہ اورمساجد کی تعمیر کے عنوان سے کی۔ آپ نے فرانس میں مشن ہاؤس اور مساجد کی تعمیر کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور رکاوٹوں اور پھر تائیدِ الہٰی کے نتیجے میں ان روکاوٹوں کے دور ہونے کے واقعات بیان کیے۔ ان مشکلات کے دوران اپنی گھبراہٹ اور خلفائے سلسلہ کی طرف سے تسلی اور کام کے ہو جانے کی بشارتیں بیان کرکے خلافت سے اپنے تعلق کومضبوط بنانے اور ہر مشکل کے وقت خلیفۂ وقت کو دعا کے لیے خط لکھنے کی تلقین کی۔ آج کے دوسرے مقررمکرم منصور احمد مبشرصاحب مربّی سلسلہ تھے جنہوں نے غزوات النبی میں خلق عظیم کے موضوع پر تقریر کی ۔ آپ نے بتایا کہ آنحضرتﷺ نے دفاعی جنگیں لڑیں اور اُن کے دوران مخالفین کے ساتھ آپ کے حسن سلوک کے متعدد واقعات انتہائی سادہ زبان میں پیش کئے ۔ اس کے بعد نو مبائع Mr Sboi Khalil نے اپنے قبولِ احمدیت کا واقعہ بیان کیا۔ آپ کا تعلق الجزائر سے ہے اور آپ نے اسی سال 2019ء میں بیعت کی توفیق پائی ہے۔ ان کی تقریر کے بعد صاحبِ صدر نے اجلاس کے اختتام کا اعلان کیا ۔ کھانے کے وقفے کے بعد مغرب و عشاء کی نمازیں حضورِ اقدس کی اقتدا میں ادا کی گیں ۔
جلسہ سالانہ میں فرنچ بولنے والے عرب اور افرئقین ممالک کے احمدیوں کی بکثرت موجودگی نے جلسہ کی رونق کو دوبالا کر دیا ہے اور فرانس کا جلسہ سالانہ یورپ کے دوسرے ممالک کے جلسہ ہاے سالانہ سے اس اعتبار سے ممتاز ہے کہ یہاں ڈیوٹی دینے والوں میں غیر پاکستانی بکثرت نظر آ رہے ہیں جس نے جلسہ کے ماحول کو پہلی نظر میں انٹرنیشنل بنا دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء اور منصور احمد مبشر، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)