حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (بیسواں روز، سوموار 14؍ اکتوبر2019ء)
حضور انور کے دستِ مبارک سے مسجد مبارک ویزبادن کی تقریبِ نقاب کشائی، ریسپشن پر حضور انور کا معرکہ آراء خطاب، 300 سے زائد مہمانوں کی شرکت
(فرانکفرٹ جرمنی، 14؍ اکتوبر 2019، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورۂ یورپ کا بیسواں اور دورۂ جرمنی کا دوسرا روزتھا۔ آج نمازِ فجر کا وقت چھے بج کر پچاس منٹ مقررتھا۔ افراد جماعت ساڑھے پانچ بجے سے ہی نوافل کی ادائیگی کے لیے بیت السبوح پہنچنا شروع ہوگئے۔ دراصل فرانکفرٹ میں جب بھی حضورِانور کی آمد ہو تو بیت السبوح میں جلسہ سالانہ کا ماحول دیکھنے کو ملتا ہے۔ باجماعت نماز تہجد نہ ہونے کے باوجود لوگ شب کے آخری پہر بیت السبوح میں آکر نوافل اداکرتے اور حضورانور کی صحت وسلامتی اور دوروں کی کامیابی کے لیے اپنے رب کے حضور التجائیں کرتے نظرآتے ہیں۔ چنانچہ آج بھی اذان سے قبل ہی مسجد کا مرکزی ہال نمازیوں سے بھر چکا تھا۔
پانچ بج کر35 منٹ پرمکرم فلاح الدین خان صاحب نے فجر کی اذان دی اور چھے بج کر 50 منٹ پر حضورِانور نمازِ فجر پڑھانے کے لیے مسجد میں تشریف لائے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق800 مردوزَن نے حضور انور ایدہ اللہ کی اقتدا میں نمازِ فجر ادا کی جن میں فرانکفرٹ کے گردونواح کےعلاقوں سے بھی افرادِ جماعت شامل تھے۔ نماز کے بعد درس القرآن ہوا۔
صبح حضور انور نے دفتری امور سے فراغت کے بعد گیارہ بج کر 20 منٹ پر احبابِ جماعت سے انفرادی وفیملی ملاقاتوں کا آغاز فرمایا۔ دوپہر ایک بجے تک جرمنی کے دور دراز کے 29 شہروں سے 151؍ افراد حضور انورایدہ اللہ کی ملاقات سے فیض یاب ہوئے۔ جرمنی کے علاوہ اسلام آباد پاکستان اور لائبیریا ہر دو ممالک سے ایک ایک احمدی بھی حضور انور ایدہ اللہ سے ملاقات کرنے والے خوش نصیبوں میں شامل تھا۔
آج شام صوبہ ہیسن (Hessen) کے دارالحکومت ویز بادن (Wiesbaden) میں نئی تعمیر ہونے والی مسجد مبارک کا افتتاح تھا۔ حضورِ انور اس تقریب میں شمولیت کے لیے پانچ بجے کے قریب بیت السبوح سے روانہ ہوئے اور مسجد کا افتتاح کرنے کے بعد نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ بعد ازاں مسجد کی عمارت کا معائنہ فرمایا اور ترانہ پڑھنے والی بچیوں اور بچوں کو چاکلیٹ سے نوازا۔ حضورِ انور نے مسجد مبارک کے احاطے میں بادام کا ایک درخت بطور یادگار بھی لگایا۔
بعد ازاں حضورِ انور وہاں سے چند کلومیٹر دور شہر کے وسط میں واقع کُورہاؤس (Kurhaus) کی عمارت میں تشریف لے گئے جہاں مسجد مبارک کے افتتاح کی خوشی میں ایک نشست کا اہتمام تھا۔ اس نشست میں 370 مہمانوں سمیت ساڑھے چار سو کے قریب احباب نے شرکت کی۔ (مسجد مبارک کے افتتاح کی تفصیلی رپورٹ الگ سے شائع کی جا چکی ہے)
تقریب میں شرکت کے بعد مقامی پریس کے بعض نمائندگان نے حضورِ انور سے ملاقات کی جس کے بعد رات نو بجے کے قریب کُور ہاؤس(Kurhaus) سے قافلہ بیت السبوح کے لیے روانہ ہوا۔ آج نمازِ مغرب و عشاء حضور پُر نور نےساڑھے نو بجے کے بعد بیت السبوح میں پڑھائیں اور پھر اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔
(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)