امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
حضور انور کی مصروفیات کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
مورخہ10؍ تا 13؍ اکتوبر 2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭10؍ اکتوبر 2019ءبروز جمعرات (سٹراس برگ، فرانس): آج حضور انور دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔شام کو سوا چھے بجے حضور پُر نور کے دفتر میں تشریف لانے کے کچھ دیر بعد فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو شام سوا آٹھ بجے تک جاری رہیں۔ حضور کی ملاقات سے فیض یاب ہونے والوں میں پاکستانی احمدیوں کےعلاوہ عرب اور فرانسیسی احمدی بھی شامل تھے۔
٭ 11؍ اکتوبر2019ء(بروز جمعۃ المبارک): حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مہدی کا باضابطہ افتتاح فرماتے ہوئے نمازِ جمعہ سے قبل اس کی نقاب کشائی فرمائی اور پھر نمازِ جمعہ پڑھایا۔
٭آج سوا چار بجے دو صحافیوں کی حضور انور سے ملاقات ہوئی۔ ان میں ایک کا تعلق ریڈیو فرانس بلیو سے تھا جبکہ دوسری خاتون صحافی Emilie Skarzypczak اخبار Daily DNAکی رپورٹر تھیں۔ یہ ملاقات ساڑھے چار بجے تک جاری رہی۔
٭شام پونے سات بجے حضورِ انور عام ملاقاتوں کے لیے ایک بار پھر اپنے دفتر میں تشریف لائے۔ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ پونے نو بجے تک جاری رہا۔
٭ 12؍ اکتوبر 2019ء بروز ہفتہ :آج حضور انور نمازِ ظہر تک دفتری امور میں مصروف رہے اور دفتری ملاقاتیں بھی کیں۔
٭آج تین بجے مسجد مہدی کے افتتاح کی خوشی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ دو بجے سے شروع ہو گیا تھا۔ حضورِ انور سوا تین بجے کے قریب ہال میں تشریف لائے اور پانچ بجے تک تقریب کو رونق بخشی۔ (حضور پُر نور کے خطاب اور تقریب کے احوال پر مشتمل تفصیلی رپورٹ اسی شمارے کے صفحہ اوّل پر ملاحظہ فرمائیے) حضورِ انور نے اس تقریب میں شامل جن اہم شخصیات سے تبادلۂ خیال فرمایا ان میں فرانس کی نیشنل اسمبلی کی ممبر Martine Winner ، ریجنل کونسل کے نائب صدر Mr Etienne Bürger، صدر ڈسٹرکٹ کونسل Mr Justin Vogel اور Hurtigheim کے مئیر Mr Jean-Jacques Ruch و بعض دیگراہم شخصیات شامل ہیں۔حضورِ انور تقریب کے بعد قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔
٭شام ساڑھے چھے بجے حضورِ انور کے دفتر میں تشریف لانے پر فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا جو آٹھ بجے تک جاری رہا۔
٭… 13؍ اکتوبر 2019ء بروز اتوار:آج حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تاریخی دورۂ فرانس کا بارہواں اور آخری دن تھا۔ حضورِ انور نے معمول کے مطابق صبح نمازِ فجر پڑھائی اور پھر قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔
ساڑھے گیارہ بجے کے قریب حضورِ انور مسجد مہدی میں تشریف لائے جہاں دورۂ فرانس کے دوران خدمت پر مامور خدام نے اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی۔ بعد ازاں مسجد مہدی کے صحن میں حضورِ انور نے بطور یادگار سیب کا ایک پودا لگایا اور پھر اجتماعی دعا کے بعد پونے بارہ بجے دورۂ یورپ کے اگلے مرحلے پر فرانس سے جرمنی کے لیے روانگی ہوئی۔
حضورِ انور کا قافلہ سوا تین گھنٹے کا سفر طَے کر کے مقامی وقت کے مطابق تین بجے بیت السبوح میں رونق افروز ہوا جہاں دو ہزار کے قریب احباب و خواتین اور بچوں نے اپنے پیارے امام کا والہانہ استقبال کیا۔ بچوں اور بچیوں نے الگ الگ گروپس میں بیک وقت عربی، اردو، پنجابی اور جرمن زبانوں میں خیر مقدمی ترانے اور نظمیں پڑھیں۔
ملاقات حضورِ انور ايّدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز
حضورِ انور نے اس عرصہ کے دوران 3 روز فیملی ملاقاتيں فرمائيں۔ ان دنوں میں 106؍ فيمليز کے 350؍ افراد نے حضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔
اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا
(رپورٹ: عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء، منصور احمد مبشر نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)