حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (اکیسواں روز، منگل 15؍ اکتوبر2019ء)
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
جامعہ احمدیہ جرمنی کا تفصیلی دورہ، احبابِ جماعت کی اپنے پیارے امام سے ملاقاتیں
(فرانکفرٹ جرمنی، 15؍ اکتوبر 2019، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورۂ یورپ کا اکیسواں اور دورۂ جرمنی کا تیسرا روزتھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزصبح چھے بج کر پچاس منٹ پر مسجد بیت السبوح میں تشریف لائے اور نمازِ فجر پڑھائی۔ اس کے بعد درس القرآن ہوا۔
حضورِ انور دوپہر بارہ بجے دفتر میں رونق افروز ہوئے جہاں 19 فیملیوں کے 76 افراد نے اپنے پیارے امام سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ یہ خوش نصیب جرمنی کے دور دراز کے 16 شہروں سے یہاں پہنچے تھے۔ مزید برآں ربوہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک دوست نے بھی حضورِ انور سے شرفِ ملاقات پایا۔
حضورِ انور دوپہر ڈیڑھ بجے کے بعد جامعہ احمدیہ جرمنی تشریف لے گئے۔ چالیس منٹ کی مسافت کے بعد حضور پُر نور جب جامعہ احمدیہ کی عمارت میں پہنچے تو اساتذہ، طلبہ اور کارکنان جامعہ کی جانب سے اپنے شفیق امام کا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔
حضور نماز ظہر و عصر پڑھانے کے لیے جامعہ احمدیہ سے ملحق مسجد بیت العزیز میں تشریف لے گئے۔ یہ مسجد لوکل امارت Riedstadt کے علاقے میں واقع ہے۔ اس مسجد کا سنگِ بنیاد 8؍ نومبر2003ء کو نیشنل امیر جماعت جرمنی نے رکھا جبکہ 30؍ اگست 2004ء کو حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے اس کا افتتاح فرمایا۔ یہ مسجد ادارہ جامعہ احمدیہ جرمنی کے اس جگہ قیام کا وسیلہ بھی بنی۔ نمازوں میں حضورِ انور کی اقتدا میں مقامی امارت کے پانچ حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے احمدی احباب شامل ہوئے جبکہ جامعہ احمدیہ کے اساتذہ، طلبہ اورکارکنان نے جامعہ احمدیہ کے ہال میں نماز ادا کی۔ امام کی آواز کا جامعہ احمدیہ میں سنائی دینے کا مستقل انتظام موجود ہے۔
نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور دوبارہ جامعہ میں تشریف لے آئے۔ آتے وقت حضور پُرنور نے مسرور ہاسٹل کا تفصیلی معائنہ فرمایا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حضورِ انور 22؍ اپریل 2017ء کو جامعہ احمدیہ میں رونق افروز ہوئے تھے۔جبکہ جامعہ احمدیہ کے اس احاطے کا سنگ بنیاد دسمبر 2009ء میں اورافتتاح 17؍ دسمبر 2012 کو حضور پُر نور ہی کے مبارک ہا تھوں سے انجام پایا تھا۔ جامعہ احمدیہ کا جرمنی میں آغاز خلافتِ خامسہ کے پُر شوکت دور میں 20؍ اگست 2008ء کو بیت السبوح فرانکفرٹ سے ہوا تھا۔ (حضورِ انور کے دورۂ جامعہ احمدیہ جرمنی پر تفصیلی رپورٹ الگ سے شائع کی جا چکی ہے)
جامعہ احمدیہ کو برکت بخشنے کے بعد حضورِ انور شام پانچ بجے کے قریب واپس بیت السبوح کے لیے روانہ ہو گئے۔ نمازِ مغرب و عشاء سے پہلے نوید الحق شمس (مبلّغ سلسلہ) نے اذان دی اور رات آٹھ بجے حضورِ انور نے تشریف لا کرنمازیں جمع کر کے پڑھائیں۔
[تفصیلی رپورٹس کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے](رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)