افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ کینیا کے زیرِ اہتمام نیشنل تربیتی کلاس، نیشنل اجتماع اور مجلس شوریٰ کا انعقاد

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

نیشنل تربیتی کلاس

الحمد للہ مجلس انصار اللہ کینیا کو نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں چار روزہ تربیتی کلاس مورخہ 14تا 17؍ اکتوبر2019ء منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں ملک بھر سے 63؍ انصار نے شرکت کی۔ کلاس کا افتتاح 14؍ اکتوبر کی صبح مکرم شیخ سمیر احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیا کی صدارت میں ہوا۔ ہر روز کلاس کا آغاز تہجد سے ہوتا اور سارا دن تعلیمی و تربیتی پروگرام جاری رہتے۔ اس کے ساتھ سیر، ورزش اور کھیل کے مختلف پروگرام بھی ترتیب دیے گئے۔ کلاس کے شرکاء کا طبّی معائنہ بھی کروایا گیا اور لائنز کلب کینیا کے تعاون سے آنکھوں کا معائنہ بھی کیا گیا اور ضرورت مند انصار کو عینکیں بھی مہیا کی گئیں۔ جن انصار کو آنکھوں کے آپریشن کی ضرورت تھی انہیں آپریشن کی تاریخ دی گئی ۔ اس کلاس کے اختتام پر پڑھائے گئے نصاب کے مطابق امتحان بھی لیا گیا۔

نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ کینیا کا نیشنل اجتماع مورخہ 18 اور 19 اکتوبر 2019ء کو منعقد ہوا۔ اجتماع بعد نماز جمعہ مشن ہاؤس نیروبی میں شروع ہوا جس کا افتتاح صدر مجلس انصار اللہ نے کیا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں صف اول اور صف دوم کے انصار نے حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں قرآن کریم ناظرہ ، نماز سادہ، نماز با ترجمہ، نماز جنازہ، مطالعہ کتب حضرت مسیح موعود ؑ اور مقابلہ تقریر شامل تھے۔ اس کے بعد انصار کو حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خط لکھنے کے لیے وقت دیا گیا۔ بعد ازاں کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد پہلے دن کا پروگرام ختم ہوا۔

دوسرے دن کا پروگرام حسب معمول نماز تہجد سے شروع ہوا ۔ نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس حدیث ہوا اور پھر سیر اور ورزش و کھیل کے مقابلے ہوئے۔ آٹھ بجے ناشتہ پیش کیا گیا جس کے بعد فٹ بال، والی بال، ہینڈ ریسلنگ ، میوزیکل چیئر، سائیکل ریس، پیغام رسانی اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے جن میں انصار بھائیوں نے بہت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ یہ مقابلے نماز ظہر تک جاری رہے۔ نماز ظہر و عصر جمع کی گئیں اور پھر دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

اڑھائی بجے سہ پہر تربیتی پروگرام کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم عبدالعزیز گاکوریہ صاحب نائب صدر صف دوئم نے کی۔ اس اجلاس میں مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب اور مکرم معلم محمد ماکرچوہ صاحب نے تربیتی امور پر تقاریر کیں جس کے بعد ایک مختصر وقت کے لئے وقفہ کیا گیا۔
وقفے کے بعد اختتامی اجلاس مکرم طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن پاک، عہد و نظم کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیا نے کلاس اور اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلوں میں پوزیشن لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور مختصر تقریر کی۔ اجتماع کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ اس اجتماع میں 52 مجالس کے کل 112 انصار شامل ہوئے۔

شوریٰ مجلس انصار اللہ

اسی روز مجلس انصار اللہ کینیا کی شوریٰ کا پہلا اجلاس زیر صدارت مکرم صدر مجلس انصار اللہ کینیا بعد نماز عشاء منعقد ہوا۔ سیکرٹری صاحب مجلس شوریٰ نے ایجنڈا میں شا مل تجاویز پڑھ کر سنائیں اور پھر ان کے لیے سب کمیٹیوں کا انتخاب کیا گیا ۔ امسال تربیت سے متعلق دو تجاویز اور مال وبجٹ سے متعلق ایک، گویا کہ کل تین تجاویز شامل ایجنڈا تھیں۔ اگلے روز تینوں سب کمیٹیوں کے اجلاسات ان کی مقرر جگہوں پر منعقد ہوئے۔

نو بجے شوریٰ کا دوسرا اجلاس صدر صاحب مجلس انصار اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ مکرم سیکرٹری صاحب نے ریجیکٹ کی جانے والی تجاویز پڑھ کر سنائیں اور ان کے ایجنڈا میں شامل نہ کرنے کی وجوہات بھی بیان کیں بعدہ تینوں سب کمیٹیوں کے صدر صاحبان نے اپنی رپورٹ پیش کی جن پر بحث وتمحیص کے بعد تینوں سب کمیٹیوں کی سفارشات پر رائے کا اظہار کیا گیا۔

بعد ازاں صدر انصار اللہ نے گزشتہ شوریٰ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔

اس موقع پر مکرم امیر صاحب کینیا کے زیر صدارت صدر مجلس انصار اللہ اور نائب صدر انصار اللہ صف دوئم کا انتخاب بھی ہوا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button