ایشیا (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے 48 ویں سالانہ اجتماع کا کامیاب اور بابرکت انعقاد

(نوید احمد لیمون۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کو اپنا 48واں سالانہ اجتماع مورخہ 4تا 6 اکتوبر 2019ء بنگلہ دیش کے مرکز ڈھاکہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے خدام و اطفال نے استفادہ کیا ۔

اجتماع سے قبل مورخہ 3تا 4 اکتوبر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کی سالانہ مجلس شوریٰ بھی منعقد ہوئی۔
اجتماع کے تینوں دنوں کا آغاز با جماعت نماز تہجد و نمازِ فجر سے ہوا۔ پہلے روز صبح 7بجے اجتماع کا افتتاح پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم منادل فہاد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا جبکہ مکرم چوہدری عبد الاول خان صاحب نیشنل امیر بنگلہ دیش نے بنگلہ دیش کا جھنڈا لہرایا۔ اس کے بعد مسجد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب بنگلہ دیش نے اپنی افتتاحی تقریر میں قرآن کریم صحیح تلفظ کے ساتھ سیکھنے نیز قرآن کریم پڑھنے،سمجھنے اور کچھ حصہ یاد کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے بعد اجتماع کے پروگرامز کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

نماز جمعہ کے بعد علمی مقابلہ جات شروع ہوئے ۔ (یہ مقابلہ جات تیسرے روز کی دوپہر تک جاری رہے۔ )اسی طرح پہلے روز ایک تربیتی اجلاس منعقد ہوا جس کا موضوع ‘خدمت دین’تھا۔

دوسرے دن علاوہ دیگر پروگرامز کے نماز مغرب وعشاء کے بعد کیرئر گائڈ لائن (career guideline)کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔

تیسرے روز نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد 4بجے اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مکرم امیر صاحب بنگلہ دیش نیز مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے حاضرین سے خطاب کیا۔ نیز علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے خدام و اطفال کو انعامات دیے گئے۔ امسال مجلس خدام الاحمدیہ چٹاگانگ نے عَلم انعامی حاصل کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع میں 78 مجالس سےکل 1808 خدام و اطفال نے شرکت کی۔ یہ حاضری گزشتہ کئی سالوں سے زیادہ تھی۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ ‏بنگلہ دیش کو صحیح رنگ میں احمدیت کا خادم بنائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button