امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
مورخہ 07؍ تا 10؍ نومبر2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…08؍ نومبر2019ء بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مسجد بیت الفتوح ، مورڈن سرے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں تحریک جدید کے نئے (چھیاسیویں) سال کا اعلان فرماتے ہوئے دنیا بھر میں بسنے والے احمدیوں کے مالی قربانی کے ایمان افروز واقعات بیان فرمائے اور بتایا کہ کس طرح اللہ تعالیٰ مالی قربانی کرنے والوں پر اپنے فضلوں کی بارش نازل فرماتا ہے ۔ نیز حضور انور نے تحریکِ جدید کے گذشتہ مالی سال کے کوائف بیان فرمائے۔ (اس خطبہ جمعہ کاخلاصہ اس شمارے کی زینت ہے)
٭… حضور انور نے آج شام نمازِ مغرب کے بعد اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزيزہ زویا احمد بنت مکرم شیخ امجد احمد صاحب کي رخصتي فرمائي۔ عزيزہ کي شادي مکرم نفیس احمد قمر صاحب (مربی سلسلہ ’التقویٰ‘ میگزین )ابن مکرم ظریف احمد قمر صاحب (لندن) کے ساتھ طے پائي۔
٭… حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز آج شام پونے سات سے پونے آٹھ کے درمیان مزار مبارک حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ و حضرت سیّدہ آصفہ بیگم صاحب حرم محترم حضرت خلیفۃ المسیح الرابع پر تشریف لے گئے اور دعا کی نیز اسلام آباد کے مختلف مقامات کا معائنہ فرمایا اور بعض امور کے متعلق ہدایات سے نوازا۔ان مقامات میں گیسٹ ہاؤس، رہائشی حصہ سے ملحقہ میدان، ایوانِ مسرور سے ملحقہ زیرِ تعمیر حصہ، ایوانِ مسرور میں قائم کچن، ایوانِ مسرورکا ہال ، طعام گاہ مردانہ و دیگر شامل ہیں۔
حضورِ انور کے دورے کے دوران رہائشی حصےمیں بچے ، بچیاں اور خواتین اپنے گھروں سے باہر کھڑے ہو کر حضورِ انور کا دیدار کرتے رہے اور ’السلام علیکم پیارے حضور‘ عرض کر کے جواب میں حضورِ انور سے دعائیں وصول پاتے رہے۔ بعض خوش نصیب بچوں نے حضورِ انور سے پیار حاصل کیا، بعض احباب نے شرفِ مصافحہ اور بعض نے حضورِ انور کی شفقتوں سے فیض۔غرضیکہ حضور پُر نور کی موجودگی ہر چہرے پر خوشی اور طراوت اور روحانی اطمینان و سکون کا باعث بنتی رہی۔
اس دورانیہ میں اسلام آباد سے ملحقہ ویورلے ایبے چرچ آف انگلینڈ جونیئر سکول (Waverley Abbey Church of England Junior School) میں گائے فاکس نائٹ (Guy Fawkes Night)منانے کے سلسلے میں آگ کا الاؤ (Bonfire) روشن تھا اور آتش بازی ہو رہی تھی۔ گائے فاکس نائٹ 5؍ نومبر 1605ء کو بارود کے ذریعے برطانوی پارلیمنٹ (ایوانِ بالا)کو اڑا دینے کی سازش کی ناکامی کے شکرانے کے طور پر منائی جاتی ہے جب اس سازش کے روح و روواں ‘گائے فاکس’ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
حضور پُر نور نے انتظامی امور کی بابت ہدایات دیتے ہوئے کچھ لمحے رُک کر آگ کے اس الاؤ کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور آتش بازی کو بھی ملاحظہ فرمایا۔
٭…09؍ نومبر 2019ء بروز ہفتہ: حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک اسلام آباد ميں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد درج ذيل 3؍نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران نکاحوں کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کروائي۔ نيز فريقين کو شرفِ مصافحہ بخشا اور مبارک باد دي:
٭…عزيزہ ماہم کرن بنت مکرم محمود احمد صاحب (بولٹن۔یوکے)ہمراہ مکرم سید ابرار شاہ صاحب (مبلغ سلسلہ جرمنی) ابن مکرم سید محمد اقبال شاہ صاحب (جرمنی)
٭…عزيزہ پرنیا جاوید بنت مکرم ڈاکٹر شاہ محمد جاوید صاحب (لندن) ہمراہ مکرم طلحہ سمیع صاحب ابن مکرم عبدالبصیر سمیع صاحب(گلڈفورڈ)
٭…عزيزہ فرخندہ عزیز کومل(واقفۂ نو۔برمنگھم)بنت مکرم عبدالعزیز صاحب مرحوم(لاہور)ہمراہ مکرم فیضان الرحمان صاحب (لندن) ابن مکرم مبارک احمد عابد صاحب
٭…حضور انور نے آج نمازِعشاء کے بعد مکرم نفیس احمد قمر صاحب (مربی سلسلہ ’التقویٰ‘ میگزین) اور عزیزہ زویا احمد کی دعوت ولیمہ کو رونق بخشی۔ یہ تقریب ایوانِ مسرور، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا