دس روزہ تربیتی کلاس مجلس اطفال الاحمدیہ منعقدہ ایلڈوریٹ کینیا
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خاکسار کو احمدیہ مسجد بیت الواسع ایلڈوریٹ میں 09؍ تا 18؍ نومبر اطفال کی دس روزہ ریجنل تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں مختلف جماعتوں کے بائیس اطفال نے شرکت کی۔ تمام اطفال کے لیے قیام،طعام اور تعلیم و تدریس کا انتظام مسجد کے احاطے میں ہی کیا گیا تھا۔
پروگرام کا آغاز نماز فجر سے ہوتا بعد از نماز درس قرآن اور قرآن کلاس ہوتی جس میں قرآن کریم اور یسرناالقرآن پڑھایا جاتا ۔ اس کے بعد ورزش اور ناشتے نیز تیاری کلاس کے لیے وقت دیا جاتا۔ ساڑھے آٹھ بجے سے لےکر ساڑھے دس بجے تک قرآن کریم ، نماز اور مختلف دعائیں یاد کروائی جاتیں۔ جس کے بعد ایک مختصر وقفہ کیاجاتا حس میں اطفال کو ریفریشمنٹ پیش کی جاتی ۔ گیارہ بجے دوبار ہ کلاس شروع ہوتی جس میں عام دینی معلومات، مختصر احادیث اور آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بچوں سے شفقت اور ان کی تربیت سے متعلق واقعات اور آپؐ کے ارشادات بتائے جاتے جس کے بعد نماز ظہر اور کھانے کا وقفہ ہوتا۔ پھر اڑھائی بجے سے چاربجے تک جماعتی عقائد اور تاریخ پڑھائی جاتی۔ نماز عصر کی ادائیگی کے بعد ایک گھنٹے تک پڑھائے گئے اسباق کو دہرایا جاتا اور پانچ بجے سے لے کر نماز مغرب تک گیمز کے لیے وقت دیا جاتا ۔ نماز مغرب کی ادائیگی اور شام کے کھانے کے بعد نماز عشاء ادا کی جاتی اور مختلف اسباق کی دہرائی کی جاتی جس کے بعد سونے کی اجازت دی جاتی ۔ ان پروگراموں کے ساتھ صحت و صفائی سے متعلق لیکچر بھی دیے گئے آخری دن مختصر امتحان بھی لیا گیا اور سب شرکاء کلاس کو تحائف دیے گئے۔
٭…٭…٭