مجلس انصار اللہ کینیڈا کے سالانہ اجتماع 2019ء کے موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
پیارے ممبران مجلس انصار اللہ کینیڈا
السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ
الحمدللہ کہ آپ کو امسال بھی اپنا سالانہ اجتماع منعقدکرنے کی توفیق مل رہی ہے ۔اللہ تعالیٰ اسے بہت بابرکت فرمائے اورتمام انصارکو اس بابرکت موقعہ سے بھرپوراستفادہ کی توفیق عطافرمائے۔آمین
یہ دور سائنسی ترقی کا دورہے ۔نئی ایجادات نے لوگوں کی مصروفیات اور رجحانات کو یکسربدل دیاہے اورمختلف برائیوں کو جنم دیاہے جن میں سے بعض ٹی وی ،انٹرنیٹ وغیرہ کی ہیں ۔اکثرگھروں کا جائزہ لے لیں ۔بڑے سے لے کر چھوٹے تک صبح فجرکی نمازاس لیے وقت پرنہیں پڑھتے کہ رات دیرتک یاتوٹی وی دیکھتے رہے یاانٹرنیٹ پر بیٹھے رہے، اپنے پروگرام دیکھتے رہے ،نتیجۃً صبح آنکھ نہیں کھلی ۔پھر ایپلی کیشنز ہیں ،فون وغیرہ کے ذریعہ سے یا آئی پیڈ کے ذریعہ شیطان انسان کو ان میں مبتلاکرتاچلاجاتاہے۔ایک احمدی گھرانے کو ان تمام بیماریوں سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ بہت زیادہ بڑھ کر اپنی حالتوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ماں باپ کا فرض ہے بچوں کو مسجدوں سے جوڑیں۔ ذیلی تنظیموں کے پروگرام میں شامل کریں۔ ذیلی تنظیموںکی بھی یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ اپنے ممبران کو جماعت کے ساتھ مضبوطی سے جوڑ دیں۔احمدیت کی تعلیمات سے اپنے اعمال کو مزین کریں اورشیطان کے حملوں سے خود بھی بچیں اوراپنے اہل وعیال کو بھی بچاکررکھیں۔اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں فرماتاہے :
یٰٓاَیُّھَاالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْا اَنْفُسَکُمْ وَ اَھْلِیْکُمْ نَارًا۔
یعنی اے مومنو! اپنے اہل کو بھی اوراپنی جانوں کو بھی دوزخ سے بچاؤ ۔(سورۃ التحریم۔آیت نمبر6)
پس ہم نے جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ماناہے تو اس وجہ سے کہ اس زمانے میں مسیح موعود کے ذریعہ شیطان کے ساتھ آخری جنگ ہے ۔یادرکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی مدداوراس کے آگے جھکنے کے بغیر شیطان کے حملے سے بچنا ممکن نہیں ہے ۔پس اللہ تعالیٰ کی مدد تلاش کرو۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہمیں نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
‘‘عزیزو!! خدائے تعالیٰ کے حکموں کو بے قدری سے نہ دیکھو۔موجودہ فلسفہ کی زہرتم پر اثرنہ کرے ۔ایک بچے کی طرح بن کر اس کے حکموں کے نیچے چلو۔نمازپڑھو،نماز پڑھو کہ وہ تمام سعادتوں کی کنجی ہے۔اور جب تو نمازکے لیے کھڑاہوتوایسانہ کر کہ گویارسم اداکررہاہے بلکہ نمازسے پہلے جیسے ظاہروضو کرتے ہو ایساہی باطنی وضوبھی کرو ۔اوراپنے اعضاء کو غیراللہ کے خیال سے دھوڈالو۔تب تم دونوں وضوؤں کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ اور نمازمیں بہت دعاکرو اور رونا اور گڑگڑانا اپنی عادت کرلو تاتم پر رحم کیا جائے ۔سچائی اختیارکرو، سچائی اختیارکروکہ وہ تمہیں دیکھ رہاہے ۔’’
(ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد 3صفحہ 549)
پس اللہ تعالیٰ کے تمام حکموں کو قدرکی نگاہ سے دیکھیں اورنیکی اورروحانیت میں ترقی کے لیے ہردم کوشاں رہیں۔ دیکھیں اللہ تعالیٰ کا ہم پر کس قدر احسان ہے کہ جہاں معاشرہ شیطانی محرکات سے بھراپڑاہے وہاں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی پیاری جماعت کو ایم ٹی اے کا ایسابابرکت ذریعہ عط افرمایا ہے جو شیطان کے حملوں سے بھی بچاتاہے اورروحانی ترقی کے سامان بھی کرتاہے ۔اللہ تعالیٰ نے ایم ٹی اے کو خلافت سے جماعت کا تعلق جوڑنے کا ذریعہ بنایاہے ۔ اگرگھروں میں آپ لوگ اس طرف توجہ نہیں دیں گے تو آہستہ آہستہ آپ کی اولادیں پیچھے ہٹنا شروع ہو جائیں گی۔پس اس سے پہلے کہ پچھتاوا شروع ہو جائے اپنے آپ کو خلافت کے ساتھ جوڑیں ۔کم ازکم اس کے ذریعہ خطبات تو ضرورسناکریں۔
ہماری جماعت میں اجتماع اور جلسے روحانی اور دینی تربیت کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں ۔نمازباجماعت، درسوں اورتقاریر کا خاص اہتمام کیاجاتاہے ۔اس بابرکت موقعہ سے بھرپورفائدہ اٹھائیں ۔عملی اصلاح اور اہل وعیال کی تربیت پر خاص توجہ دیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنی جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
‘‘خداتعالیٰ چاہتاہے کہ عملی راستی دکھاؤ تاوہ تمہارے ساتھ ہو۔رحم ،اخلاق ، احسان ،اعمال حسنہ ،ہمدردی اور فروتنی میں اگرکمی رکھو گے تومجھے معلوم ہے اورباربارمیں بتلاچکاہوں کہ سب سے اول ایسی ہی جماعت ہلاک ہوگی۔موسیٰ علیہ السلام کے وقت جب اس کی امت نے خداتعالیٰ کے حکموں کی قدرنہ کی توباوجودیکہ موسیٰ ان میں موجودتھا مگرپھربھی بجلی سے ہلاک کیے گئے۔’’
(ملفوظات جلد 4صفحہ 112)
آجکل میں خطبات میں صحابہ کی سیرت بیان کررہاہوں اسی لیے کہ ہمارے سامنے وہ نمونے آجائیں جن کے بارے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاہے کہ میرے صحابہ جوہیں یہ ستاروں کی مانند ہیں ،جس کے پیچھے بھی چلوگے وہ تمہیں صحیح رستے کی طرف لے جائے گا۔
اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم بیعت کا حق اداکرتے ہوئے اپنے اندرپاک تبدیلیاں پیداکرنے والے بنیں تاکہ اللہ تعالیٰ کے ان فضلوں کے وارث بنیں جن کا وعدہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کیاہے ۔آمین
والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس