از مرکز

سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے شعبہ وقفِ نو مرکزیہ (یو کے) کی ویب سائٹ کا اجرا

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

www.waqfenauintl.org

اس ویب سائٹ کی صورت میں دنیا بھر میں بسنے والے واقفینِ نَو کو خلفائے کرام کے ارشادات و ہدایات بروقت اور ایک ہی جگہ میسّر ہوں گے

(مسجد مبارک، اسلام آباد06؍ دسمبر2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن) سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے دستِ مبارک سے شعبہ وقفِ نو کی ویب سائٹ کا اجرا فرمادیا۔ حضور انور نے خطبہ جمعہ کے دوران اس ویب سائٹ کے اجرا کا اعلان فرماتے ہوئے اس کا مختصر تعارف بھی بیان فرمایا۔

حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نمازِ جمعہ و نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد دو بج کر 12 منٹ پر مسجد کے دروازے کے پاس رونق افروز ہوئے جہاں اندرونی جانب ویب سائٹ کے اجرا کے لیے سکرین نصب کی گئی تھی۔ حضور پُر نور نے اپنے دستِ مبارک سے سکرین کو مسّ فرماکر ویب سائٹ کا اجرافرمایا۔ حضورِ انور نے کچھ دیر اس ویب سائٹ کو ملاحظہ فرمایا اور پہلو میں موجود لقمان احمد کشور(انچارج شعبہ وقفِ نومرکزیہ) اور مشرف احمد (مربی سلسلہ شعبہ وقفِ نَو) سے اس کے بارے میں معلومات لیں۔ بعد ازاں حضورِ انور اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔

قدرتِ ثانیہ کے چوتھے مظہر حضرت مرزا طاہر احمد خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے 3؍اپریل 1987ء کو اِذنِ الٰہی سے احمدی والدین کو اپنے بچے پیدائش سے پہلے خدا تعالیٰ کی خاطر وقف کرنے کی تحریک کا اجرا فرمایاتھا۔ اس بابرکت تحریک کا نام حضور رحمہ اللہ نے تحریک وقف نو رکھا۔ حضور رحمہ اللہ نے والدین کو اس بات کی تحریک فرمائی کہ والدین واقفین نو بچوں کی ایسے انداز میں تربیت کریں کہ بڑے ہوکر یہ جماعت احمدیہ مسلمہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ہوں۔

آغاز میں یہ تحریک صرف دو سال کے لیے تھی، پھر چار سال کے لیے بڑھادی گئی اور پھر حضور رحمہ اللہ کی ہدایت پر یہ تحریک مستقل شکل اختیار کرگئی۔ چنانچہ آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہزاروں بچے اور بچیاں اپنے امام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس انقلاب انگیز تحریک میں شامل ہیں۔

اس ویب سائیٹ کی تیاری پر گذشتہ کچھ عرصے سے شعبہ آئی ٹی (ایم ٹی اے) کے تعاون سے کام جاری تھا جو بفضل اللہ تعالیٰ آج ایک اہم سنگِ میل کو پہنچ چکا ہے۔ دنیا بھر میں بسنے والے واقفینِ نَو جہاں اس ویب سائیٹ کے توسّط سے کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تازہ بتازہ ہدایات و رہنمائی اور ارشادات سے فیض یاب ہو سکیں گے وہاں تحریکِ وقفِ نَو کا تعارف، واقفینِ نَو کی ذمہ داریاں، واقفینِ نَو کی کیریئر پلاننگ، واقفینِ نَو کے تعلیمی و معلوماتی دورہ جات کی رپورٹس، اور ورک ایکسپیرینس وغیرہ کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔ مزید برآں واقفینِ نَو کی سہولت کے لیے وقفِ نَو کا نصاب بھی اس ویب سائیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔اس ویب سائیٹ کے ذریعہ واقفینِ نَو دفتر وقفِ نو مرکزیہ (یو کے) سے رابطہ کر کے معلومات و رہنمائی بھی حاصل کریں گے۔

اس ویب سائیٹ پر سیکرٹریان وقفِ نَو کے لیے ہدایات موجود ہونے کے ساتھ ساتھ ایسے والدین کے لیے جو اپنے بچوں کو (قبل از پیدائش) وقف کرنے کی خواہش رکھتے ہوں حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں بھجوائی جانے والی تحریری درخواست کا نمونہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ وقفِ نَو مرکزیہ کی طرف سےنکالے جانے والے رسائل ‘اسماعیل’ اور ‘مریم’ بھی ڈیجیٹل صورت میں یہاں موجود ہیں۔

ویب سائیٹ میں لگائے گئے Resources کے عنوان کے تحت مختلف ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں واقفینِ نَو کی اپنے آقا حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز کے ساتھ ہونے والی کلاسزکے مختلف حصے (clips) موجود ہیں جن میں سے ہر ویڈیو معلوماتی اور خاص دل چسپی کی حامل ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام واقفینِ نَو کو اس ویب سائیٹ سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور تمام واقفینِ نَو حضورِ انور کی منشائے مبارک کے مطابق اپنے وقف کے مقاصد کو پورا کرنے والے ہوں۔ آمین

(رپورٹ: احسن مقصود، مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل لندن)

متعلقہ مضمون

تبصرے 6

  1. ما شا اللہ بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالی یہ ویب سائٹ جماعت کے لئے واقفین و واقفات نو کے لئے اور ہم سب سیکٹریان کے لئے ہر لحاظ سے باعث با برکت بنائے اور اس سے کما حقہ استفادہ کی توفیق عطا فرمائے۔ نیز محترم لقمان کشور صاحب کو اور آپ کی ٹیم کو ان تمام کاوشوں ںپر اللہ تعالی بہترین جزا دے۔ آمین

    1. 6 دسمبر 2019 ء کو بعد نماز جمعہ خلیفة المسیح الخامس اید الللہ تعالٰی بنصر العزیز نے وقف نو کی ویب سائیٹ کا افتتاح کر کے جمات احمدیہ عالمگیر کے ناصرف وقف نو کے والدین پر ذمہ داریوں کو بوجھ کم کر کے آسانی فراہم کر دی – بلکہ وقف نو کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیئے بھی تمام ضروری مواد اور تربیتی امور کو یک جا اور یک جگہ کر کے آسانی فراہم کر دی – اللہ تعالٰی جمات احمدیہ کے افراد کو ہر نئی سہولت سے بھر پور استفادہ اصل کرنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے – جماعت کو ترقات عطا فرماتا چلا جائے – آمین ثم آمین –
      خاکسار ناصر کریم از ملائیشیاء 7 دسمبر 2019 ء بروز ہفتہ -وقت صبح 08:05

  2. آج ہی پیاے آقا نے خطبہ جمعہ میں وقف نو کی ویب ساٸٹ کے اجرا کے بارے میں سن کر بہت خوشی ہوٸی اور اب الفضل نے اس تقریب کی پوری تفصیل پیش کر دی جسے پڑھ کر ادارہ الفضل کے لیے دل سے دعا نکلی اللہ تعالٰی ادارہ کی اس کاوش کو قبول فرماے اور واقفین نو کو اس سے کماحقہ استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرماے آمین الحمدللہ میرے بھی چاروں بچے اور دو نواسے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں اس لحاظ سے یہ ویب ساٸت ہماری فیملی کے لیے بہت ہی فاٸدہ مند ہے اللہ تعالٰی شعبہ وقف نو کی اس کاوش کو قبول فرماے اور تمام دنیا کے واقفین کو اس سے استفادہ کرتے ہوٸے پوری طرح خلیفہ وقت کی تواقعات پوری کرتے ہوے خلیفة المسیح ایدہ اللہ تعالٰی بنصرہ العزیز کے سلطان نصیر بناے آمین
    انچارج شعبہ وقف نو اور انکی ساری ٹیم اس کاوش پر مبارک باد کی مستحق ہے

  3. ماشاء اللہ بہت بہت مبارک ہو، واقفین نوبچوں اوربچیوں کے لئے یہ ویب سائیٹ ایک نعمت عظمی سے کم نہیں۔ جس کے ذریعہ ساری دنیاکے الوگ استفادہ کرکے اپنے علم و ہنرمیں اورروحانیت میں ترقی کرسکیں گے۔ اللہ کرے کہ تمام واقین نو اس سے بھرپوراستفادہ کی توفیق پائیں ۔آمین

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button