گیمبیا میں مجلس خدام الاحمدیہ کا ہائی وے پر وقار عمل
اللہ کے فضل سے گیمبیا میں خدام الاحمدیہ نے عوامی مقام پر وقار عمل کیا جس کو عوام و خواص نے خوب سراہا ۔ کے ۔ ایم۔سی میونسپلٹی یا کینیفنگ میونسپلٹی ملک کی سب سے بڑی میونسپلٹی ہے اس میں جماعت احمدیہ کا ہیڈ کوارٹر ٹیلنڈنگ بھی واقع ہے مورخہ 15؍دسمبر 2019ءکو ہائی وے کی صفائی کا پروگرام بنایا گیا ۔ اس سلسلہ میں نصرت جہاں سکیم کے تحت بننے والے پہلے ہائی سکول نصرت سکول کے جنکشن سے لے کر بفر زون تک کے علاقے کو منتخب کیا گیا ۔ یہ سڑک دارالحکومت بانجل کو جاتی ہے اور انتہائی مصروف سڑک ہے۔ کینفینگ میونسپل کمیٹی کو پہلے سے اطلاع دی گئی تھی چنانچہ سرکاری سطح پر مشنیری بھی موقع پر موجود تھی۔ خدام نے عوام کی آگہی کے لیے مختلف بینرز بھی تیار کیے ہوئے تھے تاکہ صفائی کی اہمیت کو عوام جان سکیں اور پورا معاشرہ اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔ بانجل ریجن کے خدام و اطفال کی ایک بہت بڑی تعداد نے صبح نو بجے سے دعا کے ساتھ وقار عمل شروع کیا اور مسلسل چار گھنٹے تک جاری رہا۔ عوام نے اس اقدام کو بڑا سراہا ۔ کئی افراد نے گاڑیوں سے نکل کر تعریفی کلمات کہے اور بعض نے کچھ نقدی بھی پیش کی۔ اس موقع پر موجود سرکاری افسران نے جماعت کا شکریہ ادا کیا ۔ مکرم امیر صاحب نے ان نمائندوں کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ان شاءاللہ یہ کام جاری و ساری رہےگا اور جماعت ملک و قوم کی خدمت کرتی رہے گی ۔ اس وقار عمل سے دس دن پہلے ایک سرکاری ہسپتال میں بھی وقار عمل کیا گیا اور چونکہ وہ بھی عوامی جگہ تھی اس لیے اس کام کو بھی ہر طبقہ نے سراہا ۔ دعا کریں اللہ تعالیٰ اسی طرح جماعت کو خدمات دینیہ کی توفیق عطا فرماتا رہے۔
٭…٭…٭