ادبیات

ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور فارسی ادب (قسط 24)

(محمود احمد طلحہ ۔ استاد جامعہ احمدیہ یو کے)

معارف قرآنی کس کا نام ہے

‘‘ پھر یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ معارف قرآنی صرف اسی بات کا نام ہی نہیں کہ کبھی کسی نے کوئی نکتہ بیان کر دیا۔اس کی تو وہی مثال ہے۔؎

گاہ باشد کہ کود کے ناداں

بغلط بر بدف زند تیرے

نہیں۔ قرآنی حقائق و معارف کے بیان کرنے کے لیے قلب کو مناسبت اور کشش اور تعلق حق اور صدق سے ہو جاتا ہے اور پھر یہاں تک اس میں ترقی اور کمال ہوتا ہے کہ وہ مَا یَنْطِقُ عَنِ الْھَوَیٰ(النجم:4)کا مصداق ہو جاتا ہے۔اس کی نگاہ جب پڑتی ہے ۔صدق پر ہی پڑتی ہے۔اور اس کو ایک خاص قوت اور امتیازی طاقت دی جاتی ہے۔جس سے وہ حق و باطل میں فی الفور امتیاز کر لیتا ہے۔یہاں تک کہ اس کے دل میں ایک قوت آجاتی ہے۔جس کی ایسی تیز حس ہوتی ہے کہ اسے دور سے ہی باطل کی بو آجاتی ہے۔یہی وہ سر ہے جو

لَایَمَسُّہٗ اِلَّا الْمُطَھَّرُوْنَ(الواقعہ:80)

میں رکھا گیا ہے۔’’

(ملفوظات جلداول صفحہ 367-366)

*۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس حصہ میں شیخ سعدی کا ایک شعر استعمال فرمایا ہے جو کہ گلستان سعدی کے تیسرے باب میں ایک طویل حکایت کے آخر پرموجود ایک قطعہ میں ہے۔ قطعہ مع حکایت حسب ذیل ہے۔

حکایت: ایک دفعہ فارس کا ایک بادشاہ اپنے دوستوں کے ساتھ شیرا ز کی عیدگاہ میں سیر کرنے کے لیے گیا۔ اس نےاپنی قیمتی نگینہ والی انگوٹھی عضدالدین (بادشاہ)کے گنبد پررکھی اورکہا جوشخص اس انگشتری کے حلقہ میں سے تیر گزار دے یہ انگوٹھی اس کو مل جائے گی ۔چار سو (400)ماہر تیر اندازوں نے کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ ایک بچہ جومکان کی چھت پر کھیل میں اِدھر اُدھر تیر پھینک رہا تھا ,ہو ا کے ساتھ اس کا تیر اُدھر آیا اور انگوٹھی کے حلقہ میں سے پا رہوگیا ۔ اس طرح اس بچہ نے خلعت اور انعام حاصل کرلیا ۔لوگ بیان کرتے ہیں کہ لڑکے نے تیروکمان جلا دیا۔لوگوں نے کہا تو نے ایسا کیوں کیا؟ بولا تاکہ پہلی عزت برقرار رہے ۔قطعہ

گَہْ بُوَدْکَزْحَکِیْمِ رَوْشَنْ رَای

بَرْنَیْاَیَدْ دُرُسْت تَدْبِیْرِیْ

کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ روشن رائے دانا سے کوئی درست تدبیر نہیں ہوتی ۔

گَاہْ بَاشَدْ کِہْ کُوْدَکِی نَادَان

بِہْ غَلَطْ بَرْھَدَفْ زَنَدْ تِیْرِیْ

کبھی ایسابھی ہو تا ہے کہ نادان بچہ غلطی سے نشانہ پر تیر مار دیتا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button