افریقہ (رپورٹس)

نیشنل سپورٹس ڈے و ریفریشر کورس خدام الاحمدیہ کینیا

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کو جلسہ سالانہ کینیا سے اگلے روز 9؍دسمبر بروز سوموار نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں نیشنل سپورٹس ڈے منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں پورے ملک سے خدام اور اطفال نے حصہ لیا۔ اس پروگرام کے لیے ایک سکول کی گراؤنڈ حاصل کی گئی تھی جہاں والی بال،فٹ بال، لانگ جمپ، ہائی جمپ، رسہ کشی، دوڑ وغیرہ کے مقابلے کروائے گئے۔ ٹیبل ٹینس کےمقابلے احمدیہ ہال میں منعقد ہوئے۔ کھیلوں کے اختتام پر مکرم طارق محمود ظفر صاحب، مربی سلسلہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس سے اگلے روز مورخہ 10؍دسمبر بروز منگل خدام اور اطفال کے چار روزہ ریفریشر کورس اور تربیتی کلاس کا آغاز ہوا جس کا افتتاح مکرم فاروق زید سلمان صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے کیا۔ کلاس ہٰذا میں 24مجالس کے 53خدام اور اطفال نے حصہ لیا ۔ ہر روز پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا اور نماز عشاء تک پروگرام کے مطابق تعلیمی و ورزشی پروگرام جاری رہتے۔ تعلیمی پروگرام کے لیے خدام اور اطفال کو رنرز اور ایڈوانس دو گروپس میں تقسیم کر کے ان کی الگ الگ کلاسیں رکھی گئیں جن میں معلمین کے تعاون سے قرآن کریم، نماز، یسرناالقرآن ، عقائد اور عبادات سے متعلق مسائل پڑھائے گئے اور کلاس کے اختتام پر تمام خدام اور اطفال کا تحریری و زبانی امتحان لیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اطفال اور خدام کو انعامات دیے گئے۔ ایک دن کے لیے خدام کےعہدیداروں کا ریفریشر کورس بھی منعقد کیا گیا جس میں عہدیداروں کو مجلس خدام الاحمدیہ کے دفتری امور سر انجام دینے کی تربیت دی گئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 10؍دسمبر کی شام کو یہ پروگرام بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔الحمدللہ علیٰ ذٰلک

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button