مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی 15ویں سالانہ تربیتی کلاس
249خدام کی شرکت۔ تلقین عمل میں علماء کی تقاریر
(فرانکفرٹ، نمائندہ الفضل انٹرنيشنل)مجلس خدام الاحمديہ جرمني کو گذشتہ چند سالوں سے موسم سرما کي تعطيلات کے دوران اطفال الاحمديہ سے خدام الاحمديہ ميں شامل ہونے والے نوجوانوں کي تربيتي کلاس منعقد کرنے کي توفيق مل رہي ہے۔ اس کلاس ميں شموليت کے ليے پندرہ سال کي عمر کي حد مقرر ہے۔ امسال يہ پندرہويں تربيتي کلاس تھي جو 23تا 29؍دسمبر 2019ء جامعہ احمديہ جرمني کي بلڈنگ ميں منعقد ہوئي جس ميں جرمني بھر سے 249نوجوان خدام نے حصہ ليا۔ ان دنوں جامعہ احمديہ ميں تعطيلات ہوتي ہيں اس ليے يہ کلاس جامعہ کے کلاس رومز ميں منعقد کي جاتي ہے اور خدام کو جامعہ ہوسٹل ميں ٹھہرايا جاتا ہے۔
تربيتي کلاس کے ليے ايک انتظامي ٹيم تشکيل دي گئي تھي جس کے ناظم اعليٰ مکرم توقير بٹ صاحب تھے۔ 22 دسمبر سے طلبہ کي آمد کا سلسلہ شروع ہوگيا تھا۔ 23 دسمبر کو صبح دس بجے کلاس کا افتتاح عمل ميں آيا۔ طلبہ کي سات کلاسز بنائي گئيں جن کے ليے گيارہ اساتذہ مقرر کيے گئے۔ صبح ناشتہ کے بعد سے نمازِ عصر تک طلبہ کو علم کلام، تفسيرالقرآن، تاريخ اسلام، تاريخ احمديت و ديگر علمي مضامين پڑھائے جاتے۔ طلبہ کو گروپس ميں نماز سنوار کر پڑھنے کے عملي طريق سے بھي آگاہي دي گئي۔
شام کو ان خدام کے ليے باسکٹ بال، کرکٹ، ٹيبل ٹينس اور فٹ بال کھيلنے کا انتظام تھا۔ جس کے بعد نوجوانوں کي بادام والے دودھ سے تواضع کي جاتي رہي۔ نمازِ مغرب و عشاء کي ادائيگي کے بعد تلقين عمل کي طرز پر وعظ ونصيحت اور علمي معلومات ميں اضافے کے ليے علمائے سلسلہ کي تقارير اور گفت و شنيد رکھي گئي تھي۔ جس ميں محترم امير صاحب جرمني،مکرم مبلغ انچارج صاحب ، مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمديہ جرمني، مکرم عابدوحيد خان صاحب (انچارج پريس ڈيسک لندن)، مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمديہ جرمني،مکرم امتياز شاہين صاحب اورمکرم ذيشان باجوہ صاحب مربيان سلسلہ شامل تھے۔
29دسمبر کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے اختتامي تقريب مکرم مبارک احمد تنوير صاحب استاد جامعہ احمديہ جرمني کي صدارت ميں شروع ہوئي جس ميں نظامت کے فرائض عزيزم مدبر آسان نے سرانجام ديے۔ تلاوت، عہد و نظم کے بعد کلاس کي رپورٹ پيش کي گئي۔ صاحب صدر نے امتحان ميں اعليٰ پوزيشن حاصل کرنے والے خدام اور گروپس ميں انعامات تقسيم کيے۔ مہمان خصوصي مولانا مبارک احمد تنوير صاحب نے اپني مختصر تقرير ميں توبہ، عبادالرحمٰن، شيطان سے دُور رہنے اور خلافت سے وابستگي اور رہ نمائي حاصل کرنے پر پُراثر تقرير کي۔
صدر خدام الاحمديہ مکرم احمد کمال صاحب نے انتظاميہ کميٹي کے ممبران کا فرداً فرداً نام لے کر شکريہ ادا کيا۔ جس کے بعد اجتماعي دعا ہوئي۔ آخر ميں تمام طلبہ ، اساتذہ اور مدعو کيے جانے والے مہمانان نے ايک ساتھ کھانا تناول کيا۔
٭…٭…٭