جماعت احمدیہ اٹلی کے13ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
تعلیمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےمہمانوں کی شرکت
امسال جلسہ سالانہ کی کل حاضری 369رہی
محض خدا تعاليٰ کے فضل اور احسان کے ساتھ جماعت احمديہ اٹلي کو اپنا تيرہواں جلسہ سالانہ مورخہ 21؍تا 23؍ جون 2019ء بيت التوحيد بولونيا ميں منعقد کرنے کي توفيق ملي۔
امسال افسر جلسہ سالانہ کي خدمات مکرم کاشف کمال صاحب (صدر مجلس خدام الاحمديہ اٹلي )نے سر انجام ديں۔
امسال حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مکرم عبدالمجيد عامر صاحب کو جلسہ سالانہ کے ليے نمائندہ خصوصي مقرر فرمايا۔ جلسہ کے پہلے روز انہوں نے جلسہ سے قبل تمام انتظامات کا تفصيلي معائنہ کيا۔
بعد ازاں ڈيڑھ بجے نماز جمعہ و عصر ادا کي گئيں اور پھر تمام حاضرين نے ايم ٹي اےکے ذريعہ اپنے پيارےامام ايدہ اللہ تعاليٰ کا اسلام آباد، ٹلفورڈ،يوکے سے براہ راست خطبہ جمعہ سنا۔
جلسہ سالانہ اٹلي کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائي کي تقريب سے 5 بجے ہوا۔ مکرم عبد المجيد عامر صاحب نے لوائے احمديت فضا ميں بلند کيا اور اس کے ساتھ ساتھ مکرم عبدالفاطر ملک صاحب نيشنل صدر جماعت اٹلي نے اٹلي کا قومي پرچم لہرايا۔ بعد ازاں اجتماعي دعا ہوئي۔
افتتاحي اجلاس کا آغاز مکرم نيشنل صدر جماعت احمديہ اٹلي کي زير صدارت تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ اس کے بعد حضرت مسيح موعود عليہ السلام کے پاکيزہ منظوم کلام ميں سے چند اشعار پڑھ کر سنائے گئے ۔ بعد ازاں مکرم عطاءالواسع طارق صاحب مربي سلسلہ اٹلي نے پيارے امام حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کا جماعت احمديہ اٹلي کے نام خصوصي پيغام پڑھ کر سنايا۔ جس کا رواں ترجمہ عربي، انگريزي اطالوي،TWI اور بنگلہ زبان ميں کيا گيا اور تمام حاضرين نے اپني اپني زبانوں ميں ہيڈ سيٹ کے ذريعے اس پيغام کو سنا۔ (يہ پيغام الفضل انٹرنيشنل کے شمارہ 20؍ ستمبر 2019ء ميں شائع ہوچکا ہے)
بعد ازاں صدرِ مجلس نے ‘اسلام اور انصاف’ کے موضوع پر قرآن ،حديث اور اسوہ ٔرسول ﷺ کي روشني ميں افتتاحي تقرير اطالوي اور اردو زبان ميں کي۔ دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کي کارروائي کا اختتام ہوا۔
شام آٹھ بجے مکرم نيشنل صدر صاحب جماعت اٹلي نے اطالوي زبان ميں تمام احباب کے سامنےسلائيڈز کے ذريعے حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ کے دورۂ اٹلي سن 2010ء کي مختلف تصاوير پيش کيں ۔ ان تصاوير کو دکھانے کا مقصد احباب جماعت کا خلافت کے ساتھ مزيد تعلق مضبوط کرنا تھا۔ اس سيشن کو تمام احباب نے پوري توجہ اور انہماك سے ديکھا اور سنا اور تمام احباب اپنے پيارے امام کے ليے دعاؤں ميں مشغول رہے۔
بعد ازاں ساڑھے نو بجے نماز مغرب و عشاء ادا کي گئيں جس کے ساتھ جلسہ سالانہ کا پہلا دن اپنے اختتام کو پہنچا۔
جلسہ سالانہ اٹلي کا دوسرا دن
جلسہ سالانہ اٹلي کا دوسرا دن نماز تہجد سے شروع ہوا۔ نماز فجرکي ادائيگي کے بعد درس ديا گيا۔ جلسہ کے دوسرے اجلاس کي کارروائي ساڑھے دس بجے شروع ہوئي جس کي صدارت مکرم ابراہيم اسماعيل صاحب، صدر پين افريقن احمديہ مسلم ايسوسي ايشن اٹلي نے کي۔ تلاوت قرآن کريم مع اردو ترجمہ اور منظوم کلام کے بعد مکرم کاشف کمال صاحب صدرمجلس خدام الاحمديہ اٹلي نے ‘خلافت سےپختہ تعلق کي برکات ’ کے موضوع پر تقرير کي۔ اس کے بعد مکرم مظہر احمد صاحب نيشنل سيکرٹري مال نے ‘اسلام احمديت ميں مالي قرباني کا فلسفہ ’ پر روشني ڈالي۔ اس اجلاس کے اختتام پر قصيدہ حضرت مسيح موعو ؑ ميں سے چند اشعار پڑھے گئے۔
لجنہ سيشن ۔ بروز ہفتہ
لجنہ کے اجلاس کي کارروائي کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے کيا گيا جس کي صدارت نيشنل صدر لجنہ اماءاللہ محترمہ سعادت جبيں صاحبہ نے کي۔ تلاوت اور نظم کے بعد پہلي تقرير ‘باہمي تعلقات کے بارے ميں حضرت مسيح موعود ؑکي زريں نصائح’ کے موضوع پر محترمہ ماہرہ اقبال صاحبہ نے کي۔ دوسري تقرير محترمہ انيقہ صباء صاحبہ نے ‘نمازوں کي اہميت’ کے موضوع پر کي۔ اس اجلاس کي آخري تقرير صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ اٹلي نے کي جس کا عنوان ‘فاستبقوا الخيرات احمدي مستورات کا مطمح نظر’ تھا۔ آخر ميں لجنہ نے مختلف زبانوں ميں ترانے بھي پڑھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد نماز ظہروعصر باجماعت ادا کي گئيں اور نمازوں کي ادائيگي کے بعدجلسہ کے تيسرے اجلاس کي کارروائي کا آغاز ہوا۔ جس کي صدارت مکرم عطاء الواسع طارق صاحب نے کي۔ تلاوت اور نظم کے بعد مکرم شاہد خليل صاحب صدر مجلس انصاراللہ اٹلي نے ‘حصول نجات کے ليے حضرت مسيح موعودؑ کي قيمتي نصائح’کے موضوع پر تقرير کي۔ اس اجلاس کے آخر پر صدر ِمجلس نے ‘عالمي امن اور اتحاد کا نظريہ از روئےاحمديت’اطالوي زبان ميں بيان کيا۔
اس اجلاس کے بعد چار مختلف جگہوں پر گروپس کي صورت ميں ڈيڑھ ڈيڑھ گھنٹے کي دو نشستيں ہوئيں۔
افريقن اقوام کي پہلي نشست ميں اُن کا اجلاس ہوا جس کي صدارت ابراہيم اسماعيل صاحب صدر PAAMAنے کي۔ کھانے کے وقفے کے بعد دوسري نشست ميں پاما(پين افريقن)کے پريذيڈنٹ کا انتخاب مکرم نيشنل صدر صاحب نے کروايا اور مجلس سوال و جواب کي بھي صدارت کي۔
اسي طرح دوسر ي جگہ پر گروپ کي صورت ميں ايک نشست عرب ڈيسک کي ہوئي جس ميں سوال و جواب سميت مختلف موضوعات پر بات ہوئي ، يہ نشست مکرم عبد المجيد عامر صاحب نے عرب دوستوں کے ساتھ کي۔
تيسري نشست بنگلہ ڈيسک کي ہوئي جس ميں کھانے کے وقفے سے قبل ڈيڑھ گھنٹے کي مجلس سو ال وجواب ہوئي، محترم نيشنل صدر صاحب نے سوالات کے جوابات ديے۔ اور اس نشست ميں ايک اٹالين مہمان Prof. Dr. Francesco Zannini (جو کہ بنگالي بولتے ہيں) نے بھي شرکت کي اور اپنے بنگلہ ديش ميں گزرے وقت کے تاثرات بيان کيے۔
چوتھي نشست کھانے سے قبل اٹالين مہمانوں کے ليے اٹالين زبان ميں مجلس سوال و جواب کي تھي جس ميں مکرم عطاءالواسع طارق صاحب نے سوالات کے جوابات ديے۔ اور پھر کھانے کا وقفہ ہوا اوردوبارہ ايک مجلس سوال و جواب احمدي احباب کے ساتھ ہوئي جس ميں تمام حاضرين نے بھرپور شرکت کي اور اپنے علم ميں اضافے کے ليے ذہنوں ميں اٹھنے والے سوالات کے جامع جوابات پا کر اپني علمي پياس بجھائي۔
ان نشستوں کے بعد رات ساڑھے نو بجے نماز مغرب و عشاء ادا کي گئيں جس کے ساتھ جلسہ سالانہ اٹلي کے دوسرے دن کا بھي بخوبي اختتام ہوا۔
جلسہ سالانہ اٹلي کا تيسرا دن
جلسہ سالانہ اٹلي کا چوتھااور آخري اجلاس حسب پروگرام ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔ اس اجلاس کي صدارت مکرم عبدالمجيد عامر صاحب نے کي۔تلاوت قرآن کريم اور اس کے اردو ترجمہ اور حضرت مسيح موعود عليہ السلام کے پاکيزہ منظوم کلام سے اختتامي اجلاس کي کارروائي کا آغاز کيا گيا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب جماعت اٹلي نے پيارے امام حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ کامحبت بھرا پيغام تمام دوستوں کي ياد دہاني کے ليے پڑھ کر سنايااور پھر اس کا اطالوي زبان ميں ترجمہ بھي پيش کيا۔اس کے ساتھ مختلف زبانوں ميں رواں ترجمہ بھي ہوتا رہا۔
تاثرات مہمانان :مکرم نيشنل صدرصاحب جماعت اٹلي نے مختلف مہمانوں کے تاثرات پڑھ کر سنائے اور چند ايک مہمان خود بھي اپني دلي کيفيات بيان کرنے کے ليے اسٹيج پر تشريف لائے۔ ان مہمانان کرام کے نام درج ذيل ہيں:Claudio Pezzoli صاحب (ميئر S.Pietro in Casale )، صدر ريليجن فار پيس اٹلي، کوآرڈينيٹر انٹر ريليجس فورم پارما،ڈاکٹر Semso Osmanovic(سيکرٹري سابقہ مفتئ اعظم بوسنيا)،پروفيسر ڈاکٹر Francesco Zannini (اسلاميات يونيورسٹي آف Vatican)، پروفيسر Vasco Fronzoni (اوريئنتالے يونيورسٹي ناپولي )اور پروفيسر Maria D’Arienzo(ناپولي يونيورسٹي)۔ ان سب نے جلسہ سالانہ اٹلي کے کامياب انعقاد پر مبارک باد دي اور جماعت احمديہ کي طرف سے دنيا بھر ميں خدمت انسانيت کے ليے کي جانے والي بے لوث خدمات کو سراہا۔
اس کے بعد مکرم صدر مجلس صاحب نے اختتامي تقرير کي۔ آپ نے تبليغ کے حوالے سے رسول کريم صلي اللہ عليہ وسلم کا اسوہ ٔحسنہ بيان کيا اور احباب جماعت کو تبليغ کرنے کي طرف توجہ دلائي۔ بعد ازاں اجتماعي دعا ہوئي۔
اس کے بعد گروپ کي شکل ميں ترانے پڑھے گئے۔بعد ازاں مختلف گروپس کي تصاوير ہوئيں۔ پھر دوپہر کے کھانے کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کي گئيں۔ اس کے بعد وقار عمل کيا گيا جس ميں تمام خدام اور انصار نے بھرپورحصہ ليا اور يوں اس روحاني اور برکتوں والے جلسے کا اختتام ہوا۔
اس جلسہ کے موقع پر شعبہ تبليغ اور شعبہ اشاعت کي طرف سے بک اسٹال بھي لگايا گيا جہاں عربي ،اردو اور اطالوي زبانوں پر مشتمل کتب رکھي گئيں جن سے جلسہ کے حاضرين نے خوب استفادہ کيا۔ اس سٹال پر تمام حاضرين جلسہ کي سہولت کے ليے حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ کو دعائيہ خط لکھنے کا انتظام بھي کيا گيا تھا۔ اسي طرح جلسہ کے تينوں ايام ميں خدام نے سيکيورٹي اور پارکنگ کا عمدہ انتظام کيا، مختلف ہدايات دينے کے ليے جگہ جگہ پر بورڈ آويزاں کيے گئے، جلسہ گاہ ميں بھي اطفال نے آب رساني کي ذمہ داري نہايت مستعدي سے ادا کي۔ اسي طرح تمام شعبہ جات نے اپني ذمہ داري کے مطابق بھرپور خدمت کي توفيق پائي۔ پھر جلسہ کي کارروائي جہاں کيمرے کي آنکھ سے محفوظ کي گئي وہاں ساتھ ہي براہ راست يوٹيوب پر بھي نشر کي گئي۔
اللہ تعاليٰ کے فضل سے امسال جلسہ سالانہ کي کل حاضري 369رہي جس ميں مرد حضرات کي تعداد 242، اسي طرح خواتين اور بچے 127 اور اطالوي مہمانوں کي تعداد 11 تھي۔
اللہ تعاليٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو ہميشہ اپني رضا کي راہوں پر چلائے اور اپنے فضلوں کا وارث بنائے۔ آمين
(رپورٹ: مصباح الدين اور کاشف کمال)
٭…٭…٭