جماعتِ احمدیہ مالٹا کے زیرِ انتظام خدمتِ انسانیت کے تین پروگرام
معذور افراد کی دیکھ بھال اورنشے میں مبتلا لوگوں کا علاج کرنے والے ادارے میں تحائف کی تقسیم نیز معمّر افراد کے لیے خصوصی دعوت کا اہتمام
خدائے تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالٹا کو ماہِ دسمبر میں خدمت انسانیت کے تین پروگرام کرنے کی توفیق ملی جو کہ اسلام احمدیت کی تبلیغ کا نہایت اہم ذریعہ ثابت ہوئے اور ملک بھر میں لوگوں نے اسلام احمدیت کی ان خدمات کو بہت سراہا اور گھر گھر میں احمدیت کی انسان دوستی اور محبت سب کے لیے ، نفرت کسی سے نہیں کا پیغام پہنچا۔ فالحمد للہ علیٰ ذلک
معذور افراد میں تحائف کی تقسیم
مورخہ 18؍دسمبر 2019ء کو مالٹا میں معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے ایک فلاحی ادارے Dar il-Kaptanکو جماعتی وفد نے وزٹ کیا اور وہاں پر موجود افراد کے لیے پچاس تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔
نشے سےنجات کے لیے زیرِ علاج افراد میں تحائف کی تقسیم اور مؤثر گفتگو
اسی طرح ایک فلاحی تنظیم Caritas Malta کے زیر انتظام منشیات کے عادی لوگوں کے لیے بنائے گئے Therapeutic سینٹر کو وزٹ کرنے، وہاں لوگوں سے ملنے اور انہیں پچاس پیکٹس بطور تحفہ پیش کرنے کی توفیق ملی۔ اس سینٹر میں لوگوں کو مختلف گروپس میں رکھا جاتا ہے جن میں عورتوں کا ایک گروپ بھی شامل ہے۔ اس موقع پر مختلف چار گروپس میں تقسیم، منشیات کے عادی لوگوں سے ملنے کا موقع ملا اور انہیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نشہ کے نقصانات، انسانی شرف اور زندگی کو بامقصد بنانے کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کا موقع ملا۔ اس موقع پر انہیں بتایا کہ ہمارا نصب العین ‘محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں’ہے اور ہم بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
اسلامی تعلیمات کے تذکرہ نے سب لوگوں پر بہت مسحور کن اثرات مرتب کیے اور بہت سے لوگ جذباتی ہوگئے اور انہوں نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
خواتین کے گروپ میں بعض مائیں بھی تھیں۔ جب ان سے بات کی اور بطور ماں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی تو ان باتوں نے ان ماؤں کے شعور کو گرمایا اور ان ماؤں نے بھی عہد کیا کہ وہ معمول کی زندگی میں واپس لوٹنے کے لیے پُرعزم ہوئی ہیں۔ ایک ماں نے کہا کہ ان کا اس ادارے میں یہ چوتھا کورس ہے مگر وہ عہد کرتی ہیں کہ یہ آخری کورس ہوگا اور وہ ہمیشہ ہمیش کے لیے منشیات کی لعنت سے چھٹکارا پا کر اپنے بچوں کی پرورش پر تمام ترتوجہ مرکوز کریں گی تاکہ وہ معاشرے کا مفید وجود بن سکیں۔
اس موقع پر اس ادارہ کے ڈائریکٹر مکرم Anthony Gattصاحب اور ان کے ٹیم کی دوسرے ارکان بھی موجود تھے۔ ان سب نے یک زبان ہوکر کہا کہ آج کا یہ وزٹ ہمارے لیے اور اس سینٹر میں مقیم لوگوں کے لیے یقیناً نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نے لوگوں کے چہروں پر مثبت تبدیلی کے نمایاں آثار دیکھے ہیں اور ہم وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ جماعت احمدیہ کا یہ وزٹ، لوگوں میں تحائف کی تقسیم اور ان سے نہایت محبت و اخلاص کے ماحول میں ان کےمسائل پر تفصیل سے بات کرنا ان لوگوں میں جینے کا حوصلہ پیدا کرے گا اور منشیات سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ان کے لیے ممدومعاون ثابت ہوگا۔
اللہ تعالیٰ کرے کہ جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کی یہ خدمت غرباء کی خوشیوں، منشیات میں گھرے لوگوں کی منشیات سے نجات اور اجڑے گھروں کی آبادی کا باعث بنے، بچوں کو والدین کی محبت نصیب ہو اور جس مثبت پرورش کے وہ حق دار ہیں وہ انہیں میسر آئے۔ آمین
غرباء اور نادار لوگوں کی دعوت
گذشتہ سال نئے سال کے آغاز پر جماعت احمدیہ نے پچاس مستحق افراد کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا تھا۔ امسال اس پروگرام کو وسعت دی گئی اور ایک سو سے زائد ایسے بوڑھے اور نادار Grandparents ، جنہیں ان کے رشتہ دار بہت کم وزٹ کرتے ہیں اور وہ تنہائی میں ان ایام کو گزارتے ہیں، کے لیے مؤرخہ 29 دسمبر کو ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ احمدی مردوخواتین نے اپنے گھروں میں نہایت لذیذ اور پرتکلف کھانے تیار کیے اور خدمت انسانیت ہمارا شیوہ کا عملی نمونہ پیش کیا۔
اس موقع پر مالٹا میں رومن کیتھولک چرچ کے نمائندے مکرم پادری Charles Cordinaصاحب نے خصوصی طور پر شرکت کی اور وہ جماعت احمدیہ کی اس بے لوث خدمت انسانیت سے بہت متاثر ہوئے اور کہنے لگے کہ جماعت احمدیہ ہمیشہ ہی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوتی ہے اور آ ج مجھے ذاتی طور پر اس پروگرام میں شرکت کرکے اس کے ذاتی مشاہدہ کا موقع ملا ہے۔ اس موقع پر خاکسار کو مختصر خطاب کرنے کی توفیق بھی حاصل ہوئی جس کا حوالہ دیتے ہوئے پادری صاحب نے بیان کیا کہ یہ تعلیمات اور جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کی عملی تصویر یقینا ًقابل تحسین ہے اور یہ لوگوں کی خوشی اور تسکین کا باعث ہوگی۔
تمام لوگ بہت زیادہ خوش تھے اور انہوں نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں کہ اللہ تعالیٰ کا سایہ رحمت ہمیشہ جماعت پر رہے۔
مالٹا کے نیشنل ٹیلیویژن اورون نیوز مالٹا نے اس پروگرام کی خصوصی کوریج کی اور رات کے خبرنامہ میں اسے خصوصی جگہ دی اور نہایت اچھے الفاظ میں جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کا تذکرہ کیا۔انہوں نے اپنی ویب سائیٹ پر بھی اس خبر کو شائع کیا۔ دونوں ٹیلیویژن چینلز پر نشر ہونے والا خبرنامہ مالٹا کے تقریبا ًہر گھر میں دیکھا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کی خدمت انسانیت کے یہ پروگرام عملی تبلیغ کے سانچے میں ڈھل کر مالٹا کے ہرگھر تک پہنچے اور لاکھوں لوگوں کے دل و دماغ پر مثبت اثرات نقش کرنے کا باعث بنے۔ فالحمدللہ علیٰ ذلک
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعتِ احمدیہ مالٹا کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں خدمتِ انسانیت کے کاموں کو کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
٭…٭…٭