نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب 26؍نومبر اور 28؍نومبر 2019ء

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ26؍نومبر2019ء کونمازظہرسےقبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدمبارک (اسلام آباد،ٹلفورڈ،یوکے)کے باہر تشریف لا کر مکرم میاں محمد عبد الغفار صاحب (ایپسم۔یوکے)کی نمازِ جنازہ حاضر اورکچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

مکرم میاں محمد عبدالغفار صاحب (ایپسم۔یوکے)

23 نومبر 2019ء کو 62 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت میاں عبد الرحمٰن صاحب کے بیٹے اور حضرت میاں نظام الدین صاحب کے پوتے تھے۔لاہورسے 1958 ء میں یوکے آئے ۔مرحوم نمازوں اور چندہ کی ادائیگی میں باقاعدہ ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں دوبیٹیاں اور دو بیٹے اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرمہ فضیلت بی بی صاحبہ(ناصرآباد فارم۔سندھ)

26؍اگست 2019ء کو 72؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ پیدائشی احمدی تھیں۔خلافت سے وفا کا تعلق تھا۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ ، ہمدرد ، اللہ پر توکل کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔آپ مکرم ناصر احمد منظور صاحب (مربی سلسلہ)کی والدہ تھیں۔

-2 عزیزم سید عمر فاروق صاحب(ڈھل گھیڑ۔ کھاریاں)

9؍اکتوبر2019ء کو 19سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم نے مجلس خدام الاحمدیہ میں بطور ناظم اطفال خدمت کی توفیق پائی۔ جماعتی پروگراموں اور وقار عمل میں باقاعدگی سے شریک ہوتے تھے۔بڑوں اور بزرگوں کا احترام کرتے اور ان کی مدد کرتے تھے۔بچپن سے ہی نمازوں کے پابند، تہجد گزار اورصلح جو طبیعت کے مالک تھے۔

-3مکرمہ زینب بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم میر احمد اشرف صاحب(جڑچڑلہ۔انڈیا)

14؍اگست 2019ءکو 72سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ خاندان میں اکیلی احمدی تھیں۔نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، دعاگو، بہت بہادر اور نیک و مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں ۔

-4مکرمہ ساجدہ راشد صاحبہ اہلیہ مکرم راشد کریم صاحب (کریم میڈیکل ہال ۔فیصل آباد)

25؍اکتوبر2019ءکو 72سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نے صدر لجنہ کریم نگر کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔کامیاب داعی الی اللہ تھیں ۔ بہت سی بیعتیںکروانے کی بھی توفیق پائی ۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند،باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی، غریبوں کی ہمدرد، متوکل علی اللہ، چندہ جات میں باقاعدہ ، صابرہ وشاکرہ ایک نیک اور باوفا خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-5 مکرمہ بلقیس اختر صاحبہ(شاہدرہ ٹاؤن ۔لاہور)

31؍اکتوبر2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے اپنے حلقہ میں صدر لجنہ کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ پیشہ کے اعتبار سے ٹیچر تھیں اور ہر کام بڑی محنت سے کرتی تھیں۔بچوں کو ان کے گھروں میں جاکر قرآن کریم پڑھایا کرتی تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ ، مہمان نواز،ہمدرد اور نیک خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم مجیب احمد صاحب مرزا(مربی سلسلہ وٹفورڈ)کی پھوپھی تھیں۔

-6مکرم طاہر احمد محمود صاحب (دارالفتوح غربی ربوہ )

8 نومبر2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ لمبا عرصہ اپنے حلقہ میں ناظم مال انصار اللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔ نمازوں کے پابند، ملنسار،خوش اخلاق ،بڑے بہادر، صابر وشاکر ، سب سے حسن سلوک کرنے والے ایک ہمدرد اور نیک انسان تھے۔خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ خلافت کے بارہ میں متعدد نظمیں بھی کہیں جن میں سے کچھ الفضل میں بھی شائع ہوئیں۔ بچوں کی بہت اچھی تربیت کی ۔ دو بیٹیوں کی واقفین زندگی مربیان سلسلہ سے شادیاں کیں۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں بوڑھی والدہ اور اہلیہ کے علاوہ چھ بچے شامل ہیں ۔آپ کے ایک بیٹے مکرم حافظ لبیب احمد صاحب حافظ قرآن ہیں اور آج کل جامعہ میں زیر تعلیم ہیں ۔

-7 مکرم رانا ناصر احمد صاحب (ہڈرز فیلڈ۔یوکے)

10؍نومبر2019ء کو 70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔جماعت کے لیے بڑی غیرت رکھتے تھے ۔ باوجود مخالفت کے بڑی دلیری سے جماعتی خدمت اور اپنا کاروبار کرتے رہے۔1998ء میں یوکے آگئے ۔مسجد المہدی بریڈ فورڈ کے لیے اپنی حیثیت کے مطابق مالی قربانی کی بھی توفیق پائی ۔نمازوں کے پابند،دعا گو ایک نیک اور مخلص انسان تھے ۔خلافت کے ساتھ والہانہ لگا ؤ تھا۔مرحوم موصی تھے ۔

…………………………………………………………………………

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 28؍نومبر2019ء کونمازظہرسےقبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدمبارک (اسلام آباد،ٹلفورڈ،یوکے)کے باہر تشریف لا کر-1مکرم مرات رحیمو وچ محمد زیانوف صاحب (سابق صدر جماعت کازان تاتارستان۔حال لندن)۔ -2مکرم مبشر احمد صاحب ابن مکرم نذیر محمد صاحب مرحوم(سلاؤ۔یوکے)اور -3 عزیزم جاذب احمد ابن مکرم ڈاکٹر طاہر احمد صاحب (برمنگھم ویسٹ۔یوکے )کی نمازِ جنازہ حاضر اورکچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

-1مکرم مرات رحیمو وچ محمد زیانوف صاحب (سابق صدر جماعت کازان تاتارستان ۔حال لندن)

23 نومبر2019ءکو 81سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔احمدیت سے تعارف آپ کا 1991ء میں ہوا اوراگلے سال 1992ء کے جلسہ سالانہ پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے دست مبارک پر بیعت کی توفیق پائی ۔ جلسہ یوکے سے واپس جاکر آپ نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کو بتایا کہ میں نے احمدیت کو حقیقی اور سچااسلام سمجھ کر قبول کرلیا ہے اور حضور رحمہ اللہ کے خطبات نے میرے اندر ایک نئی روح پھونک دی ہے۔اس لیے میں چاہتا ہوں کہ آپ لوگ بھی اسلام واحمدیت میں داخل ہوجائیں کیونکہ یہی سچا اسلام ہے ۔ آپ کا زان ، تاتارستان کے پہلے مخلص احمدی تھے۔ جلسہ سالانہ یوکے پر بڑی باقاعدگی سے آتے رہے۔ بڑے اعلیٰ پایہ کے آرٹسٹ اور ڈیزائنر تھے۔ چند سالوں سے یوکے میں اپنی بیٹی مکرمہ الفیا خالد غازی صاحبہ کے پاس مقیم تھے۔ جماعت کے نمائندگان اور مربیان کا بہت احترام کرتے تھے ۔ 1992ء میں جب حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے پہلے مبلغ کو کاذان بھجوایا تو آپ نے ان کے ساتھ مل کر جماعت کی رجسٹریشن اور جماعت کے لیے مشن ہاؤس خریدنے کے لیے انتھک محنت کی اور بلا جھجک گورنمنٹ کے آفس میں جماعت کا تعارف کروایا ۔ اپنی گاڑی پر مبلغ سلسلہ کو ہر جگہ تبلیغ کی غرض سے لے کر جاتے ۔اخبارات کے شعبہ سے رابطہ ہونے کی وجہ سے مبلغ سلسلہ کے انٹرویوز شائع کرواتے۔ آپ نے جماعت کاذان میں پہلے صدر کے طور پر لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی۔آپ کو لوکل سنی امام کی طرف سے دھمکیاں دی جاتی رہیں اور امام نے کہا کہ وہ احمدیوں کو کازان سے باہر نکال پھینکے گا لیکن آپ نے کبھی اس مخالفت کی پروا نہیں کی ۔ اس امام کو بعد میں دماغی بیماری ہوگئی اور وہ اس بیماری میں مرگیا اور احمدت کی صداقت پر مہر ثبت کردی ۔ مرحوم ایک سادہ ، مہمان نواز اور ایک درویش صفت انسان تھے ۔ خلافت سے اخلاص ووفا کا گہرا تعلق تھا۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین نواسے نواسیاں شامل ہیں ۔آپ کی اہلیہ محترمہ زیفا صاحبہ چند سال پہلے لندن میں وفات پاگئی تھیں۔

-2مکرم مبشر احمد صاحب ابن مکرم نذیر محمد صاحب مرحوم(سلاؤ۔یوکے)

25؍نومبر 2019ءکو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں چراغ دین صاحبؓ کے نواسےتھے ۔صوم وصلوٰۃ کے پابند،باقاعدگی کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے ، چندہ جات میں باقاعدہ ایک نیک اور مخلص انسان تھے ۔تبلیغ کا بہت شوق تھا۔چلنے میں دشواری کے باوجود پلے کارڈلے کر تبلیغ کا کام کرتے تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دوبیٹے شامل ہیں ۔

-3عزیزم جاذب احمد ابن مکرم ڈاکٹر طاہر احمد صاحب (برمنگھم ویسٹ۔یوکے )

23/22نومبر2019ءکی درمیانی رات کو 18سال کی عمر میں اچانک وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم مکرم ڈاکٹر ولی محمد ساغر صاحب کے پوتے تھے ۔ اسی سال میڈیکل میں ان کا داخلہ ہوا تھا اور آئندہ سال جلسہ سالانہ پر حضورانو ر کے دست مبارک سے ایوارڈ وصول کرنے والے تھے ۔جلسہ سالانہ پر بڑے شوق سے ڈیوٹی دیا کرتے تھے۔ لوکل سطح پر وقار عمل میں بھی حصہ لیتے رہے ۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مکرمہ سیدہ امۃ اللہ فہمیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الحمید صاحب مومن درویش مرحوم(قادیان )

15؍نومبر2019ءکو81سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ حضرت سید شفیق الدین صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار ، دعا گو،منکسرالمزاج، درویش صفت ، صابر ہ وشاکرہ ، مہمان نواز، خدمت دین کے جذبہ سے سرشار ایک بہت نیک سیرت اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور پانچ بیٹے شامل ہیں۔آپ کے دو بیٹوں نے مولوی فاضل کیا ہوا ہے اورسب بچے کسی نہ کسی رنگ میں سلسلہ کی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2 مکرم ڈاکٹر محمد صادق صاحب (ربوہ )

6 نومبر2019ءکو 80سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے جوانی میں بیعت کرکے احمدیت قبول کی۔شاہدرہ لاہور میں صدر جماعت اور زعیم انصار اللہ کے علاوہ ناظم اعلیٰ انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔نہایت شفیق، ملنسار، ہر دلعزیز اور ایک فدائی احمدی تھے۔پنجابی اور اردو زبان کے شاعر بھی تھے ۔آپ کی متعدد نظمیں اخبارات اور رسائل میں شائع بھی ہوئیں۔ایم ٹی اے کے زیر اہتمام ایک مشاعرہ میں بھی حصہ لیا۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور چار بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم احمدعرفان صاحب(مربی سلسلہ)آج کل نظارت اصلاح وارشاد میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ آپ مکرم عبدا لستار خان صاحب(مبلغ سلسلہ کولمبیا)کے بہنوئی تھے ۔

-3مکرم عبد الہادی چانڈیو صاحب(امیر ضلع نوشہرو فیروز۔سندھ )

17 نومبر 2019ء کو 80 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے 1956ء میں اپنے والد حاجی کریم بخش صاحب مرحوم کے ساتھ بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔جوانی سے ہی جماعت کے سرگرم رکن رہے اور مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔جولائی 2016ء سے امیر ضلع نوشہرو فیروز کے طورپر خدمت بجالارہے تھے ۔ نظام جماعت اورخلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔مرکزی نمائندگان اور واقفین زندگی کا بہت احترام کرتے تھے ۔ بہت دلیر اور نڈر انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں ۔آپ مکرم اکرام اللہ بھٹی صاحب(مربی سلسلہ نظارت اصلاح وارشاد مرکزیہ ربوہ)کے خسر تھے ۔

-4 مکرمہ نصرت جہاں صاحبہ اہلیہ مکرم ماسٹر منیر احمد صاحب (چندانوالہ ۔جھنگ)

19 نومبر2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ حضورانور جب جھنگ جیل میں تھے تو آپ رات کو رو رو کر آپ کی رہائی کے لیے دعائیں کیا کرتی تھیں اور کھانا وغیرہ تیار کر کے جیل بھجواتی تھیں۔ جھنگ سے گزرنے والے مرکزی وفود کے لیے بھی اکثر کھانے کا انتظام کیا کرتی تھیں۔ بڑی دعا گو ، صوم و صلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز،بہت مخلص ، فدائی اور ایک نیک خاتون تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button