افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ میں دو نَو تعمیر شدہ مساجد کا افتتاح

(عبد الناصر مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مسجد مبارک۔ نیانگاؤ(Nyangao)

نیانگاؤ جماعت لینڈی (Lindi)ریجن میں واقع ہے جس کا قیام اس وقت ہوا جب تنزانیہ جماعت کے تین افراد، مکرم سلیمان ڈاڈی صاحب ، مکرم عمر مساپانگا صاحب اور مکرم لیچیلا صاحب مخالفت کے بعد ہجرت کر کے یہاں آباد ہوئے۔

شروع شروع میں جماعت کے افراد نے کچی مسجد بنائی اور اس میں نماز پڑھتے رہے۔ جبکہ امسال یہاں کے خدام اور انصار نے پوری کوشش کر کے پختہ مسجد کی تعمیر مکمل کی۔ یہاں کی تجنید 29؍افراد پر مشتمل ہے۔ اس مسجد کی تعمیر کا زیادہ تر خرچ مقامی افراد جماعت نے اپنے طور پر قربانی کر کے کیا، جبکہ مرکز کی طرف سے بھی اس میں مدد فراہم کی گئی۔ مکرم محمود ماٹیپا صاحب(سیکریٹری مال جماعت)نےگراں قدر قربانی کی توفیق پائی۔

مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب امیر و مشنری انچارج تنزانیہ نے 22؍دسمبر 2019ء کو مسجد مبارک نیانگاؤ کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے آپ نے احباب جماعت کو مسجد میں باقاعدگی کے ساتھ نمازبا جماعت ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

مسجد تقویٰ ڈینیمبو(Dinembo)

مکرم امیر صاحب نے اگلے روز مورخہ 23؍دسمبر 2019ء کو ڈینیمبو جماعت میں نو تعمیر شدہ ‘مسجد تقویٰ’ کا دعا کے ساتھ افتتاح کیا۔

ڈینیمبو گاؤں بھی لینڈی ریجن میں واقع ہے۔اس جماعت کا قیام 1978ء کے قریب اس وقت ہوا جب محمد سلوم نامی ایک سعید فطرت دوست دارالسلام مدرسے میں پڑھنے کی غرض سے گئے۔جہاں ان کی ملاقات سلیمان جیلانی صاحب اور چند احمدی خدام سے ہوئی۔ان کی تبلیغ سے آپ احمدیت قبول کر کے واپس اپنے علاقہ ڈینیمبو تشریف لائے اورآپ کی تبلیغ سے گاؤں میں پانچ لوگوں نے بیعت کی۔ اب اللہ کے فضل سے یہاں ایک سو کے قریب احمدی آباد ہیں۔ الحمدللہ۔

یہاں پہلے کچی مسجد قائم تھی، کچھ سال قبل پختہ مسجد کی بنیاد مکرم عابد محمود صاحب نے رکھی جو اس وقت اس علاقہ کے ریجنل مبلغ تھے ۔ احباب جماعت نے انتہائی جذبہ اور دینی محبت سے مسجد کو مکمل کیا۔اس مسجد پر تقریباً 7 ملین شلنگ کی لاگت آئی جس میں سے ایک حصہ مرکز کی طرف سے ادا کیا گیا جبکہ 5؍ملین شلنگز مقامی لوگوں نے خود جمع کیے۔

مکرم امیر صاحب نے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں اس بات کا اظہار کیا کہ مسجداللہ کاگھر ہے اور اس کے دروازے ہر عبادت کرنے والے کے لیے کھلے ہیں چاہے اس کا کسی بھی فرقے سے تعلق ہو ۔اس تقریب میں ڈینیمبو کے تمام سرکاری اور مذہبی عہدیداران نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو خلافت کا سچا خادم بنائے اور ہم مساجد کا حق ادا کرنے والے بنیں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button