نظارت تعلیم قادیان اور احمدیہ مسلم ریسرچ سکالرز کے زیر انتظام منعقد ہونے والی کانفرنس کے لیے حضور انور کا خصوصی پیغام
حضور انور کا خصوصی پیغام
پیار ے شرکاء پی ایچ ڈی ورکشاپ قادیان
السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ
مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ قادیان میں ایک ورکشاپ منعقد کی جارہی ہے جس کے شرکاء پی ایچ ڈی کرچکے ہیں یااس وقت کررہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس کا انعقاد ہرلحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے۔ میری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو علم ومعرفت میں ترقی عطا فرمائے۔ آپ کے ذہنوں کو روشن فرمائے اور آپ کو نافع الناس وجود بنائے۔ آمین
اللہ تعالیٰ کا یہ بہت بڑا احسان ہے کہ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ماننے کی توفیق ملی جنہیں اللہ تعالیٰ نے سلسلہ کی ترقی اور متبعین کے علم و معرفت میں کمال حاصل کرنے کی عظیم الشان خوشخبری عطا فرمائی۔ چنانچہ آپ فرماتے ہیں :
’’خدا تعالیٰ نے مجھے بار بار خبردی ہے کہ وہ مجھے بہت عظمت دے گا اور میری محبت دلوں میں بٹھائے گا۔ اور میرے سلسلہ کو تمام زمین میں پھیلائے گا اورسب فرقوں پر میرے فرقہ کو غالب کرے گا۔ اور میرے فرقہ کے لوگ اس قدر علم اور معرفت میں کمال حاصل کریں گے کہ اپنی سچائی کے نور اور اپنے دلائل اور نشانوں کے رُو سے سب کا منہ بند کردیں گے۔‘‘
(تجلیات ِ الٰہیہ۔روحانی خزائن جلد 20صفحہ409)
ہر احمدی کی ذمہ داری ہے کہ وہ علم و معرفت میں کمال حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرے تاکہ اِن آسمانی بشارات کا مصداق بن سکے۔ بے شک آپ اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہیں یا اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن یادرکھیں کہ علم کی کوئی آخری حد نہیں اور ترقی کا سفرکبھی ختم نہیں ہوتا۔ انسان ساری زندگی علم سیکھتا رہتا ہے۔ آپ بھی اپنے علم کو مسلسل بڑھاتے رہیں اور اللہ تعالیٰ سے علم میں اضافے کی دعابھی کرتے رہیں۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے ایک دفعہ فرمایا تھا کہ ریل گاڑی یا جہاز میں بیٹھتے وقت میرے دل میں یہ حرکت ہوتی ہے کہ کاش یہ احمدیوں کے بنائے ہوئے ہوں اوروہ ان کمپنیوں کے مالک ہوں۔
(ماخوذ از تاریخ احمدیت جلد 17صفحہ 101)
آپ کی ان نیک تمناؤں کوبھی اپنے ذہنوں میں مستحضر رکھیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علمی میدان میں ایسے کارنامے سرانجام دیں کہ مسلمانوں کو ان کی کھوئی ہوئی عظمت آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کے غلام ِصادق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے متبعین کے ذریعے واپس مل جائے۔
اللہ تعالیٰ آپ کواس کی توفیق بخشے۔ آپ کو ہر قدم پر اپنی تائیدات سے نوازے اور ایسے کام کرنے کی توفیق بخشے جو بنی نوع انسان کے لیے نفع بخش ہوں۔ اللہ آپ کے ساتھ ہو اور آپ کو آسمانِ احمدیت کے روشن ستارے بنائے۔ آمین
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس