سیرالیون کے کینیما ریجن میں مسجد کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو کینیما ریجن کے گاؤںMano Kotuhun میں ایک مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ مکرم الحاج مولانا نذیر احمد صاحب علی مرحوم کے ذریعہ ہوا جب یہاں ایک مخلص احمدی Pa Aruna Jahمرحوم نے بیعت کی۔ ابتدا میں مقامی جماعت نے اپنی مدد آپ کے تحت یہاں مسجد کی تعمیر شروع کی اور جماعتی طور پر بھی ان کی مدد کی گئی۔ اب ان ابتدائی احمدی کے صاحبزادے محترم Harun Jah صاحب نے 108 ملین لیونز کی رقم سے اس مسجد کی تعمیر نو اور سہولیات میں اضافہ کی توفیق پائی ہے۔ ان سہولیات میں مسجد کی ٹائلز اور سولر سسٹم شامل ہیں۔ مسجد کا کل مسقف حصہ 30×50فٹ ہے اور اس میں 300نمازیوں کی گنجائش ہے۔
افتتاح کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر شیخوتومو صاحب نائب امیر اول کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و مینڈے ترجمہ سے ہوا جو عزیزم اسماعیل کروما نے پیش کی۔ ٹاؤن چیف نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔
مکرم نائب امیر صاحب نے مسجدکا باقاعدہ افتتاح کیا اور حاضرین نے مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ اپنے خطبہ میں مکرم منیر حسین صاحب نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا اور اس گاؤں میں جماعت کی مختصر تاریخ بیان کی۔ حاضرین میں بعض غیر از جماعت احباب بھی شامل تھے۔
اس تقریب میں اس چیفڈم کی بعض نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی اور جماعت کی کارکردگی اور مسجد کی تعمیر کو سراہا۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں مرکزی مبلغین، اساتذہ جامعہ، سرکٹ مشنریز، معلمین، بو اور کینیما ریجن سے آئے خدام، انصار و لجنہ سمیت 350؍افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کے ذریعہ اس علاقہ کو روشن کردے اور یہ نمازیوں سے ہمیشہ آباد رہے۔ آمین