مجلس خدام الاحمدیہ کونگو برازاویل کے ریجن انکائی کا دوسرا ریجنل اجتماع
مکرم محترم یوسف بوکولا صاحب معلم انکائی لکھتے ہیںکہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ انکائی (Nkayi) کو اپنا دوسرا ریجنل اجتماع مورخہ 02؍فروری 2020ء بروز اتوار گاؤں کیوسی میںواقع ‘مسجد طاہر’ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔یہ گاؤں صوبہ Buenza کے ضلع Madingou میں واقع ہے۔
آغاز اجتماع وعلمی مقابلہ جات:اجتماع کا آغاز صبح نو بجے تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ عہد اور نظم کے بعد مکرم Decous Nasirصاحب صدرجماعت کیوسی نے لوکل زبان میں تمام احباب و مہمانان کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔
بعد ازاں مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ نے مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کے قیام کی غرض وغایت اور بطور ممبر مجلس حاضرین کو ان کی ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا۔
مکرم نوید احمد اشرف صاحب مبلغ سلسلہ نے جو پوائنٹ نوار سے تشریف لائے تھے احباب جماعت کوخلافت کی اطاعت اور اجتماع کی غرض وغایت کے متعلق آگاہ کیا۔
اس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں مقابلہ تلاوت قرآن پاک،مقابلہ اذان اور مقابلہ تقریرشامل ہیں۔
ورزشی مقابلہ جات : علمی مقابلہ جات کے بعد خدام اور اطفال کے الگ الگ ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
ان مقابلہ جات میں دوڑ سو میٹر، لمبی چھلانگ اور رسہ کشی شامل تھے۔ موسم انتہائی گرم ہونے کے باوجود تمام گاؤں ہی ان مقابلوں کو قریب سے دیکھنے اور جیتنے والوں کو داد دینے کے لیے جیسے امڈ ہی آیا تھا۔ گاؤں والے چھلانگ اور رسہ کشی جیسے کھیل جو ان کے لیے بالکل نئے تھے اپنی زندگی میں پہلی دفعہ دیکھ کر بہت ہی خوش تھے ۔
تقریب تقسیم انعامات : علمی و ورزشی مقابلہ جات کے انعقاد کے بعد تقریب تقسیم انعامات ہوئی۔ تقسیم انعامات سے قبل مکرم نوید احمد مبلغ سلسلہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ نیز تمام احباب جماعت کو نماز باجماعت کی ادائیگی اور خود کو نظام خلافت سے مضبوطی کے ساتھ جوڑتے چلے جانے کے متعلق بیان کیا۔ اس کے بعد پوزیشن لینے والے اطفال وخدام میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اطفال وخدام کے لیے یہ انعامات زیادہ تر کھیلوں کے لباس اور ان کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر تیار کیے گئے تھے۔ اختتامی دعا کے بعد تمام حاضرین کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
شاملین اجتماع: اجتماع میں گاؤں کیوسی کے علاوہ ملحقہ دیہاتوں اور شہر انکائی سے بھی خدام واطفال نے شرکت کی۔ شاملین کی کل تعداد 278 تھی ۔