متفرق شعراء
اس کی ہر بات میں ہے شاہِ جہاںؐ کا لہجہ
میرے محبوب سے آتی ہے خدا کی خوشبو
اُس کے ہونٹوں پہ سدا حمد و ثنا کی خوشبو
اس کی ہر بات میں ہے شاہِ جہاںؐ کا لہجہ
اس کے ہر فعل میں ہے صدق و صفا کی خوشبو
بولتا ہے یہ کوئی اور زباں سے اُس کی
اس سے مخصوص ہے اک طرزِ ادا کی خوشبو
دل کی آواز پہ وہ یارِ نہاں آتا ہے
پھیل جاتی ہے فضاؤں میں دعا کی خوشبو
ایک نشہ ہے جو بے خود کیے رکھتا ہے مجھے
جب سے دیکھی ہے ان آنکھوں میں حیا کی خوشبو
باغِ احمدؐ میں کھلا ہے گلِ رعنا تازہ
صاف کہتی ہے یہی ارض و سماء کی خوشبو
اس میں رنگین ہوا کارواں سارا اس کا
راہرو بانٹتے ہیں راہنما کی خوشبو
اپنی تائید سے نصرت کی چلائی ہے ہوا
ہر طرف دنیا میں پھیلائی وفا کی خوشبو
سرخ رو ہوتا ہے مولا کی نظر میں بے شک
جو لگا لیتا ہے خوں رنگ حنا کی خوشبو
اس کی تحریرو ں سے یوں لطف لیا ہے میں نے
مجھ میں رچ بس گئی اس ماہ لقا کی خوشبو