حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر3، 31؍ مارچ 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمارکے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 837,115 ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے  41,249 ہیں جبکہ 176,058؍ افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

تاریخ:31مارچ ،منگل،19:00 GMT
نمبر شمار ملک بیماری میں مبتلا افراد فوت شدگان صحت پانے والے
1 امریکہ 176,518 3,431 6,241
2 اٹلی 195,792 12,428 15,729
3 سپین 94,417 8,269 19,259
4 چین 81,518 3,305 76,052
5 جرمنی 68,180 682 15,824
6 ایران 44,605 2,898 14,656
7  برطانیہ 25,150 1,789 135
8 روس 2,337 17 121
9 پاکستان 1,914 26 76

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ ہوسکتا ہے کہ آپ کو تازہ ترین اعداد و شمار نہ دکھا رہا ہو۔)

چین

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کے سوموار کے روز تک 1,541؍ Covid-19 کے ایسے مریضوں  کی دیکھ بھال ہورہی تھی جن میں Covid-19 کی علامات موجود ہیں۔ ان میں سے205؍ دوسرے ملکوں سے آئے تھے۔ (ڈان)

غزہ

Covid-19 کے متعلق لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے ایسے کیک تیار کرکے فروخت کئے جا رہے ہیں جن پر بچوں کی شکل کے کارٹون بنے ہیں اور انھوں نے منہ پر حفاظتی ماسک پہنے ہوئے ہیں۔ (ڈان)

پاکستان

چین پاکستان کی ایک عارضی ہسپتال بنانے میں مدد کرے گا۔

دنیا کے بعض ممالک کی طرح پاکستان بھی ٹرینوں کے ڈبے بطور Isolation Ward استعمال کرنا شروع کر رہا ہے۔ (ڈان)

ایک رپورٹ کے مطابق سندھ کے شہر لاڑکانہ  سے تعلق رکھنے والے  پاکستانی سائنسدان جمیل شیخ نے 5؍ منٹ میں Covid-19 کی تشخیص کرنے والی کٹ تیار کر لی ہے۔

کراچی سے خیبر پختونخواہ۔ رکشے پر

Covid-19 کی وجہ سے کراچی میں رکشہ چلانے والے چاردوست جب بے روزگار ہوئے تو ان چاروں نے فیصلہ کیا کہ رکشہ پر ہی گھر چلے جانا چاہئیے۔ 24؍مارچ کو  کراچی سے شروع ہونے والا یہ 1,700 کلومیٹر سفر27؍مارچ کو شانگلہ میں اختتام پذیر ہوا۔ (ڈان) سفر ہے شرط۔۔۔۔۔

برطانیہ

برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز نے لندن کے Gatwick ایر پورٹ سے اپنی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ (بی بی سی)

برطانیہ کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ  ملک بھر میں گھروں میں رہنے کی ہدایت کا خاطر خواہ فائدہ ہو رہا ہے۔ (بی بی سی)

خواتین کی برطانوی کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں Heather Knight اورSophia Dunkly نے اپنے آپ کو رضاکارانہ طور پر NHS میں خدمت کے لیے پیش کر دیا ہے۔

سپین

سپین کی شہزادی Maria Teresa of Bourbon-Parma دنیا بھر میں کسی بھی شاہی خاندان کی پہلی فرد ہیں جن کی Covid-19 کی وجہ سے ہلاکت ہوئی۔ شہزادی کا انتقال بعمر 86 سال پیرس میں ہوا۔ (سی این این)

اٹلی

اٹلی میں Covid-19 سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کی مدت کو وسط اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی دوران اٹلی میں بیماری سے نجات حاصل کرنے والے افراد کی شرح میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اٹلی میں اب تک Covid-19 سے 63 ڈاکٹرزبھی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مصر

مصر کی آبادی 100 ملین سے زائد ہے اور یہ عرب دنیا  کا سب سے بڑا ملک ہے۔ مصر میں اب تک Covid-19 سے 656؍ افراد متأثر ہوئے ہیں اور41؍ اموات ہوئی ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے تمام تفریحی اور مذہبی مقامات، سکول اور یونیورسٹیاں بند کررکھی ہیں۔

سوموار کی رات کو  مصر کی حکومت نے Giza’s Great Pyramid پر، اظہارِ یکجہتی اور حوصلہ افزائی کے لئے روشنیوں سے ایک پیغام عربی اورانگریزی میں لکھا۔ اس پیغام کا مفہوم یہ ہے: ان سب کا شکریہ جو ہماری حفاظت کر رہے ہیں۔ گھروں میں رہیں اورمحفوظ رہیں۔ (بی بی سی)

فرانس

فرانس میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ (بی بی سی)

امریکہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ  Covid-19 کی انتہا پر امریکہ کے پاس وافر مقدار میں وینٹی لیٹرز دستیاب ہوں گے۔ (بی بی سی)

امریکن ایئرلائن جو دنیا کی امیر ترین فضائی کمپنیوں میں سے ایک ہے نے حالیہ صورتحال کے نتیجہ میں امریکی حکومت سے 12؍ بلین ڈالرز کے امدادی پیکج کی درخواست کی ہے۔ امریکی کانگرس نے گذشتہ ہفتے فضائی کمپنیوں  کی مدد کے لئے 50؍ بلین ڈالرز کا ایک  پیکج منظور کیا تھا جس میں سے آدھی رقم بطور قرض مدد کے لئے دی جائے گی۔ (بی بی سی)

امریکہ میں یو ایس اوپن ٹینس کے ایک سٹیڈیم کو عارضی طور پر350؍ بستروں کے ہسپتال کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ (ڈان)

گذشتہ رات نیویارک کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کو میڈیکل کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایمبولینس کی لائٹ کے رنگوں سے روشن کیا گیا۔ (سی این این)

سیرالیون میں Covid-19 کا پہلا مریض

سیرالیون میں مورخہ 31؍ مارچ کو Covid-19 کا پہلا کنفرمڈ کیس سامنے آیا۔ ایک 37 سالہ مرد میں جو کچھ دن پہلےفرانس سے واپس آیا تھا، اس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

کانگو

کانگو کے سابق  صدر Jacques Joaquim Yhombi-Opango اکیاسی سال کی عمر میں، پیرس میں، Covid-19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے نتیجہ میں  وفات پاگئے۔ وہ1977ءسے1979ء تک ملک کے صدر رہے۔ (بی بی سی)

بھارت

مہاجروں پر جراثیم کش سپرے

گذشتہ دنوں بھارت کی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ حفاظتی لباس پہنے میڈیکل اورفائر فائٹر فورس کے کارکنان لوگوں پر سپرے کر رہے ہیں، یہ لوگ جن پر سپرے کیا جا رہا تھا مزدور مہاجر تھےجوبریلی شہر واپس آرہے تھے۔ جب سے یہ  وڈیو منظرعام پر آئی ہے اسے بہت بار شیئر کیا جا چکا ہے اور لوگوں نے اس طریقۂ کار کی شدید مذمّت کی ہے۔ بھارت میں اس بارے میں تحقیقات ہورہی ہیں۔ (بی بی سی)

ہر ایک گھنٹے بعدسیلفی لیں

جنوبی انڈیا کی سٹیٹ کرناٹیکا میں انتظامیہ نے ان لوگوں کو جنھیں خود ساختہ تنہائی میں رہنے کا کہا گیا ہے، کہا ہے کہ وہ ہر گھنٹے بعد ایک سیلفی لیں ورنہ ان کو اجتماعی قرنطینہ مرکز میں منتقل کردیا جائے گا۔ یہ سیلفیاں ایک خصوصی ایپ کی مدد سے ہر گھنٹہ بعد انتظامیہ کو بھیجنی ہوں گی۔ اس شیڈول میں رات دس سے صبح سات بجے تک کی استثناء ہے۔ (بی بی سی)

بھارت کے ہسپتالوں میں حفاظتی اشیاء کی کمی کے باعث ڈاکٹر برساتیوں اور ہیلمٹس کو حفاظت کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ (ڈان)

یورپ

کافی دن کے مایوس کن حالات کے بعد یورپ میں امید کی کرن نظر آئی ہے جہاں اٹلی اور سپین میں نئے کیسز کی شرح میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ لیکن ان ممالک میں اموات کی تعداد ابھی بھی کافی زیادہ ہے۔ (بی بی سی)

شمالی قبرص میں اس وقت 200 سے زائد شامی تارکینِ وطن سمندر میں پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ Covid-19 کے خدشے کے پیش نظر وہاں کی انتظامیہ نے ان کو ساحل پر لنگر انداز ہونے سے روک دیا اورواپس سمندر کی طرف دھکیل دیا۔ (الجزیرہ)

آسٹریلیا

آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کےغیرضروری طور پرگھروں سے باہرآنے پر پابندی لگا دی ہے۔ اگر کوئی بغیر کسی معقول وجہ کے اپنے گھر سے باہر پایا گیا تواسے چھ ماہ قید یا 11,000؍آسٹریلین ڈالرز کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔ آسٹریلیا میں Covid-19 کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 4,300؍ سے زائد ہے۔

ترکی

ترکی کے صدر طیب اردگان نے  Covid-19 کے متأثرین کی مدد کے لئے اپنی سات ماہ کی تنخواہ عطیہ کی ہے۔ صدر مملکت کی طرف سے تنخواہ عطیہ کئے جانے کے بعد اراکین اسمبلی نے بھی کورونا فنڈ میں رقوم جمع کرادیں۔ (ڈان)

روس

روس میں Covid-19 کے ایک ہی دن میں 500 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دارالحکومت ماسکو سمیت کئی علاقوں میں لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔جبکہ وبا سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والے افراد کے لئے5 سال تک جیل اور پاکستانی 40 لاکھ  روپے تک جرمانے کا قانون بھی منظورکر لیا گیا ہے۔(ڈان)

آپ کا بلڈ گروپ کیا ہے؟

ایک تحقیق جس میں چین سے تعلق رکھنے والے بائیس سو کے قریب کووِڈ-19 کے مریضوں اور لاکھوں صحت مند افراد کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ A بلڈ گروپ والے افراد میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے کا  خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے جبکہ O بلڈ گروپ کے حامل افراد میں یہ خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے۔  اس بارہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔(ڈان)

Covid-19 کی وجہ سے پیدا ہونے والا عالمی معاشی بحران

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ Covid-19 بحران کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی حالات سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک سب سے زیادہ متأثر ہوں گے اور اس نقصان سے نمٹنے کے لئے25 کھرب ڈالر تک کے معاون پیکج کی ضرورت ہوگی۔ (ڈان)

ویکسین

فارماسیوٹیکل کمپنی  Johnson&Johnson کا کہنا ہے کہ  وہ کو شش کر رہے ہیں کہ Covid-19 کی ویکسین کے انسانی طبی تجربات ستمبر کے مہینے تک شروع کر لیں۔ جبکہ یہ ویکسین استعمال کے لئے اگلے سال کے آغاز میں دستیاب ہو سکتی ہے۔ (سی این این)

آپ کو ماسک کی ضرورت نہیں

WHOکی انتظامیہ نے پیر کے روز  لوگوں کو یہ تجویز دی ہے کہ اگر آپ Covid-19  سے بیمار نہیں ہیں اور نہ ہی کسی ایسے شخص کی دیکھ بھال کر رہے ہیں جو بیمار ہے تو آپ کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ (سی این این)

لاک ڈاؤن یا تنہائی میں آپ کیا کرسکتے ہیں؟

آج کل Covid-19 نے دنیا بھر کی حکومتوں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ معاشرتی سرگرمیوں کو محدود کردیں۔ اور خصوصی حالات میں یا تو خود ہی تنہائی میں چلے جائیں یا پھر انتظامیہ آپ کو سب سے الگ تھلگ کر دے گی۔ یہ صورتحال  کافی پریشان کن ہو سکتی ہے، لیکن آپ اس کو اپنے فائدہ کے لئے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

سب سے پہلے تو یہ ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ اس سب کا مقصد کیا ہے؟ آپ اس حالت میں کیوں ہیں؟

اپنے آپ کو مصروف رکھیں، کوئی نیا ہنر سیکھیں۔

اپنے عزیزوں اور دوستوں سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے رابطے میں رہیں۔ اس صورتحال میں وہ آپ کا سب سے بڑا سہارا بن سکتے ہیں۔

ایک روٹین بنائیں۔ آٹھ گھنٹے سونا، آٹھ گھنٹے کام اور آٹھ گھنٹے  فری ٹائم۔ کبھی کبھی روٹین توڑ بھی لیں تو کوئی ہرج نہیں۔

یاد رکھیں کہ یہ سب  عارضی ہے۔ اس کے بعد سب نارمل ہو جائے گا۔

مثبت پہلو دیکھیں، فوائد دیکھیں، زندگی کی چھوٹی چھوٹی باتوں کی اہمیت محسوس ہوگی۔

گوئٹے مالا کی جیلوں میں قید  لوگ، حالات کے پیش نظر حفاظتی ماسک تیار کررہے ہیں۔ ان کا ٹارگٹ ہے کہ وہ 15دن میں5,000ماسک تیار کرلیں۔ اسطرح جہاں وہ خدمت خلق کر رہے ہیں وہیں ایک نیا ہنر بھی سیکھ رہے ہیں جو آئندہ زندگی میں ان کے کام آسکے گا۔

کینیا

کینیا میں موجودہ حالات میں جب کہ چین سے فروزن مچھلی کی آمد کافی مشکلات کا  شکار ہے وہیں اس کا فائدہ مقامی مچھیروں کو ہو رہا ہے اور ان کی تازہ مچھلی کی فروخت میں پہلے کی نسبت  گزشتہ دو ہفتوں میں 40فیصد اضافہ ہوا ہے۔(بی بی سی)

سیرالیون میں مورخہ31؍مارچ کو Covid-19کا پہلا کنفرم کیس سامنے آیا۔ ایک 37سالہ مرد جو کچھ دن پہلے  فرانس سے واپس آیا تھا، میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

COVID-19 کے دوران جماعت احمدیہ فرانس کی تربیتی، ٖتبلیغی وخدمتِ انسانی کاوشیں

انسانی زندگی میں یہ جو ایک موڑ آیا ہے اس میں جماعت احمدیہ فرانس نے بھی خدمات بجا لانے کی توفیق پائی جس کی مختصر سی رپورٹ پیش خدمت ہے۔ ان حالات میں بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے اورخلیفۂ وقت کی رہ نمائی سے جماعت کے خدمت خلق، تربیت اور تبلیغی کام چل رہے ہیں بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے۔

خدمت خلق

٭ ہیومینٹی فرسٹ نے معذور اور تنہا رہنے والے افراد کو جو کسی احمدی کی ہمسائیگی میں تھے اشیائے خورد ونوش مہیا کرنے کا کام کیا۔

٭ ایک کلینک والوں نے جماعت سے رابطہ کیا کہ ہمیں ٹینٹ کی ضرورت ہے تاکہ ہم لوگوں کا COVID-19 کا ٹیسٹ کر سکیں۔ وہ خیمہ جماعت اورخدام الاحمدیہ کے تعاون سے لگایا گیا اور 23؍مارچ سے وہاں پر ٹیسٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ الحمدللہ

٭100 کمبل بے گھر لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔

٭سٹراس برگ میں 220 لوگوں کے لیے اشیاء خورد و نوش اور صابن اور سینیٹائزرز وغیرہ مہیا کی گئیں۔

٭ایک ہائی سکول نے 500 چپس کے پیکٹ دیئے۔ تو وہ بے گھر افراد اور ایک ہسپتال کے عملے میں تقسیم کئے۔

٭لجنہ اماء اللہ نے گھر میں ماسک بنانے شروع کیے ہیں جو کہ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

٭ایپرنے کے خدام نے احمدی احباب کو گھروں میں ہومیوپیتھک ادویات اورسودا سلف مہیا کیا۔

تبلیغی و تربیتی سرگرمیاں

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس میں 5 مبلغین خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ 4 فیلڈ (St Prix، Lyon   Epernay اور Strasbourg) میں ہیں اور ایک امیر صاحب کے دفتر میں۔ نقل وحرکت پر تو پابندی ہےجس کی وجہ سے دورہ جات ہو نہیں سکتے۔ مگر اس دور کی سائنسی ایجادات جو کہ مسیح موعودؑ کی خدمت کے لئے بنائی گئی ہیں کو استعمال کرتے ہوئے حقیقی معنوں میں ان ایجادات کو مسیح کے زیر اثر کیا ہوا ہے۔ آجکل جماعت احمدیہ کے ممبران کی تعلیم و تربیت کے لیے کیا ZOOM ،Teams Microsoft، Skypeاور WhatsApp۔سب استعمال ہو رہے ہیں۔

٭اس لاک ڈاؤن کے دوران 9 جلسہ ہائے یوم مسیح موعودؑ منعقد ہوئے،جن میں 500 سے زائد افراد شامل ہوئے۔

٭16 مارچ سے باقاعدگی سے روزانہ درس ہورہے ہیں۔ جن میں روزانہ 55 سے زائد افراد شامل ہورہے ہیں۔

٭ 64؍ قرآن کریم کی کلاسز ہوئی ہیں۔ دن کے مختلف اوقات میں چھوٹے گروپس بنا کرپڑھایا جاتا ہے ۔ اوسطاً 7 احباب فی کلاس حاضر ہوتے ہیں۔

٭13 ترجمۃ القرآن کلاسز ہوئیں ۔اوسط حاضری 24 فی کلاس۔

٭12 مطالعہ کتب گروپس ہوئے۔8 حاضر فی کلاس۔

٭18؍اطفال و خدام کلاسز ہوئیں۔

٭ 6وقف نو کلاسز ہوئیں۔

٭ Teams Microsoft کے ذریعہ ایک نیشنل عاملہ کی میٹنگ اور ایک تمام لوکل صدران کی میٹنگ ہوئی۔

٭جماعت lyon اور Epernay کی لوکل عاملہ کے اجلاسات ہوئے۔

٭ایک بین المذاہب کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مبلغ انچارج فرانس کو مدعو کیا گیا تھا جس میں 22؍احباب شامل تھے۔

٭Twitter اور email کے ذریعہ 11 احباب سے اسلام اور احمدیت پر بات چیت ہوئی۔

اللہ تعالیٰ اس مشکل وقت میں دنیا بھر میں بے لوث خدمتِ انسانی کرنے والے لوگوں اور تنظیموں کو اجرِ عظیم سے نوازے اور دنیا جلد اس مصیبت سے نجات حاصل کرتے ہوئے اپنی پیدائش کے حقیقی مقاصد پورے کرنے والی ہو۔ آمین (رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫٫

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button